ریسلرشان مائیکل ہر پہلو سے لُطف اندوز

Shaun Micheal

وہ اپنے کیرئیر میں 6 بار ورلڈ چیمپئین بنے او ر مسلسل دو بار رائل رمبل جیت کر رسل مینیاتک براہ راست رسائی حاصل کی

Arif Jameel عارف‌جمیل ہفتہ 18 جولائی 2020

Shaun Micheal
ڈبلیو ڈبلیو ای کے 2 دفعہ ہال آف فیم " مسٹر ریسل مینیا و دِی ہارٹ بریک کیڈ" ریسلرشان مائیکل شہرت کی بلندیوں پر جب مارچ2010ء میں ریسل مینیا 26 کے " دِی اسٹریک بمقابلہ کیرئیر" میچ میں اپنے حریف انڈرٹیکر سے مقابلہ کرنے کیلئے رِنگ میں داخل ہوئے تو کچھ اُداسی کا سماں تھا ۔جسکی حقیقت مقابلے کے اختتام پر اُ س وقت کُھلی جب اسٹوری لائن کے مطابق شان مائیکل نے شکست کے بعد ادارے سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا۔

اُنھوں نے اپنے دور میں تمام بڑ ے مقابلے واعزازت جیتے تھے ۔لہذا اُنھوں نے کہا کہ اُنکے لیئے ریٹائر منٹ کا فیصلہ کر لینا سکون کا باعث تھا کیونکہ وہ اپنی زندگی کے ہر پہلو سے لُطف اندوز ہو چکے تھے۔جس کی جھلک 2015ء میں شائع ہونے والی اُنکی اَپ بیتی"ریسلنگ فار مئی لائف" میں بھی ملتی ہے۔

(جاری ہے)

مائیکل شان ہیکن بوٹم 22 جولائی ، 1965 کو چاندلر،ریاست ایریزونا امریکہ میں پیدا ہوئے۔

والد کا نام رچڑد تھا جن کا فوج سے تعلق تھا اور والدہ کا نام کیرول ۔ بچوں میں سب سے چھوٹے ۔ بھائی رینڈی ، اسکاٹ ، اور بہن شاری اُن سے بڑے تھے ۔ پرورش ایک فوجی گھرانے میں ہونے کی وجہ سے اُنھوں نے ابتدائی برسوں کا کچھ حصہ انگلینڈ کے شہر برک شائر ، ریڈنگ میں بھی گزارہ۔ تعلیمی دور کا آغاز سان انتونیو ،ریاست ٹیکساس ،امریکہ سے ہی ہوا۔والد کے فوج میں ہونیکی وجہ سے مختلف جگہوں پر جانے کا موقع ضرور ملتا لیکن تعلیم اور کھیل کاسلسلہ ٹیکساس کے ہی رینڈولف ایئر فورس بیس پر رینڈولف ہائی سکول میں جاری رکھا اور وہاں سے تعلیم مکمل کرنے کے بعدسدرن ویسٹ ٹیکساس اسٹیٹ یونیورسٹی واقع سان مارکوس، ٹیکساس میں مزید تعلیم حاصل کرنے کیلئے داخلہ لے لیا۔

بچپن میں ہیکن بٹوم کو مائیکل کا نام ناپسند تھا ۔ لہذا اس کے اہلخانہ اور دوست اُنکو شان کہہ کر پکارتے۔ایتھلیٹ بننے کے شوق میں اُنکا کیرئیر چھ سال کی عمر میں اُس وقت شروع ہوا فُٹ بال کھیلنے کا آغاز کیا جلد ہی کپتان بھی بن گئے۔12 سال کی عمر میں اسکول کے ٹیلنٹ پروگرام میں ریسلنگ مقابلوں میں بھی حصہ لینے سے پیچھے نہ رہے اور وہاں کی صلاحیتوں کا اثر جب یونیورسٹی میں جا کر سامنے آیا تو تعلیمی زندگی کو خیر باد کہہ پیشہ وارانہ ریسلر بننے کو ترجیح دینے کا فیصلہ کر لیا۔

شان مائیکل نے1984 ء میں اپنے فیصلے ے مطابق میکسیکن پیشہ ور ریسلر جوس لوتاریو سے تربیت کا آغاز کیااور تربیت کے دوران ہی اپنا رِنگ نام "شان مائیکلز" اپنالیا۔ تربیت حاصل کرنے کے بعد این ڈبلیواے کی طرف سے 16ِ اکتوبر 1984ء کو اپنا ریسلنگ ڈبیو تجربہ کا ر ریسلر آرٹ کریوز کے خلاف کیا۔کامیاب تو نہ ہوئے لیکن اپنے پہلے ہی میچ میں مائیکلز کی کارکردگی نے ریسلر ٹیری ٹیلر سمیت متعدد سابقہ ریسلرز کو متاثر کیا۔

