ڈبلیوڈبلیو ای کے سپرسٹار”اوماگا“ہارٹ اٹیک سے چل بسے

Umaga Died

اپنے دورکے طاقتورریسلرکی اچانک موت سے ریسلنگ فیملی اداس ہوگئی اوماگا نے کیرئیرمیں ٹرپل ایچ،شان مائیکل،جان سینااور رینڈی اورٹن سمیت کئی نامورپہلوانوں کو شکست دی

منگل 8 دسمبر 2009

Umaga Died
اعجازوسیم باکھری: ڈبلیو ڈبلیوای کے نامورریسلر”اوماگا“گزشتہ روز ہارٹ اٹیک ہونے کی وجہ سے چل بسے ہیں، ان بے وقت موت سے ریسلنگ شائقین اور ریسلنگ فیملی مکمل طور پر اداس ہوگئی ہے اور شائقین کو اوماگا کی اچانک موت کی خبرپریقین نہیں آرہا ہے۔36سالہ اوماگا امریکی ریاست ٹیکساس کے ہوسٹن شہرکے رہنے والے ہیں، وہ انتقال سے چندروز پہلے عظیم ریسلر ہاک ہوگن کے ہمراہ آسٹریلیا کے دورے سے امریکہ واپس پہنچ تھے اور اپنی فیملی سے ملنے سیدھا ہوسٹن شہرگئے ۔

اوماگا اپنی فیملی کے ہمراہ ٹی وی دیکھنے میں مصروف تھے کہ انہیں اچانک دل میں تکلیف محسوس ہوئی اور چند منٹوں بعد ان کی ناک سے خون بہنے لگا کیونکہ اوماگا کو بھی معلوم نہ سکا کہ انہیں ہارٹ اٹیک ہوچکا تھا اور وہ اس بات سے اپنی فیملی کو بھی آ گاہ نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

اوماگاکی بیوی انہیں فوری طورپرہسپتال لے گئی جہاں چند گھٹنے تک زندگی کی جنگ لڑتے لڑتے اوماگا جان کی بازی ہار گئے،ڈاکٹرز کے مطابق صبح 6بجے ایک بار پھر انہیں ہارٹ اٹیک ہوا جوجان لیوا ثابت ہوا۔

ان کی موت کی خبرریسلنگ کی دنیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی ہوسٹن میں موجود ریسلنگ سٹارفوری طو رپراوماگا کے گھر اور ہسپتال پہنچ گئے اور دھاڑیں مارمارکرروتے رہے۔ 3اپریل 2006کو ڈبلیوڈبلیو ای سے منسلک ہونے والے ”عمر ایڈورڈ فاٹو “عرف (اوماگا ) اپنے کیرئیر کے آغاز کے بعد آٹھ ماہ ناقابل شکست رہے، اس دوران اوماگا نے ” را “ رنگ سے وابستہ ہربڑے پہلوان کو شکست سے دوچار کیا ،ان میں ٹر پل ایچ ،شان مائیکل، کین، رک فلیئر کرس ماسٹر ،رینڈی اورٹن ایج اور جان سینا شامل ہیں۔

تاہم 2007ء نیوائیر ریولوشن مقابلوں میں عالمی چیمپئن شپ کے مقابلے میں ان کی کامیابیوں کے سلسلے کو جان سینانے روک دیا ، سینا اس مقابلے میں اپنے اعزاز کا دفاع کررہے تھے اور دونوں کے مابین ایک سخت خونریز مقابلہ ہوا اور دوران میچ دونوں خون میں نہلاچکے تھے۔ 28مارچ 1973کو امریکی ریاست آرکنساس میں پیداہونے والے اوماگا کے اگر ماضی پر نظر دوڑائی جائے تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ اسے اپنا نام بدلنے کا بہت شوق تھا ،اُس نے کم و بیش8بار اپنا نام تبدیل کیا۔

