شنواری ہیرو بن گئے ، افغانستان کی سکاٹ لینڈکیخلاف تاریخی فتح

Shinwari Hero Ban Gaye

افغان ٹیم نے ثابت کردیا ہمت اور جذبہ کو نہیں ہرایا جاسکتا سری لنکا نے بنگلہ دیش کو ہراکر کوارٹرفائنل تک رسائی مزید آسان بنالی

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری جمعہ 27 فروری 2015

Shinwari Hero Ban Gaye

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہمت اور جذبے کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ گزشتہ روز ورلڈکپ میں افغان جنگجوؤں نے سکاٹ لینڈکو پسپاکرتے ہوئے پہلا معرکہ سرکرلیا۔ افغانستان کی اس تاریخی فتح میں جہاں سمیع اللہ شنواری نے کلیدی کردار ادا کیا وہیں آخری نمبر پر بیٹنگ کرنیوالے شپور زردران کو بھی کریڈٹ دینا ہوگا اس نے آخری وکٹ پر 19رنز بناکر ناممکن کو ممکن کردکھایا۔ افغانستان کی اس کامیابی میں جذبہ اور ہمت کی بھی جیت ہوئی، افغان کھلاڑیوں نے سکاٹ لینڈ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، گوکہ 210رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹنگ لائن اپ ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی تاہم افغانی کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری۔ سکاٹ لینڈ طویل عرصہ سے کرکٹ کھیل رہا ہے اور ان کے کھلاڑی پورا سال کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مگن رہتے ہیں، جنگ زدہ ملک سے تعلق رکھنے والی افغان ٹیم کے پاس سکاٹ لینڈ کے مقابلے میں محدود سہولیات ہیں لیکن اس کے باوجود افغان ٹیم تعریف کے قابل ہے کہ انہوں نے پہلے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کیا اور پھر میگاایونٹ میں پہلی کامیابی بھی حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

دلچسپ امر دیکھیئے کہ پاکستانی ٹیم ابھی تک ورلڈکپ میں کامیابی کا مزہ نہیں چکھ سکی لیکن افغان ٹیم فتح کا جھومر ماتھے پر سجانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ مڈل آرڈر بلے باز سمیع اللہ شنواری نے سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی اور 96 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، بدقسمتی سے وہ 4 رنز کے فرق سے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ ڈونیڈن میں کھیلے گئے میچ میں افغان بلے باز سمیع اللہ شنواری نے 97 پر 7 وکٹیں گر جانے کے بعد انتہائی عمدہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، انہوں نے ناممکن کو ممکن بناتے ہوئے 96 رنز کی شاندار اننگز افغانستان کو تاریخی کامیابی دلا دی۔ ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور چار چوکے شامل تھے، بدقسمتی سے وہ چار رنز کے فرق سے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں ناکام رہے۔

نیوزی لینڈ کے یونیورسٹی اوول میں کرکٹ کے عالمی کپ کے پول اے کے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر سکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سکاٹ لینڈ نے افغانستان کے خلاف مقررہ 50 اوور میں 210 رنز سکور کئے۔افغان بالروں نے میچ میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم پر دباوٴ برقرار رکھا جس میں شاہ پور زدران نے 4، دولت زدران نے 3، حامد حسن، گلبدین نائب اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے ماجد حق اور میٹ میکن نے 31 رنز بنائے جو ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ سکور تھا۔ اس کے بعد الزڈیئر ایونز نے 28 رنز اور کوٹزر اور بیرنگٹن نے 25 رنز، مومسن نے 23، میتھیو کراس نے 15، گارڈنر نے 5 اور وارڈلو اور ہاروی نے ایک ایک سکور کیا۔ سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 210 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی۔جواب میں افغانستان نے 49.3 اوورز نو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔حامد حسن نے 15 رنز جبکہ شپور زدران نے 12 رنز سکور کیے۔افغانستان کو بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب سمیع اللہ شنواری 96 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے۔شنواری کے آؤٹ ہونے کے بعد افغانستان کی فتح مشکل ہوگئی لیکن شپورزردران نے ہمت دکھائی اور وکٹ پر ڈٹے رہے، زردران نے آخری اوور میں چوکا کر افغانستان کے شائقین کو تاریخی فتح پر جشن منانے کاموقع فراہم کیا، کامیابی ملتے ہی افغان کھلاڑیوں کا خوشی منانے کا انداز بھی دیدنی تھا۔ 

ادھر میلبورن کرکٹ گراوٴنڈ میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے گروپ اے کے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو شکست دیکر کوارٹرفائنل تک رسائی کیلئے مزید راہموار کرلی۔ سری لنکن ٹیم نے بنگلہ دیش کو کھیل کے تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کردیا، توقع کی جارہی تھی کہ بنگالی ٹیم مزاحمت کریگی اور شاید یہاں تک بھی کہا گیا کہ اپ سیٹ بھی ہوسکتا ہے لیکن سری لنکن ٹیم نے کمال حکمت عملی کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور پورے میچ میں کسی بھی لمحے ایسا نہیں لگا کہ بنگلہ دیش کی میچ پر گرفت مضبوط یا سری لنکا کمزور پڑرہی ہے ۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 332 رنز بنائے، دلشان اور کمار سنگاکارا نے بنگلادیشی بولروں کی خوب دھلائی کی اور گراوٴنڈ کے چاروں جانب چوکے چھکے لگاتے ہوئے 210 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، دلشان 146 گیندوں میں 161 رنز کی تباہ کن اور شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آوٴٹ رہے جب کہ سنگاکارا نے بھی 105 رنز ناٹ آوٴٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم کو ایونٹ کے پہلے میچ میں کیویز کے ہاتھوں شکست اور افغانستان کے خلاف فتح حاصل ہوئی تھی۔بنگلہ دیش نے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

مزید مضامین :