ریسل مینیا 25،جان سینا ورلڈچیمپئن بن گئے

Wrestlemania 25 Result

رینڈی اورٹن کا ٹرپل ایچ اور شان مائیکل کا انڈرٹیکرکو ہرانے کاخواب پورا نہ ہوسکا چھ ماہ تک انجری کا شکار رہنے والے”بیٹسٹا“ نے 26اپریل کو رینڈی اورٹن کے خلاف ٹرپل ایچ کی معاونت کا اعلان کردیا

جمعرات 9 اپریل 2009

Wrestlemania 25 Result
اعجازوسیم باکھری: ڈبلیو ڈبلیو ای ریسل مینیا25کے سلورجوبلی مقابلوں میں شائقین کو انتہائی زبردست مقابلے دیکھنے کو ملے جن میں نمایاں شان مائیکل بمقابلہ انڈرٹیکر اور عالمی چیمپئن ٹرپل ایچ اور رینڈی اورٹن کا مقابلہ قابل دید تھا۔تاہم اس بارتاریخی سلورجوبلی ایونٹ جان سینا کے نام رہاجنہوں نے ٹرپل تھریٹ میچ میں ایج اور بگ شاء کو مات دیکر اپنے کیرئیر میں دوسری بارورلڈہیوی ویٹ ٹائٹل جیتا۔

امریکی شہرہوسٹن میں ہونیوالے مقابلوں کو براہ راست دیکھنے کیلئے ایرینا میں 70ہزار سے زائد شائقین موجودتھے جنہوں نے اعصاب شکن مقابلوں کا لطف اٹھایا۔ریسل مینیا سلورجوبلی مقابلوں کیلئے رینڈی اورٹن نے بھرپورتیاری کررکھی تھی اور ایک طویل عرصے سے وہ ٹرپل ایچ کے خلاف رنگ اور رنگ سے باہر دست وگربیاں ہورہے تھے اور خیال کیا جارہا تھا کہ رینڈی اپنے جوشیلے پن کی وجہ سے ٹرپل ایچ کے خلاف بھرپورمزاحمت کرینگے اور غیرمتوقع پر اپ سیٹ کرسکتے ہیں لیکن جب دونوں ریسل مینیا ایونٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے تو وہ اپنے سے وابستہ توقعات پرپورا نہ اتر سکا۔

(جاری ہے)

ماضی میں رینڈی ٹرپل ایچ کے گروپ ایولوشن کا سب سے کم عمررکن بھی رہ چکا ہے لیکن آج کل وہ ٹرپل ایچ کا سب سے بڑا حریف بن ہوا ہے اور مقابلے کے دوران رینڈی نے پھرپورکوشش کی کہ وہ ”دی گیم “کو شکست دیکر ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ اپنے نام کرے لیکن ٹرپل ایچ کے وسیع تجربے کے سامنے وہ بے بس رہا اور اس کا ٹرپل ایچ کو ہرانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔

ریسل مینیا سلور جوبلی ایونٹ کے دوسرے بڑے مقابلے میں جان سینا نے چیمپئن ایج اور بگ شاء کو ایک ساتھ شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ایج ہمیشہ متنازع چیمپئن رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے چیمپئن شپ جیتی ،ایج کے کیرئیر میں کوئی بھی لمحہ ایسا نہیں آیا جب انہوں نے منفی طریقوں کو ترک کیا ہو۔یہی وجہ ہے کہ وہ شائقین کے سب سے ناپسندیدہ ریسلر ہیں۔

ایک سروے کے مطابق وہ کرٹ اینگل اور جے بی ایل کے مقابلے میں زیادہ ناپسند کیے جاتے ہیں کیونکہ ریسلنگ کے بارے میں ہمیشہ سے ہی یہ کہاجاتا ہے کہ یہاں پہلے سے طے شدہ طریقوں اور طرز پر مقابلے لڑے جاتے ہیں اور ایج جیسے ریسلر کی منفی حرکتوں سے ریسلنگ کی شہرت کومزید سخت نقصان پہنچتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ سلورجوبلی ایونٹ میں ایرینا میں موجود 70ہزارشائقین نے جان سینا کی بھرپورحمایت کی اور ایج کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی اور آخرمیں جان سینا نے شائقین کی امنگوں کے مطابق ایج کو چت کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا اور26اپریل کو دونوں ایک بارپھر بیک لیش مقابلوں میں مدمقابل آئیں گے۔

ریسل مینیا 25میں ہونیوالے تیسرے بڑے مقابلے میں انڈرٹیکر نے شان مائیکل کو شکست دیکر اپنے کیرئیر میں لگاتار17ویں بارریسل مینیامقابلہ جیتا۔انڈرٹیکر تاریخ کے واحدریسلر ہیں جوگزشتہ 17سال سے ریسل مینیا ایونٹ میں اپنا مقابلہ جیتتے چلے آرہے ہیں ۔اس بار اُن کے مدمقابل شان مائیکل تھے اور شان مائیکل نے فائیٹ سے قبل اپنی جیت کیلئے بڑے بڑے بلندوبانگ دعوے کررکھے تھے مگر رنگ میں آنے کے بعد انڈرٹیکر نے اُن کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت کردئیے۔

