سٹون کولڈ سٹیو آسٹن ” آ ۔کپ آف ٹی “

Stone Cold Steve Austin

سٹون کولڈ واحد ریسلر ہیں جنہوں نے 3 دفعہ رائل رمبل 1997ء،1998ء اور2001 ء میں جیتا اور ایک دفعہ رنزاَپ بھی رہے

Arif Jameel عارف‌جمیل ہفتہ 25 جولائی 2020

Stone Cold Steve Austin
آسٹن کی عملی زندگی میں کامیابیوں کا سلسلہ اُنکا ایک منٹ میں فیصلہ کرنا ظاہر کرتا ہے ۔اچانک اشتہار دیکھنا اور ریسلنگ کی تربیت حاصل کر کے ریسلر بن جانا ۔ہالی وُڈ کے اداکار بروس ولز کو گنجا دیکھ کر خود بھی سر منڈوا لینا اور سامنے پڑی ہوئی چائے(آ۔کپ آف ٹی) کو ٹھنڈی ہوتے ہوئے دیکھ کر بیوی کا "اسٹون کولڈ" بولنا اور آسٹن کا فوراً اُسکو اپنا رِنگ نام بنا لینا ۔

لیکن 4شادیوں کے بارے میں اُنکے فیصلے سوچ پر مبنی نظر آتے ہیں جن میں سے 3 شادیاں ناکام ہو گئیں۔پہلی محبت کی ،د وسری پہچان کی اور تیسری واقفیت کی۔ جب پاکستان میں14ِاگست2019ء کو یو م ِآزادی کی سالگرہ کے ساتھ" کشمیر بنے گا پاکستان" کا نعرہ بھی لگایا جا رہا تھا تو اُس دن آسٹن نے بھی پاکستانیوں کو" یوم پاکستان مبارک ہو " کا پیغام بھیج کر پاکستانیوں کا دل جیت لیا۔

(جاری ہے)

آسٹن 18 ِدسمبر 1964ء کو امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں جیمز اینڈرسن اور بیورلی ہیریسن کے ہاں پیدا ہوئے ۔اُنکا خاندانی تعلق انگلش ، جرمن ، آئرش اور سویڈش نسل سے ہے۔ اُنکی والدہ بیورلی ہیریسن اور والد جیمز اینڈرسن کے درمیان اُس وقت طلاق ہو گئی جب اُنکی عمر قریباً ایک سال تھی۔ اُنکی والدہ ٹیکساس کے شہر ایڈنا میں چلی گئیں جہاں آسٹن نے بچپن کا بیشتر حصہ گزارہ۔

پھر اُنکی والدہ نے 1968 میں کینتھ ولیمز کے ساتھ دوسری شادی کرلی اور ٹیکساس کے ہی ایک اور شہر وکٹوریہ آگئیں۔ آسٹن نے طالب علمی کے زمانے میں اپنے سوتیلے والد کی کُنیت اختیار کی اور قانونی طور پر اُن کا نام سٹیون جیمز ولیمز رکھ دیا گیا۔ بعد میں عملی زندگی میں قانونی طور پر اُن کو پھرسٹیو آسٹن سے ہی لکھا اور پُکارا جانے لگا۔ اُنکے تین بھائی ہیں جن کا نام اسکاٹ ، کیون اور جیف ہے ، اور ایک چھوٹی بہن کا نام جینیفر ہے ۔

ایڈنا ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ فٹ بال ، بیس بال ، اور ٹریک میں بھی مہارت حاصل کی اور اس ہی اسکول سے1983ء میں تعلیم مکمل کر نے کے بعد 1984۔85 ء میں وارٹن کاوٴنٹی جونیئر کالج میں فٹ بال اسکالرشپ ملی۔ اس کے بعدیونیورسٹی آف نارتھ ٹیکساس میں فُٹ بال پر مکمل اسکالرشپ ملنے پر فزیکل ایجوکیشن میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا شروع کی۔

لیکن پھر مالی حالات کی وجہ سے نامکمل تعلیم چھوڑ کر مشہور کاروباری ادارے واٹکنز موٹر لائنز کیلئے کام کرنا شروع کر دیا۔ اس دوران ٹیلی ویژن پر مشہور ریسلرجنٹلمین کرس ایڈمز کے ریسلنگ اسکول واقع ڈلاس، ٹیکساس کا کمرشل دیکھا تو زندگی کا رُخ ہی بدل گیا۔اب تھا صرف شوق ریسلر بننے کالہذا پہنچے تربیت حاصل کر نے کیلئے ڈلاس اسپورٹیریم میں۔

