چیمپئن شپ میں پاکستان اِنڈیا کیلئے پہلی 2 سیریز کی اہمیت اور کورونا کا وار

Wtc

تازہ ترین پوائنٹس صورت ِحال کے مطابق اِنڈیا اور پاکستان کسی حد تک اپنے اس ہدف میں کامیاب رہے

Arif Jameel عارف‌جمیل بدھ 15 ستمبر 2021

Wtc
اہم خبریں: # پاکستان اور اِنڈیا کیلئے چیمپئین شپ کی پہلی دو سیریز کی بہت اہمیت تھی۔ # انگلینڈ بمقابلہ اِنڈیا 5 واں ٹیسٹ میچ کورونا کے وار کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ # کیا اس کی وجہ آئی پی ایل میں اِنڈین کھلاڑیوں کی شرکت تھی؟سوال اُٹھایا گیا۔ # انوشکا شرما کا اپنے خاوند کوہلی کے ساتھ انگلینڈ سے دُبئی آئی پی ایل کیلئے آمد۔ # انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کا اختلافی موقف ۔

آئی سی سی فیصلے کی مجاز۔ پاکستان اوراِنڈیا کیلئے پہلی دو سیریز کی اہمیت: آئی سی سی ورلڈ کرکٹ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے دوسرے ایڈیشن 21ء تا23 ء کی پہلی دوسیریز پاکستان اور اِنڈیا کیلئے بہت اہم تھیں کیونکہ دونوں ٹیموں کو غیر ملک کی ہوم گراؤنڈ پر جیتنے کی وجہ سے آگے جا کر فائنل میں پوزیشن بناناآسان ہو سکتی تھی۔

(جاری ہے)

اس لیئے دونوں ٹیموں کیلئے بالترتیب ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے ساتھ مشکل سیریز جیتنے کی کوشش کر کے پوائنٹس حاصل کر نے تھے ۔

اسکے بعد چیمپئن شپ میں پاکستان اور اِنڈیا کی غیر ملک میں باقی دو ،دو سیریز کچھ خاص مشکل نہیں ۔جبکہ چیمپئن شپ کی باقی 3، 3 سیریز اِن دونوں ممالک کے اپنے ملک میں ورلڈ کلا س ٹیموں کے ساتھ شیڈولڈ ہیں۔جن میں پاکستان اور اِنڈیا کو اپنی ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہو سکتا ہے اور دونوں ٹیموں کا چیمپئین شپ کے دوسرے ایڈیشن میں فائنل کھیلنے کا امکان پیدا ہو جائے گا۔

تازہ ترین پوائنٹس صورت ِحال کے مطابق اِنڈیا اور پاکستان کسی حد تک اپنے اس ہدف میں کامیاب رہے ہیں لیکن اس دوران اِنڈیا کی انتظامیہ پر کوروناکے وار کی وجہ سے انگلینڈ بمقابلہ اِنڈیا کی سیریز کا مانچسٹر میں ہونے والاآخری ٹیسٹ میچ صرف 2 گھنٹے پہلے منسوخ کر دیا گیا۔ اب آئی سی سی کو چیمپئین شپ کے اصولوں پر فیصلہ کرنا پڑے گا کہ اس سیریز کا کیا نتیجہ نکلا ہے تاکہ چیمپئین شپ کا تسلسل خوش اسلوبی سے جاری رہے ۔

کیونکہ ٹوئٹر پر ایک اختلافی بیان میں انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے ٹیسٹ چیمپئین شپ کی اس سیریز کی منسوخی کی وجہ کھل کر یہ بتائی کہ" آئی پی ایل میں شامل کھلاڑی اور اسٹاف ممبران روانہ ہو رہے ہیں، متحدہ عرب امارات میں 6 دن کے قرنطینہ کی شرط ہے، جبکہ ایونٹ کے بقیہ میچز کے آغاز میں صرف 7 روز باقی ہیں!!!! مجھے یہ نہ کہیں کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ آئی پی ایل کے سوا کسی دوسری وجہ سے منسوخ ہوا ہے"۔