دونوں کے درمیان لڑی جانیوالی فائیٹ 45منٹ تک جاری رہی جس میں دونوں نے ایک دوسرے کو چت کرنے کی سرتوڑکوشش کی اور متعدد بار شائقین کو یوں لگا کہ جیسے شان مائیکل انڈرٹیکرکی ریسل مینیا مقابلوں میں کامیابیوں کا تسلسل توڑدیں گے لیکن ایک طویل گھمسان کی لڑائی کے بعد انڈرٹیکر شان مائیکل پر قابوپانے میں کامیاب ہوگئے اور ریکارڈ17ویں بار اپنے ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔

ریسل مینیا کے دیگر مقابلوں میں سی ایم پنک نے منی ان دی لیڈر بنک مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے ڈبلیوڈبلیوای کی کسی بھی بیلٹ کا مقابلہ لڑنے کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ ہارڈی برادرز کے مابین لڑی جانیوالی فائیٹ میں میٹ ہارڈی نے اپنے سے تین سال چھوٹے بھائی جیف ہارڈی کو شکست دیدی۔ اُدھرسلورجوبلی ایونٹ کے ایک اوربڑے مقابلے میں رے میسٹریونے متنازع ریسلر جے بی ایل کو ہراکر انٹرکانٹیننٹل چیمپئن شپ جیتنے کااعزاز حاصل کیا۔

ریسل مینیا سلورجوبلی مقابلے میں ٹرپل ایچ کی کامیابی اور رینڈی اورٹن کی شکست سے دونوں کے مابین رقابت بجائے اپنے اختتام کو پہنچنے کے مزید بڑھ گئی ہے اور دونوں ری میچ کیلئے ایک بار پھر سالانہ مین ایونٹ ( بیک لیش) میں 26اپریل کو مدمقابل آرہے ہیں جہاں ٹرپل ایچ کی معاونت کیلئے اُن کے پرانے ساتھی سابق عالمی چیمپئن بیٹسٹا رنگ میں اترینگے اور اس ٹرپل تھریٹ میچ میں ٹرپل ایچ کے ہمراہ بیٹسٹااور میک موہن کے بیٹے شین میک موہن ہونگے جبکہ رینڈی اورٹن کی معاونت کرنے کیلئے کوڈی رہوڈزاور ٹیڈڈیبیز ہونگے اگر اس ٹیگ ٹیم میچ میں ٹرپل ایچ کی ٹیم شکست کھاجاتی ہے تو ٹرپل ایچ عالمی چیمپئن شپ کی بیلٹ ہار جائیں گے اوررینڈی اورٹن نئے عالمی چیمپئن بن جائیں گے۔

بیک لیش مقابلوں میں ایک طویل عرصے بعد ٹرپل ایچ اور بیٹسٹا ایک ساتھ لڑیں گے اور رینڈی اورٹن کا مخالف ہوگا۔اس سے قبل2004ء میں جب رینڈی اورٹن نے کرس بینوا کو شکست دیکر ریسلنگ کی تاریخ کا سب سے کم عمرترین عالمی چیمپئن بننے کا اعزازحاصل کیا تھا تو ٹرپل ایچ بیٹسٹا کے ہمراہ رینڈی پر چڑھ دوڑے تھے اورمار مار کر اُس کا برا حشرکردیا۔اس کے بعد حالات نے رخ بدلہ اور ایک وقت ایسا آیا کہ جب ٹرپل ایچ اور بیٹسٹا ایک دوسرے کے آمنے سامنے آکھڑے ہوئے اور بیٹسٹا نے ریسل مینیا21میں ٹرپل ایچ کو شکست دیکر رقابت کا ایک نیا محاذ کھول دیا تھا لیکن آج چارسال بعد ایک پھر دونوں ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوگئے ہیں۔

بیٹسٹاآج سے چھ ماہ قبل دسمبر2008ء میں رینڈی اورٹن کے ہاتھوں ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر ریسلنگ سے باہر ہوگئے تھے اور اُن کی واپسی کے بعد یقینی طور پر ٹرپل ایچ بیٹسٹا کی طاقت کو رینڈی اورٹن کے خلاف اپنے ٹائٹل کے دفاع کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ کیا بیٹسٹا سچے دل کے ساتھ ٹرپل ایچ کی معاونت کرتے ہیں یا پھرٹرپل ایچ کے ساتھ رہ کر اُس کی تباہی کا سبب بنتے ہیں یہ فیصلہ 26اپریل کو بیک لیش مقابلوں میں ہوگا۔

مزید مضامین :