تربیت کے دوران چند ریسلنگ اداروں میں ریسلنگ کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے مزید داؤ بیچ بھی سیکھے اور پھر وہاں سے بن کر نکلے پیشہ وارانہ ریسلر۔ آسٹن کا اگلا اہم قدم تھا 1991ء سے 1995 تک ڈبلیو سی ڈبلیو میں جہاں اُنھوں نے "ہینڈ سم مین" اسٹیو آسٹن کے طور پر ایک کامیاب کیریئر کا لطف اُٹھایا ۔ 6 فُٹ 2انچ قد اور 114 کلو گرام وزن کے ساتھ ایک چُست جسم کے مالک آسٹن کا کردار شائقین کے سامنے ایک خوش شکل شخصیت کے طور پر سامنے آیا خصوصاً اُنکے سنہرے بال۔

1995ء میں (ای سی ڈبلیو) سے بھی منسلک رہے اور وہاں سے ایک مختصر مدت کے بعد آخر آسٹن بھی پہنچے اپنی فائنل منزل ڈبلیو ڈبلیو ایف/ای میں اور8 ِ جنوری1996 ء کو " رِنگ ماسٹر" کے نام سے ڈبیو کیا ۔ اگلے سال ہالی وُڈ کی مشہور فلم " پلپ فکشن" دیکھنے کا موقع ملا تو اُس میں آسٹن کو ہالی وُڈ کے مشہور ہیرو " بروس ویلز" کا گنجا پن بہت پسند آیا لہذا اُنھوں نے سوچا بال تو گِر ہی رہے ہیں یہی اسٹائل اَپنا لیتے ہیں اور سر منڈوا لیا۔

آسٹن جن دِنوں ڈبلیو ای ڈبلیو میں اسٹور ی لائن کے مطابق ادارے کے مالک اور انتظامیہ کی نہ مانتے ہوئے اپنی مرضی کر تے ہوئے دیکھے جا تے تھے اور اینٹی ہیرو کی حیثیت میں " بد دماغ اور خونخوار" حیثیت میں نمایاں مقبولیت حاصل کر رہے تھے تو اُنکے اس رویئے نے اُنکو "پوسٹر بوائے" بنا دیا۔ اس پر اُنکے ذہن میں نئے رِنگ نام کے ساتھ اپنا تعارف کروانے کا شوق پیدا ہو ا جو اگلے چند روز میں ہی ایک واقعہ کی وجہ سے پورا ہو گیا۔

اُنکی سابقہ بیوی جینی کلارک نے اُنکو چائے بنا کر دی جو آسٹن کے سامنے پڑی ہوئی ٹھنڈی ہو رہی تھی ۔جس پر بیوی نے کہا کہ آپکی چائے بالکل پتھر کی طرح ٹھنڈی ہونیوالی ہے۔"اسٹون کولڈ کا مطلب" بے حسی بھی ہے ۔لہذا آسٹن کو یہ اصطلاح پسند آئی جو اُنکے رِنگ نام کا حصہ ہی نہیں مستقبل میں بھی باقاعدہ پہچان بن گئی۔ اسٹون کولڈ سٹیو آسٹن کی جب اپنی عملی زندگی میں اُتار چڑھاؤ کا سامنا کر رہے تھے تو اُس دوران اُنکی ازدواجی زندگی بھی اُنکے موڈ کی عکاسی کر رہی تھی۔

چار شادیاں کرنیوالے آسٹن نے پہلی شادی 24 نومبر 1990ء کو اپنی ہائی اسکول کی محبت کیتھرین برہوس سے کی۔لیکن اس شادی سے پہلے آسٹن کی پہچان ریسلنگ کی تربیت کے دوران وہاں پر بھی ایک لڑکی جینی کلارک "لیڈی بلسم" کے نام سے ہو چکی تھی۔لہذا جب کیتھرین سے شادی کے بعد بھی آسٹن کی جینی سے ملاقاتیں جاری رہیں تو پہلی والی تو 7 ِاگست 1992ء کو طلاق لیکر الگ ہوگئی۔

آسٹن بھی شاید اسی انتظار میں تھے تاکہ جینی سے بھی اپنے وعدے وفا کر لیں۔ لہذا طلاق دینے کے چار ماہ بعد ہی 18 ِ دسمبر 1992ء کو جینی سے دوسری شادی کرلی جو اُن سے 5سال بڑی تھی ۔آسٹن کی جینی سے 2 بیٹیاں ہیں: اسٹیفنی اور کیسڈی ۔ 10 ِمئی 1999ء کو آسٹن اور جینی کے درمیان بھی اختلافات کے باعث طلاق ہو گئی ۔آسٹن نے 13ِ ستمبر 2000ء کو اپنے سے 4 سال بڑی واقف پیشہ ورانہ خاتون ریسلر والیٹ ڈیبرا مارشل عُرف کوئین ڈیبرا سے شادی کر لی۔

