دی الٹی میٹ واریئر "مہلک ہارٹ اٹیک"

The Ultimate Warrior

وارئیر بہت زیادہ "سٹیرایڈ" استعمال کرنیوالے ریسلر کی فہرست میں شامل تھے،1998 ء میں آخری دفعہ ڈبلیو سی ڈبلیو سے معاہدہ کر کے 3 مقابلے کیئے ،نومبر98 ء میں ریسلنگ سے ریٹائر ہو گئے

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعرات 8 اکتوبر 2020

The Ultimate Warrior
ریسلنگ کے رِنگ سے لیکر کومیکس کے ہیرو تک شہرت پانے والے "دِی الٹی میٹ واریئر" کا اصل نام جیمزبرائن ہیل وِگ تھا ۔ وہ 16 ِجون 1959 ء کو شہر کراوفرڈس وِل ریاست اِنڈیانا،امریکہ میں پیدا ہوئے۔ وہ 5بچوں میں سب سے بڑے تھے ۔ جب وہ 12سال کے تھے تو اُنکے والد 57 سال کی عمر میں دِل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے اور والد سے پہلے اُنکے داد ا بھی اسی تکلیف سے 52سال کی عمر میں وفات پا چکے تھے۔

بہرحال حالات کو مد ِنظر رکھتے ہو ئے اُنکی والدہ نے بچوں کی پرورش کیلئے دوسری شادی کر لی اوراپنی ذاتی نگرانی میں بچوں کی تعلیم و تربیت پر نظر رکھی۔اس سلسلے میں وہ اپنے کُنبہ کے ساتھ ویڈرسبرگ منتقل ہو گئیں جہاں پر الٹی میٹ واریئر نے پہلے فاوٴنٹین سینٹرل ہائی اسکول سے تعلیم مکمل کی اور پھر اِنڈیانا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ایک سال تک تعلیم حاصل کی۔

(جاری ہے)

واریئر کو باڈی بلڈنگ کا شوق تھا لہذا 11سال کی عمر میں اسکی ابتدائی تربیت کا آغاز کر دیا۔لیکن ان دنوں وہ اپنے آپکو ایک ایسا بچہ سمجھتے تھے جسکو وقتی طور پر کھیلوں سے کوئی لگاؤ نہیں تھا ۔اس دوران امریکن باڈی بلڈر روبی روبنسن کو دیکھ کر اتنا متاثر ہو ئے کہ پھر کھیلوں میں حصہ لینے کی ٹھان لی ۔پھر سکول سے یونیورسٹی پہنچنے تک اُنھوں نے باڈی بلڈنگ کی تربیت کیساتھ کچھ مقابلوں میں بھی حصہ لیا اور مقامی سطح پر ایک اہم ٹائٹل بھی جیت لیا۔

کیلیفورنیا میں بھی پہچان بنائی جس پر انھیں وہاں کے چند باڈی بلڈرز نے دعوت دی کہ وہ سب ملکر ایک پیشہ وارانہ ریسلنگ ٹیم بناتے ہیں ۔ واریئر نے حامی تو بھر لی لیکن پھر انھوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ وہ عصابی تکالیف کے معالج بننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بہرحال واریئرباڈی بلڈرز کے اس گروپ کا حصہ بن گئے جنہوں نے پاورٹیم یو ایس اے کی حیثیت سے پیشہ ورانہ کشتی میں حصہ لینا تھا۔

آغاز میں اُنھوں نے ریسلنگ کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور پھر تعلیم کو ادھورے خواب کی طر ح چھوڑ کر ریسلنگ کے میدان میں آگئے۔ اُنکی اور اسٹیو بورڈن "جو بعد میں ’اسٹنگ‘ کے نام سے مشہور ہوئے" کی ’دی بلیڈ رنرز‘ کے نام سے ایک ٹیگ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے سی ڈبلیو اے میں ڈبیو کے ساتھ ریسلنگ کا آغاز کیا اور وہاں سے 1986 ء میں یونیورسل ریسلنگ فیڈریشن چلے گئے۔

واریئرنے 1986 ء میں ڈبلیو سی سی ڈبلیو میں شمولیت اختیار کی جہاں اُنھوں نے رِنگ نام " ڈنگو واریئر" اپنایا۔ جہاں لانس وان ایریچ کے ساتھ ایک ٹیگ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے نومبر 1986ء میں ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپین شپ جیتی۔اس ادارے میں چند اور اہم مقابلوں میں جیت کا جھنڈا اُٹھانے کے بعد 1987 ء میں ڈبلیو ڈبلیو ایف/ ای میں "دِی الٹی میٹ واریئر"کے رِنگ نام سے اپنے ریسلنگ کیریئر کے عروج پر پہنچ گئے۔

اُنکا رِنگ نام ،چہرے پر اُسی طرح کا میک اَپ،جسمانی حیثیت میں قد 6 فُٹ 2 اِنچ اور 127 کلو وزن کے ساتھ رِنگ میں اپنے مدِمقابل کو زیر کرنے کیلئے داؤ کا استعمال ،سب قابل ِتعریف تھا۔ واریئر نے بہت اہم ریسلرز سے مقابلے جیتے اور ٹائٹل بھی حاصل کیئے لیکن اُنکے کیریئر میں سب سے اہم ، کلاسیکل اور دلکش میچوں میں سے ایک ” الٹیمیٹ چیلنج “ تھا۔