دوسری طرف اِنڈیا کے کپتان ویرات کوہلی کی بیوی اور مایہ ناز اداکارہ انوشکا شرما نے 12ِستمبر21 ء کوانسٹا گرام پر اپنے خاوند کے ساتھ انگلینڈ سے دبئی پہنچنے کی تصاویر اور تاثرات بیان کیئے ہیں اور محمد سراج بھی کوہلی کے ساتھ آئی پی ایل کھیلنے وہاں گئے ہیں۔ کورونا کا وار: آج سے دوسال پہلے اگست2019 ء میں آئی سی سی ورلڈ کرکٹ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے افتتاحی ایڈیشن کا آغاز کامیابی کے ساتھ ہوا۔

لیکن مارچ2020ء میں کورونا کویڈ ۔19 وائرس کے حملے کی وجہ سے دُنیا عالم کے باقی معاملات کی طرح یہ چیمپئین شپ بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی اورکچھ سیریز کو منسوخ ،کچھ کو نامکمل اور کچھ میں ٹیسٹ میچوں کی تعداد کم کر کے آئی سی سی نے بڑی ذمہداری سے جون2021ء میں افتتاحی چیمپئین شپ کا فائنل کروا دیا۔اسکے بعداگست2021ء میں آئی سی سی نے ورلڈ کرکٹ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز بھی کروا دیا اور اُمید کی گئی کہ اگلے دوسال اس چیمپئین شپ کے تسلسل کو قائم رکھنے کی کوشش کی جا ئے گی اور وائرس سے متعلقہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر بھر پور عمل کیا جائے گا ۔

جس میں کورونا سے بچاؤ کا ٹیکہ،قرنطینہ اور ایک دوسرے سے فاصلوں کو اہمیت دی جائے گی۔اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد بھی کافی حد تک کم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری چیمپئین شپ کی پہلی ٹیسٹ سیریز انگلینڈ کی میزبانی میں اِنڈیا نے کھیلنی تھی اور دوسری اس دوران پاکستان نے ویسٹ انڈیز کا مہمان بن کر ۔ ویسٹ انڈیز کے اسٹیڈیمز میں تو شائقین کو میچ دیکھنے کیلئے کچھ پابندیوں کا سامنا کر نا پڑا اور دونوں ٹیموں کی طرف سے بھی احتیاطی تدابیر کا کسی حد تک خیال رکھاگیا ۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ پاکستا ن ٹیسٹ سیریز1۔1سے برابر رہی۔ اس بر عکس انگلینڈ اور اِنڈیا کے درمیان سیریز کے 4 ٹیسٹ میچ مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے گئے اور انگلینڈ میں کورونا وباء کے باعث لگائی گئی پابندیوں کے ختم ہونے پر اسٹیڈیمز میں تماشائیوں کا رش واضح نظرا ٓیااور کہیں بھی احتیاطی تدابیر کا خیال نہیں رکھا گیا۔اس دوارن انگلینڈ بمقابلہ اِنڈیا " پٹوڈی ٹرافی" جب چوتھے ٹیسٹ کے بعد اِنڈیا کے حق میں جارہی تھی اور انگلینڈ نے 5ویں آخری ٹیسٹ میچ میں سیریز برابر کر نے کی کوشش کر نی تھی " بریکنگ نیوز" آگئی کہ اِنڈین ٹیم کی انگلینڈ میں موجود انتظامیہ پر " کورونا کا وار" ہو گیا ہے۔

لہذا آخری ٹیسٹ جو10 ِستمبر2021ء کو اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹرمیں شروع ہو نا تھا منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ خبر آتے ہی دُنیا بھر کا میڈیا اور خصوصاً کھیلوں پر خبریں نشر کرنے والے اداروں نے اس پر مختلف پہلوؤں کے لحظ خبریں،تبصرے اور تجزیئے شروع کر دیئے اور کرکٹ کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر سیریز کے منسوخ ہو نے پر دِلچسپ قسم کے جُملوں سے اپنے تاثرات بیان کیئے جن میں افسوس بھی تھا اور 14سال بعد اِنڈیا کی انگلینڈ میں اُنکے خلاف سیریز میں جیت پر خوشی کا اظہار بھی۔

