ٹونٹی20ورلڈکپ:پاکستان آج انگلینڈ کے خلاف مہم جوئی کا آغاز کریگا

Twenty20 World Cup : Pakistan England Match Today

انگلینڈ ہالینڈ اور پاکستان بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد عمدہ کھیل پیش کرنے کا خواہاں کرس گیل کالاٹھی چارج ،ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو روند ڈالا ،پاکستانی بیٹسمینوں کو بھی دلیری دکھانا ہوگی

اتوار 7 جون 2009

Twenty20 World Cup : Pakistan England Match Today
اعجازوسیم باکھری : ٹونٹی20ورلڈکپ کا آغازآنسوؤں کی برسات ،اعصاب شکن مقابلوں اور ناقابل فراموش لمحات کے ساتھ ہوچکا ہے ۔ورلڈکپ کے پہلے مقابلے میں میزبان انگلینڈ کو ہالینڈ کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرناپڑا جس کاخواب شاید کبھی ڈچ کھلاڑیوں نے دیکھا بھی نہیں ہوگا کہ انہیں کرکٹ کے گھر”لارڈز“ میں میزبان برطانیہ کے خلاف ایسی تاریخی کامیابی ملے گی۔

گوکہ پہلے ہی میچ میں انتہائی کمزور حریف کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلش شائقین افسردہ ہیں لیکن اس حیران کن اپ سیٹ نے دنیا بھرکے شائقین کی توجہ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی جانب مبذول ضرورکرادی ہے ۔رواں ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا آج تیسرا روز ہے اور اب تک کھیلے جانیوالے تینوں میچ انتہائی کانٹے دار ،دلچسپ ،سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد اختتام ہوئے۔

(جاری ہے)

پہلے میچ میں ہالینڈ جیسی بے بی ٹیم نے کرکٹ ایجاد کرنیوالی برطانوی ٹیم کو زمین بوس کرکے دنیا کو حیرت میں ڈالا تو اگلے روز کھیلے جانیوالے سکاٹ لینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرے میچ میں بارش نے خلل ڈال کر ورلڈکپ کا رنگ پھیکا کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم انتظامیہ نے 7اوورز پر مشتمل اننگز کا میچ منعقد کرواکرنہ صرف ایک اور تاریخ رقم کی بلکہ شائقین کو ایک اور گھمسان کی معرکہ آرائی بھی دیکھنے کوملی۔

سکاٹ لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے سات اوورز میں 89رنز بنائے اور جواب میں نیوزی لینڈنے بے شمار اتاچڑھاؤ کے بعدچھ گیندیں قبل ہدف پورا کرکے خود کو دوسرے بڑے اپ سیٹ کا شکار ہونے سے بچا لیا تاہم شائقین اس محدوداوورزکے میچ سے بے حدلطف اندوز ہوئے۔ ورلڈکپ کاتیسرا میچ بھی کسی جنگ سے کم نہیں تھا۔عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ کی دوسری اپ سیٹ شکست کھانا پڑی،کرس گیل کے لاٹھی چارج کے سامنے آسٹریلین باؤلر بھیگی بلی نظر آئے اور کوئی بھی گورا گیندباز سیاہ فارم بیٹسمین کو نکیل ڈالنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانیوالا170رنز کا ہدف تین وکٹوں پر پورا کرکے عالمی چیمپئن کے غرور کو خاک میں روند دیا۔کرس گیل نے تابڑتوڑ بیٹنگ کرتے ہوئے چھ بلند و بالا چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 50گیندوں پر 88رنز بنائے ۔گیل نے مارشل کے ساتھ ملکر پہلی وکٹ کی شراکت میں 133رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے دانت کھٹے کرکے نہ صرف خود کو ٹورنامنٹ کیلئے فیورٹ کی لسٹ میں شامل کرالیا ہے بلکہ ہالینڈ کے ساتھ ایک ملکر دنیا کی دوسری ٹیموں کو یہ پیغام بھی دیا کہ یہ ایک اوپن ٹورنامنٹ ہے جودلیری اور بہادری سے کھیل پیش کریگا کامیابی اُسی کو ملے گی۔