اگلے تین سال مزید معروف اداروں کی طرف سے ریسلنگ کے رِنگ میں زور آزمائی کرتے ہو ئے آخر کا ر1987 ء میں پہنچ تو گئے ڈبلیو ڈبلیوایف/ ای میں لیکن کسی غلط فہمی کی بنا پر صرف 15روز بعد اُنھیں اپنے ٹیگ ٹیم ساتھی مارٹی جینٹی کے ساتھ ادارے سے نکال دیا گیا۔اس ٹیگ ٹیم کا نام " دِی مڈ نائٹ راکرز" تھا جو اے ڈبلیو اے میں مقابلوں کیلئے بنائی گئی تھی ۔

اس ادارے سے شان مائیکل نے قومی سطح پر اپنا ریسلنگ ڈبیو کیا تھا اوریہاں سے ہی شہرت حاصل کر کے اس ہی ٹیگ ٹیم نام سے ڈبلیو ڈبلیوایف/ ای میں قد م رکھا تھا ۔بہرحال وہاں سے نکالے جانے کے بعد ریسلنگ کیلئے پھر اے ڈبلیو اے سے ہی وابستہ ہو گئے۔ شان مائیکل کی منز ل تھی ڈبلیو ڈبلیو ایف /ای پھر وہاں پہنچے ۔ ٹیگ ٹیم کا نام مختصر کر کے رکھا گیا " دِی راکرز" اور 7جولائی1988 ء کو وہ لائیو تھے۔

اُنکی ٹیگ ٹیم نے خواتین اور بچوں میں جلد ہی مقبولیت حاصل کر لی اور پھر دو سال بعددسمبر1991ء میں دونوں ریسلرز نے ایک دوسرے سے راستے جُدا کر لیئے۔ 6 فُٹ 1 اِنچ قد اور102 کلوگرام وزن کے مالک شان مائیکل اُسکے بعد اسٹوری لائن میں ایک ویلن کی حیثیت میں " دِی بوائے ٹوائے" میں سامنے آئے اور یہی وہ 90 ء کی دہائی کے سال تھے جب اُنھوں نے اپنی عُرفیت" دِی ہارٹ بریک کیڈ " رکھ لی اور اپنی ذاتی و ازدواجی زندگی کے اہم دور سے گزرے۔

شان مائیکل نے پہلی شادی28 ِمئی 1986 ء کو ایک امریکن لڑکی تھریسا لین وُڈ سے کی ۔یہ شادی دونوں کے آپسی جھگڑوں کی وجہ سے کامیاب نہ ہو سکی اور کوئی اولاد بھی پیدا نہ ہوئی ۔لہذا1994 ء میں باہمی رضا مندی سے دونوں میں طلاق ہوگئی۔ویسے تواختلافات کی کوئی خاص وجہ اس جوڑے کی طرف سے سامنے نہ آئی لیکن کچھ افواہوں کی باز گشت تھی ۔ ایک تو شان مائیکل کا جُھکاؤ خاتون ریسلرٹمی لین لنچ کی طرف ہو گیا تھا اور دوسرا 80ء کی دہائی میں ڈرگ کی عادت بھی اپنا لی تھی۔

اُنکی دوسری بیوی نے شان مائیکل کے ماضی کے متعلق بھی کچھ اسطرح اظہار کیاتھا کہ اُنکی جوانی اور پیشہ وارانہ زندگی کے آغاز میں اُن سے جو غلطیاں سر زد ہو ئی تھیں اُسکی وجہ سے وہ پریشان رہتے تھے ۔لہذا 2000ء میں اُنکے چھوٹے بیٹے کی پیدائش کے بعد سے وہ اپنے ماضی کی وجہ سے یہ سوچ کر پریشان رہنے لگے کہ کہیں اُنکی زندگی کا اثر اُنکے بیٹے پر منفی انداز میں نہ ہو جائے۔

لہذا اُنھوں نے فوراً اپنی زندگی گزارنے کا طریقہ کا ر بدل لیا۔ جس میں مذہبی رنگ بھی واضح نظر آنے لگا اور یہ بھی دیکھا گیا کہ وہ باقی ریسلرز کی طرح غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے سے اجتناب کرتے ۔ شان مائیکل نے دوسری شادی مارچ1999ء میں " نیٹرو گرل(ریسلنگ مقابلوں سے پہلے ڈانس کرنے والی لڑکی)ریبکا کرچی سے کی جس سے اُنکے ہاں ایک بیٹا اور بیٹی پیدا ہو ئے۔

