”ٹونٹی 20ورلڈکپ ، ریکارڈز کے آئینے میں “

T20 World Cup Records

کرس گیل کی50بالوں پر ترین سنچری،یوراج کے ایک اوور میں 6چھکے ہیڈن32چوکے ،عمرگل 13وکٹیں ،بریٹ لی ہیٹ ٹرک کرنیوالے واحد باؤلر ،سلمان بٹ 68گیندیں ضائع کرنے والے اولین بیٹسمین

جمعہ 5 جون 2009

T20 World Cup Records
اعجاز وسیم باکھری: دوسر ے ٹونٹی 20کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز آج یعنی پانچ جون بروز جمعے والے دن سے انگلینڈ میں ہورہا ہے۔انگلش سرزمین پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں کئی ریکارڈز اپنے ٹوٹنے کے منتظرہیں اور بالخصوص اس بار شائقین کو انتظار ہے کہ وہ کونسا بیٹسمین ہے جو دوسرے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سنچری سکور کریگا ،پہلے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں یہ اعزاز ویسٹ انڈین کپتان کرس گیل نے حاصل کیا تھا۔

یہ حقیقت ہے کہ کرکٹ کا کھیل ریکارڈز اور اتفاقات کا کھیل ہے اور موجودہ دور میں کرکٹ اس قدر تیزہوچکی ہے کہ آپ کسی ریکارڈز کے بارے میں یہ حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ یہ نہیں ٹوٹ سکتا ۔کوئی بھی ریکارڈ ہو اس کو توڑنا مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن ناممکن نہیں ،کیونکہ پہلے بھی اُسے کسی کرکٹر ہی نے قائم کیا ہوتا ہے لہذا کوئی بھی ریکارڈ کسی کی بھی دسترس سے دور نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ٹوٹنی 20کرکٹ ڈومیسٹک لیول پر تو آج سے پانچ برس قبل سے کھیلی جارہی ہے تاہم انٹرنیشنل سطح پراس متعارف ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا لہذا اس میں عالمی ریکاڈز بننے کا بھی ایک طویل سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا پہلا ورلڈ کپ جنوبی افریقہ میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی اور پہلے ٹونٹی 20ورلڈکپ میں قائم ہونیوالے ریکارڈ زپر اگر نظردوڑائی جائے تو ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل کی تابڑتوڑ سنچری سب سے نمایاں نظر آتی ہے انہوں نے ورلڈکپ کے افتتاحی معرکے میں میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف محض 50گیندوں پر سنچری بنائی جبکہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ انفرادی 117رنز سکور کرنے کا ریکارڈ بھی تاحال کرس گیل ہی کے پاس ہے جبکہ آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اس لسٹ میں 98رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ورلڈکپ مقابلوں میں تیزترین فیفٹی کا ریکارڈ بھارتی بیٹسمین یوراج سنگھ کے پاس ہےانہوں نے انگلینڈ کے خلاف صرف12گیندوں پرنصف سنچری مکمل کی ۔ایک اننگز میں سب سے زیادہ 10چھکے لگانے کا اعزاز کرس گیل کے پاس ہے۔سب سے طویل ترین پارٹنرشپ کا ریکارڈکرس گیل اور ڈیوین سمتھ کے پاس ہے انہوں نے ورلڈکپ کے پہلے میچ میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 145 رنزبنائے ۔

ورلڈکپ مقابلوں کا سب سے لمبا چھکا مارنے کا ریکارڈ بھارتی بلے باز یوراج سنگھ کے پاس ہے یوراج نے انگش باؤلر سٹیورٹ براڈ کو119میٹر لمبا چھکا لگایا ،ورلڈکپ مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ متھیوہیڈن کے پاس ہے انہوں نے 6میچز میں 265رنز بنائے جبکہ سب سے زیادہ 4نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی ہیڈ ن کے پاس ہے ۔ورلڈکپ مقابلوں میں سب سے زیادہ 13چھکے لگانے کا اعزاز کیوی بیٹسمین برینڈ ن میک کولم کے پاس ہے جبکہ متھیوہیڈن 32چوکوں کے سرفہرست ہیں۔

ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ایک اوورز کی چھ بالوں پر چھ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ بھارتی بیٹسمین یوراج سنگھ کے پاس ہے انہوں نے انگلش باؤلر سٹیورٹ براڈ کے خلاف یہ ریکارڈ قائم کیا ۔بولنگ میں پاکستان کے عمر گل ورلڈکپ مقابلوں میں سب سے زیادہ 7میچز میں 13وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ ورلڈکپ کی بہترین بولنگ کا ریکارڈ کیوی باؤلر مارک گلیسپی کے پاس ہے انہوں نے کینیا کے خلاف سات رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کیں۔

ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی اولین ہیٹ ٹرک کرنے کا ریکارڈ آسٹریلوی باؤلر بریٹ لی کے پاس ہے انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف یہ کارنامہ سرانجام دیا ۔ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے مہنگے ترین باؤلر کا ریکارڈ سری لنکن باؤلر سنتھ جے سوریا کے پاس ہے ،انہیں پاکستان کے خلاف چار اوورز میں 64رنز کھانے پڑے۔ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بطور فیلڈر جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئر کو 6کیچز لینے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ آسٹریلوی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ وکٹوں کے پیچھے 9کھلاڑیوں کو شکار کرنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں ۔

ورلڈکپ مقابلوں میں سب سے بڑا مجموعہ تشکیل دینے کا ریکارڈ سری لنکا کے خلاف پاس ہے ،انہوں نے کینیا کے خلاف 20اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 260رنز بنائے جبکہ کم سے کم مجموعہ کا ریکارڈ کینیا کے پاس ہے ،کینین ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 73کے سکور پر آؤٹ ہوئی۔ورلڈکپ مقابلوں کا سب سے شرمناک ریکارڈ پاکستانی اوپنر سلمان بٹ کے پاس ہے ،انہوں نے بطور اوپنر کھیلتے ہوئے 105گیندوں کا سامنا کیا جن میں سے 68گیندوں پر انہوں نے کوئی رنز بنانے کی کوشش نہیں کی اورسلمان بٹ ورلڈکپ مقابلوں کے واحد اوپنر بیٹسمین ہیں جن کا سٹرائیک ریٹ 70ہے۔شائقین کی جانب سے اس بار بھی سلمان بٹ کی ورلڈکپ کیلئے سلیکشن پر زبردست تنقید جاری ہے ۔

مزید مضامین :