ویسٹ انڈیز اور ہالینڈ نے دلیری کے فارمولے پر عمل کرکے جہاں کمزور ٹیموں کو حوصلہ بخشا ہے وہیں فیورٹ قرار دینی جانیوالی ٹیموں کے کیمپوں میں بھی کھلبلی مچا دی ہے کہ وہ کسی خوش فہمی میں نہ رہیں اورجیت کی تیاری کرنے کی بجائے خود کو شکست سے بچانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دیں کیونکہ یہ ٹورنامنٹ بڑی ٹیموں کی ناکامیوں کیلئے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ابتدائی دو دن سنسنی خیز مقابلوں اور حیران کن اپ سیٹ کے بعد آج ورلڈکپ کا تیسرا دن ہے اور آج پاکستانی ٹیم اپنی مہم جوئی کا آغاز کررہی ہے۔پاکستان کا پہلا میچ میزبان انگلینڈ کے خلاف ہے جو ہالینڈ کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد بھر پورپریشر اور نتقید کی زد میں ہے ،آج کے میچ میں پاکستان کے مقابلے میں انگلش ٹیم زیادہ پریشر میں ہوگی جس کا فائدہ پاکستانی ٹیم کو ہوگا کیونکہ انگلش ٹیم کبھی بھی مشکل حالات اور پریشر میں خود پر قابورکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکی جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ انگلش ٹیم آج تک چیمپئنزٹرافی یا ورلڈکپ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی حالانکہ انگلش ٹیم تین بارورلڈکپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی لیکن کبھی بھی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

لہذا آج کے میچ میں پاکستان کو انگلش ٹیم پر موجود پریشر سے فائدہ اٹھانا چاہئے لیکن دوسری جانب ہالینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلش ٹیم سے عمدہ کھیل کی توقع بھی کی جارہی ہے کیونکہ اگر پاکستان کے خلاف اُسے شکست ہوئی تو وہ ورلڈکپ سے باہر ہونیوالی پہلی ٹیم بن جائے گی اور انگلش کھلاڑیوں کی مکمل کوشش ہوگی کہ وہ پاکستان کے خلاف شکست نہ کھائیں اور یقینی طور پر وہ فتح کیلئے جان لڑائیں گے۔

اگر تصویر کا دوسرا رخ دیکھا جائے تو پاکستانی ٹیم بھی ساؤتھ افریقہ اور بھارت کے ہاتھوں پریکٹس میچز میں شکست کھانے کے بعد سخت دباؤمیں ہے لہذا جیت کیلئے دونوں ٹیموں کو سخت جدوجہدکرنا ہوگی اور شائقین کو ایک اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔یہ بھی سچ ہے کہ بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر بھی سخت تنقید کی جارہی ہے اورپاکستانی قوم بھارت کے خلاف آسان شکست پر اپنی ٹیم سے ناراض ناراض دکھائی دیتی ہے تاہم اگر پاکستان انگلینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہوکر ورلڈکپ میں اپنا عمدہ آغاز کرتا ہے تو شائقین کی ناراضگی ازخود ختم ہوجائے گی تاہم اس کیلئے قومی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف دلیری اور حوصلہ کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ہوگی کیونکہ بھارت اور افریقہ کے خلاف پاکستان نے بغیر مزاحمت کیے دونوں پریکٹس میچ میں شکست کھائی مگر اب ٹورنامنٹ کا آغاز ہوچکا ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو ذمہ داری کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ہوگی کیونکہ انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی اگلے راؤنڈ تک رسائی مشکل ہوسکتی ہے لہذا تمام کھلاڑیوں کو حوصلے اور دلیری کے ساتھ کھیل پیش کرنا ہوگا اور جس طرح ہالینڈ نے انگلش ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جس طرح کرس گیل نے عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف بے خوف ا نداز میں بیٹنگ کی ایسے ہی ہمارے بیٹسمینوں کو کھیلنا ہوگا تب ہی پاکستان کو کامیابی مل سکتی ہے اور ایسا ممکن بھی ہے ۔

کیونکہ ہالینڈ کے کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے خلاف دلیری کے ساتھ کھیل پیش کرکے ثابت کردیا کہ کوئی ٹیم بڑی ٹیم نہیں ہوتی ،کامیابی اُسے ملتی ہے جو بڑے دل کے ساتھ کھیلتا ہے۔

مزید مضامین :