یکم اپریل 1990ء کو ریسل مینیا 6 منعقد ٹورنٹو،کینیڈا میں ہونے والے اس مقابلے میں ہلک ہوگن ڈبلیوڈبلیو ایف ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ اور دِی الٹی میٹ واریئر انٹرکنٹینینٹل ہیوی ویٹ چیمپئین آمنے سامنے تھے۔ مقابلہ زبردست رہا اور آخری لمحوں میں جب ہلک ہوگن رِنگ میں گرے ہوئے واریئر پر چھلانگ لگا کر گُھٹنے سے ضرب لگانیوالے تھے کہ واریئر اچانک ایک طرف ہو گئے اور ہلک ہوگن کا گُھٹنااس زور سے نیچا لگا کہ پھر وہ اُٹھ نہ سکے اور اب واریئر نے اسکافائدہ اٹھاتے ہوئے اُنھیں چیت کر کے بیلٹ جیت لی۔

اسطرح اُنھوں نے پہلی دفعہ یہ اعزاز بھی حاصل کر لیا کہ بیک وقت دونوں ٹائٹل اپنے نام کر لیئے۔ تاہم پروموشن کے قواعد کے مطابق کوئی بھی ریسلر دونوں ٹائٹلز نہیں رکھ سکتا تھا لہذا واریئر نے انٹرکنٹینینٹل چیمپین شپ خالی کردی۔ واریئر کی ڈلاس ،ٹیکساس کے ایک مشہور ملین ڈالر سیلون میں ملازمت کرنیوالی لڑکی شاری لین ٹائری سے ملاقات ہوئی جو جلد ہی پیار میں بدل گئی اور 2 اکتوبر 1982ء میں دونوں نے شادی کر لی۔

ایک مدت تک واریئر کے ریسلنگ کیریئر میں اُنکی بیوی نے بھرپور ساتھ دیا لیکن پھر اچانک ریسل مینیا7 سے دو دن پہلے 22ِ مارچ 1991ء کو دونوں میں طلاق ہو گئی۔ واریئر نے 31 جنوری 1999 کو دوسری مرتبہ مشہور خاتون ریسلر،ماڈل ڈانا واوٴل سے شادی کر لی جس سے اُنکی دو بیٹیاں ، انڈیانا اور مٹیگان میں پیدا ہو ئیں۔ وارئیر 90 ء کی دہائی میں کچھ عرصہ ہی ریسلنگ کے پیشہ سے منسلک رہے کیونکہ وہ بہت زیادہ "سٹیرایڈ" استعمال کرنیوالے ریسلر کی فہرست میں شامل تھے اور حکومتی صحت کے ادارے نے ایسے اشخاص و کھلاڑیوں کے خلاف مہم چلائی ہوئی تھی ۔

واریئر کو ان حالات میں کئی دفعہ ریسلنگ اداروں سے الگ بھی ہونا پڑا اور پھر1998 ء میں آخری دفعہ ڈبلیو سی ڈبلیو سے معاہدہ کر کے 3 مقابلے کیئے اور پھر اُسی سال نومبر98 ء میں باقاعدہ طور پر ریسلنگ سے ریٹائر ہو گئے۔اُسکے بعد مختلف پرموشنز میں ایونٹس کے دوران نظر آتے رہے ۔ پھر 5 اپریل2014 ء کو اُنھیں ہال آف فیم شامل کیا گیا اگلے دِن ریسل مینیا 30 اور 7 اپریل کو رَا کے مقابلوں میں شرکت کی۔

اگلے دِن8 اپریل 2014 ء کو شام ساڑھے 5بجے ہوٹل میں سے اپنی بیوی کیساتھ کار کی طرف آرہے تھے کہ اچانک انھوں نے اپنے دل پر شدید تکلیف محسوس کرتے ہو ئے ہاتھ رکھ کر دبایا اور وہاں سے فوراً انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں پہنچ کر ڈاکٹرز نے بتایا کہ وہ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اس دُنیا سے رُخصت ہو چکے ہیں۔ میریکوپا کاوٴنٹی میڈیکل ایگزامینر کے ذریعہ موت کی سرکاری وجہ درج کی گئی ہے "ایتھروسکلروٹک / آرٹیروسکلروٹک قلبی امراض۔

" ریسلرایڈی گوریرو کی موت کی بھی یہی وہ وجہ تھی جب وہ نومبر 2005 ء میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔طبی معائنہ کار نے واریئر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید بتایا کہ 8 ِاپریل کو کو واریئرکے "مہلک ہارٹ اٹیک" میں نہ تو منشیات اور نہ ہی الکحل کے استعمال کی کوئی نشاندہی ہو ئی ہے۔لیکن اس سے انکار نہیں کہ واریئر اپنے ریسلنگ کیریئر کے دوران ایسے تسلیم شدہ ہیوی سٹیرایڈ استعمال کرتے رہے جس سے دِل کی حالت کو متاثر ہوتی ہے۔ ویسے دِل کے دورے کی اُنکی خاندانی تاریخ بھی ہے ۔

مزید مضامین :