شان مائیکل90ء کی دہائی میں اپنے ذاتی معاملات میں اُلجھنے کے باوجود ذہنی طور پر اتنے محرک ضرور رہے کہ اپنی جسمانی صلاحیت پر کسی طرح کا دباؤ نہ آنے دیااور ڈبلیو ڈبلیو ای کے اہم ریسلرز میں شمار ہو نے لگے ۔پھر وہ وقت آیا کہ اُنکے ریسلنگ کے مقابلے ادارے کیلئے تاریخی حیثیت اختیار کرتے چلے گئے کیونکہ اُنکے اعلیٰ ترین داؤ پیچ کے آگے بڑے سے بڑا ریسلر یا ٹک نہ پاتا یا اُن مقابلوں کا نتیجہ خونین مقابلوں کی صورت میں سامنے آتا جس میں اُنھیں شکست کے باوجود دادملتی۔

اس دوران پہلی بار 1996ء میں ریسلر بریٹ ہارٹ کو ایک سخت مقابلے کے بعد ہرا کر عالمی چیمپیئن بنے۔ایک مقابلے میں زخمی ہونے کے بعد ان کا مقابلہ رسل مینیا 13 میں بریٹ ہارٹ سے ہونا تھا لیکن اُنھوں نے عالمی چیمپیئن کی بیلٹ سے دستبردار ہونے کو ترجیح دی۔ تندرستی کے بعد وہ ریسلنگ کے رِنگ کی میں واپس آئے تو ریسلراسٹون کو لڈ کے ساتھ اُنکی ٹیگ ٹیم بنائی گئی جس نے ورلڈٹیگ چیمپین شپ بھی جیتنے کا کارنامہ انجام دیا۔

ایک دور ایسا آیا کہ بریٹ ہارٹ اور انڈرٹیکر اُنکے دشمن بن گئے جسکی وجہ مقابلوں میں شائقین کی بڑی دل چسپی رہتی۔ آگے چل کر ادارے نے اسٹوری لائن میں ایک ٹرن لیا اور عالمی چیمپئین شپ کا انقعاد ”ٹرپل تھریٹ“ طرز پر کروا دیا۔ جس میں تینوں ریسلرزشان مائیکل ، بریٹ ہارٹ اور انڈر ٹیکر آمنے سامنے آگئے۔ جس میں بریٹ ہارٹ کو فاتح قرار دیا گیا۔

شان مائیکل اور انڈر ٹیکر نے ریفری کے فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا۔ مقابلہ متنازعہ ہو گیا لیکن فاتح بریٹ ہارٹ ہی کہلایا۔ جس پر ایک بحران کھڑا ہوگیا۔ لیکن نتیجہ تبدیل نہ ہوسکا۔ڈبلیو ڈبلیو ای کی ایک اور تاریخی و طویل خونین ریسلنگ شان مائیکل اور انڈرٹیکر کے درمیان ہوئی دونوں ریسلرز لہو لہان ہوگئے۔ مقابلہ ابھی برابر تھا کہ انڈر ٹیکر کے رِنگ بھائی کین نے اندر آکر بے ایمانی سے اپنے بھائی کو جتوادیا۔

شان مائیکل 1988ء تا 1998ء تک ریسلنگ کے میدان میں رہے اور پھر انجیری کے بعد2002ء میں ادارے کے رِنگ میں واپس آئے اور 2010ء میں ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا۔ اسکے بعد نومبر 2018ء میں کراؤن آف جیول ایونٹ منعقد سعودی عرب میں ایک نمائشی مقابلہ کرتے ہوئے نظر آئے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے پہلے گرینڈ سلیم چیمپئین بنے۔ وہ اپنے کیرئیر میں 6 بار ورلڈ چیمپئین بنے او ر مسلسل دو بار رائل رمبل جیت کر رسل مینیاتک براہ راست رسائی حاصل کی۔

وہ چیمپئین بننے کے بعد“ مسٹر رسل مینیا“ کہلائے۔ 1997ء میں ایک ہی وقت میں یورپی چیمپیئن اور ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئین جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ ریسلنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ٹرپل ایچ کے مد مقابل بھی رہے اور ٹیگ ٹیم جوڑی کی حیثیت میں بھی کئی مقابلے مل کر جیتے۔ شان مائیکل کا سب سے خطرناک داؤ ”سویٹ چین میوزک“ تھا جو وہ اپنی ٹانگ سے حریف کے منہ پر رسید کرتے اور حریف اس زور دار داؤ سے پھر دوبارہ اْٹھ نہیں سکتا تھا۔

شان مائیکل نے اپنے 25سالہ کیرئیر میں قریباً ہر بڑے سے بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ پانچ بارسال کے بہترین ریسلر قرار پائے اور مسلسل دو بارڈبلیو ڈبلیو ای کے بہترین ریسلرز میں شامل رہے۔ ریٹائر منٹ کے بعد بھی ریسلنگ کی دُنیا سے اُنھوں نے رشتہ جوڑ ے رکھا ہے اور بحیثیت ریفری، منیجر اور جج رِنگ میں اپنے فرائض انجام دیتے رہتے ہیں۔

مزید مضامین :