آسٹن کی یہ تیسری اور ڈیبرا کی دوسری شادی تھی جو بہت ہنگامہ خیز ثابت ہوئی۔دو سال بعد جسکا نتیجہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔ڈیبرا نے ایمرجنسی پولیس بھی کال کی اور آسٹن کی طرف سے کیئے گئے جسمانی تشدد کی رپورٹ بھی کی۔ آسٹن کی گرفتاری عمل میں آگئی اوراُنھیں گھریلو زیادتی کا مرتکب قرار دیا گیا ۔ چند ماہ مقدمہ چلا اور آسٹن کو جرمانے کی سزا سُنائی گئی۔

جسکا نتیجہ بھی 5 ِفروری 2003ء کو ڈیبرا اور آسٹن کی طلاق میں نکلا۔ آسٹن نے اپنی 3شادیوں کی ناکامی کے بعد امریکن خاتون کرسٹن فیریس سے 2009ء میں چوتھی شادی کی لی۔ جس کے بعد اُن کا موقف ہے کہا اُنھوں نے اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں کر لیں ہیں۔ مانا جاسکتا ہے کیونکہ اس شادی کو سب سے زیادہ عرصہ11سال ہو گئے ہیں اور کرسٹین اپنے شوہر آسٹن کے ساتھ مختلف ریڈ کارپٹ اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹس میں شرکت کرتی رہتی ہیں۔

ساتھ میں کیلیفورنیا کے شہر مرینا ڈیل ری میں رہائش پذیر ہیں۔ اسٹون کولڈ کی موسیقی کی دُھن میں رِنگ کی طرف آمد اور وہاں پر موجود شائقین کاشور اُنکے جوش کو ایسا گرما دیتا کہ پھر مد ِمقابل کیلئے اُنکو شکست دینا آسان نہ ہو تا۔مدِمقابل بھی وہ ریسلرز جنکے نام آج بھی ریسلنگ کے پرستاروں کی زبانوں پر ہیں۔اسٹوری لائن کے مطابق چاہے کسی کی بھی ہار جیت پر مقابلہ ختم ہوتا لیکن نام اسٹون کولڈ کا ہی ہوتا۔

کچھ ریسلنگ کے مقابلے متنازعہ بھی رہے جن میں سے ایک رائل رمبل1997ء کاتھا جس میں ریسلر بریٹ ہارٹ کی یقینی کا میابی کو سکینڈوں میں تبدیل کر کے اسٹون کولڈ کے حق میں کر دی گئی۔ ادارے کے مالک میک موہن کے مطابق اسٹون کولڈ اپنے دور کی ریسلنگ کے چند مایہ نازریسلرز کے مقابل شہرت کے حامل تھے ۔بریٹ ہارٹ اُنکے لیئے ٹف رہے اور آسٹن نے راک جیسے ریسلر کو سب سے زیادہ ٹف ٹائم دیا۔

اسٹون کولڈ واحد ریسلر ہیں جنہوں نے 3 دفعہ رائل رمبل 1997ء،1998ء اور2001 ء میں جیتا ہوا ہے اور ایک دفعہ رنزاَپ بھی رہے ہوئے ہیں۔اس سے پہلے1996ء میں کنگ آف دی رِنگ کا خطاب بھی حاصل کیا تھا۔ اُنھوں نے اپنے چودہ سالہ کیریئر کے دوران 19 چیمپین شپ جیتیں ۔ جن میں ڈبلیو ڈبلیو ایف/ای چیمپیئن شپ چھ مرتبہ ، انٹر کونٹی نینٹل چیمپین شپ دو بار ، اور ڈبلیو ڈبلیو ایف ٹیگ ٹیم چیمپیئن شپ چار مرتبہ شامل ہیں۔

ہال آف فیم کا بھی اعزاز حاصل کیا اور سلیمی ایوارڈ بھی 2دفعہ ۔ان کامیابیوں کے دوران اُنھیں ریسلنگ کرتے ہوئے مختلف ادوار میں انجیریز کا بھی سامنا کرنا پڑا جن میں سے اگست1997ء کو گردن کی انجیری اور پھر2003 ء میں گھٹنوں کی تکلیف کی وجہ سے ریسلنگ کو خیر باد کہہ دیا۔ آخری مقابلہ ریسل مینیا 19 میں راک کے ساتھ پڑا جس میں اسٹون کولڈ کو شکست ہوئی۔ ریسلنگ میں کامیابیوں کے دوران اسٹون کولڈ نے اداکاری کے کیرئیر پر بھی توجہ دی اور سب سے پہلے 1998 اور 1999 میں ایک ٹی وی سیریز کی متعدد اقساط میں کام کیا اور اس کے بعد ہولی وڈ کی کئی فلموں میں نظر آئے۔ اُنکی کتاب کا نام ہے " دِی سٹون کولڈ تُرتھ"۔

مزید مضامین :