اُس کا پیدائشی نام عمر ایڈورڈ فاٹو تھا ۔1995 کے اوائل میں جب انہوں نے آل جاپان پرو ریسلنگ سے اپنے کیر ئیر کا آغاز کیا تو پہلی باراُس نے ( تھری منٹس وننگ) کے نام سے رنگ میں قدم رکھا، اس کے بعد اُس نے مزید 7بار اپنا نام تبدیل کیاجن میں جمال،ایڈی فاٹو،ایکمو فاٹو،او جی ایکمو،دی آئس لینڈ بوئز اور موجودہ نام اوماگا شامل ہے ۔واضح رہے کہ وہ اوماگا کے نام سے ہی پہلی بارڈبلیو ڈبلیو ای کی رنگ میں اترے۔

بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اومیگا کا تعلق ریسلنگ کی ایک بہت بڑی نامور(اناوا )فیملی سے ہے۔350پونڈوزن اور6فٹ 4انچ قدوقامت کے مالک اوماگا ڈبلیو ڈبلیو ای کے شہرہ آفاق ریسلر رکیشی جن کا اصل نام (سولوفاٹو) تھا کے چھوٹے بھائی ہیں۔ جبکہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے عظیم ترین ریسلر اور ہالی ووڈ فلموں کے ایکشن ہیرو ”راک “اورمعروف ریسلر یوکو زونا اوماگا کے چچا داز بھائی ہیں جبکہ اومیگا کے 2بھائی بھی ریسلنگ کے کھیل سے وابستہ ہیں۔

اپنی فیملی کے دیگر ریسلرز کی طرح اومیگابھی نہ صرف بھرپور طاقت کے مالک تھے بلکہ وہ حریف پہلوان کو چت کرنے کے فن سے بھی مالا مال تھے۔کیر ئیر کے آغاز کے بعد آٹھ ماہ تک ناقابل شکست رہ کر اُس نے ثابت کردیا تھا کہ وہ ایک کامیاب اور مکمل ریسلر ہے اور وہ مستقبل قریب میں فاتح عالم بننے کی طاقت رکھتا ہے۔تاہم نیوائیر ریولوشن مقابلوں میں جان سینانے اس کی کامیابیوں کے سلسلے کو بریک لگادی تھی۔

اوماگا کی موت پر ڈبلیو ڈبلیو ای نے خصوصی طورپرانہیں خراج تحسن پیش کیا،اوماگا نے ڈبلیوڈبلیو ای کے بینرتلے آخری کشتی سی ایم اپنک کے خلاف لڑی ،جنوری2009ء میں لڑی جانیوالی فائٹ میں اوماگا سی ایم پنک کے ہاتھوں شکست کھاگئے جس کے بعد انہوں نے خود کودوبارہ مضبوط بنانے کیلئے ممنوعہ ادویات استعمال کیں جن کے انکشاف کے بعد انہیں ڈبلیو ڈبلیوای کے قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیکر8جون کوان کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا گیا جس کے بعد اوماگا نے ہاک ہوگن کے گروپ ہاک مینیا کو جوائن کیا اوروہ زیادہ عرصہ بین الاقومی دوروں پر رہتے تھے۔

ڈاکٹرز اوماگا کی موت کی بنیادی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کررہے ہیں اور ابھی تک رپورٹ منظرعام پر نہیں آسکی۔ اوماگا اپنے چہرے اور جسم پرٹیٹو بنانے کی وجہ سے منفرد پہچان رکھتے تھے جبکہ دوران کشتی کا ان کا سب سے بڑا ہتھیار گردن اور گلے پرانگوٹھے سے وار کرنا ہوتا تھا جس کے بعد حریف پہلوان کے اعصاب کام کرنا چھوڑ دیتے تھے۔اپنے مختصرکیرئیر میں اوماگا نے ریسلنگ کی دنیا میں بہت نام کمایا ، وہ اپنے منفردسٹائل اور دھاڑ مارکرحریف پہلوان پرلپکنے کے انداز کی وجہ سے ہمیشہ یاد رہیں گے۔

مزید مضامین :