اس سیریز کے 4ٹیسٹ میچوں پر دونوں ٹیموں کی ہار جیت اور کھلاڑیوں کی کارکردگی،کورونا کا وار اِنڈین ٹیم پر کب ہوا اور کون کون اس وائرس سے متاثر ہو ئے،بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن اِنڈیا(بی سی سی آئی ) اور انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کا کردار و تعلق،آئی سی سی کی پوزیشن اور اِنڈیا اور پاکستان کیلئے دوسرے ایڈیشن میں اِن سیریز کی اہمیت آگے چل کر چیمپئین شپ کی انتظامیہ اور دوسرے ممالک کی ٹیموں کیلئے بہت اہم ہو گا ۔

انگلینڈ اِنڈیا کارکردگی: اگست21ء میں شروع ہو نے والی 5ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ٹرینٹ بریج میں بارش کے باعث برابر ہو گیا تھا۔ دوسرا میچ لارڈز لندن میں اِنڈیا نے 151 رنز سے جیت لیا۔ میزبان انگلینڈ نے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ پر تیسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 76 رنز سے کامیابی حاصل کی اور سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں اِنڈیا نے 157 رنز سے کامیابی سمیٹ کردِی اوول لندن کی گراؤنڈ پر " گولڈن وِن" کے ساتھ سیریزمیں2۔

1 سے برتری حاصل کر لی۔ اِنڈیا کا انگلینڈ کا دورہ آئی سی سی ورلڈ کرکٹ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے افتتاحی ایڈیشن کا فائنل کھیلنے سے شروع ہوا جس میں جون 2021ء میں اِنڈیا کو نیوزی لینڈ سے مقابلے میں شکست کا سامنا کر نا پڑا ۔ اسکے باوجوداِنڈین ٹیم کی کارکردگی کو گزشتہ سال دسمبر میں آسٹریلیا کے دورے سے ہی بہت اہمیت دی جارہی تھی جہاں اِنڈیا2۔1سے ٹیسٹ سیریزجیت کر آیا تھا اور فروری۔

مارچ21ء میں اپنی ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کو بھی3۔1 سے ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔لہذا موجودہ سیریز کے چاروں ٹیسٹ میچوں میں کپتان کوہلی کی قیادت میں اِنڈین ٹیم میں ایک دفعہ پھر بھر پور ٹیم موریل دیکھنے میں آیا او ر بیٹنگ میں اوپنر سے لیکرباؤلنگ میں اٹیک شروع کر نے والے تک ہر کھلاڑی میں ایک جیت کا جذبہ تھا اور وہی اُن سب کی کارکردگی رہی۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی جیت کا امکان تھا لیکن بارش حائل ہو گئی ۔ پھردوسرے اور چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھرپور انداز میں کامیابی حاصل کی۔لیکن تیسرے ٹیسٹ میں اننگز سے شکست اور اُس میں بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں ناکامی پر کا فی تنقید کا سامنا کر نا پڑا۔حالانکہ اپنی ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ جیسی میزبان ورلڈ کلاس ٹیم ْ کا جیت جانا ضروری نہیں کہ اِنڈین ٹیم میں خامی کی وجہ ہو۔

اس دورے کے دوران واقعی اِنڈیا کی جیت کے باوجود کپتان کوہلی سمیت زیادہ تر بلے باز باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلتے ہو ئے وکٹ کے پیچھے آؤ ٹ ہوئے۔ ایسے لگ رہاتھا کہ اِنڈیا کے بیٹنگ کوچ وِکرم راٹھور بلے بازوں کا سمجھا نہیں پا رہے تھے کہ اگر سیدھے بلے سے کھیلنا ہے تو گیند کے اُوپر آؤ اور باہر جاتی ہو ئی گیند پر کور ڈرائیو لگانے کی کوشش نہ کرو اور تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میچ میں تو یہ ایکشن مزید زیادہ نظر آیا اور چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی بیٹنگ لائن ناکام نظر آئی۔

سیریز کے دوران ایک اور اہم سوال کپتان کوہلی کا اِنڈیا کے مایہ ناز باؤلر اشون کو ٹیم کا حصہ نہ بنانا تھا جس پر کا فی تنقید بھی ہوتی رہی ۔لیکن ایک تو ظاہر ہے کے ہیڈ کوچ روی شاستری کا مشورہ بھی اس میں شامل ہو گا اور دو سرا کپتان کوہلی نے ٹیسٹ سیریز میں مسلسل چار فاسٹ باؤلرزکا اسکوڈ کھیلا کر فتح حاصل کی پھر سوال کیوں؟ انگلینڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر جوروٹ کی کپتانی میں کیوں ناکام رہی؟ انگلینڈ کے سابق کرکٹر ز اس پر حیران ہیں۔

بیٹنگ لائن مکمل ناکام نظر آئی اور صرف کپتان جوروٹ پہلے تین ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنا نے میں کامیاب ہو ئے۔ اسکے علاوہ کسی انگلینڈ کے بلے باز نے نہ کوئی سنچری بنائی نہ ہی کو ئی خاص کارکردگی دِکھائی ۔بلکہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ڈھیر ہوتے ہوئے نظر آئے۔ اس کے برعکس انگلینڈ باؤلنگ اٹیک کی بدولت انگلینڈ کسی حد تک کامیاب رہا جسکی ایک اہم وجہ فاسٹ باؤلر جیمز اینڈریسن رہے اور دوسر ے فاسٹ باؤلر اولے روبنسن جنہیں جب بھی دوسرا نیا گیند کروانے کا موقع دیا گیا اُنھوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اِنڈین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

لہذا تیسرے ٹیسٹ کی جیت میں کپتان جوروٹ کی سنچری کے ساتھ اِن دونوں باؤلرز کا سب زیادہ حصہ رہا ۔انگلینڈ کے کوچ کرس سلور وُڈ بیٹنگ لائن کی تربیت میں ناکام رہے۔ابھی چیمپئین شپ کا آغاز ہے اور انگلینڈ کو چز کو ٹیسٹ ٹیم کی خامیاں دُور کرنی ہو نگی۔ کورونا کا وار کن اِنڈین عہدیداروں پر: اِنڈین باؤلنگ کوچ بھرت ارون اور فیلڈنگ کوچ آر سریدھر کا چوتھے ٹیسٹ میچ سے پہلے کورونا کا مثبت ٹیسٹ آیا تھا ۔

چوتھا ٹیسٹ میچ جاری تھا تو ہیڈ کوچ روی شاستری کے بارے میں کویڈ۔19 کے مُثبت ہو نے کی خبر آئی۔پھر 5 ویں ٹیسٹ سے ایک روز پہلے اِنڈین ٹیم کے فزیوتھیراپیسٹ یوگیش پارمر بھی کوروناکا شکار ہو گئے۔ جسکے بعد جمعرات کو اِنڈین ٹیم اپنی پریکٹس روک کر اپنے ہوٹل میں واپس چلی گئی اور سب کے ٹیسٹ سمپل لے لیئے گئے۔ساتھ بی سی سی آئی نے آخری ٹیسٹ ملتوی ہو نے کا عندیہ دے دیا۔

پھر جمعہ کو رات گئے کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی اور ٹیسٹ کو شیڈول کے مطابق ہونے کی خوشخبری سُنائی گئی ۔لیکن جمعہ 10 ِ ستمبر کو ٹیسٹ شروع ہو نے سے صرف2گھنٹے پہلے بی سی سی آئی اور ای سی بی نے متفقہ طور پر 5 واں ٹیسٹ میچ انگلینڈ بمقابلہ اِنڈیا منسوخ کرنے کا اعلان کر کے شائقین ِکرکٹ کر حیران کر دیا۔ کیونکہ دونوں بورڈز کے اجلاس کے دوران یہ نقطہ سامنے لا یا گیا کہ کورونا کے اثرات چار روز بعد بھی ظاہر ہو سکتے ہیں لہذا دونوں ٹیموں کی صحت اور بچاؤ کیلئے میچ کا منسوخ ہو نا ہی لازمی ہے۔

حالانکہ 11ِستمبر21ء کو دوسری دفعہ بھی تمام اِنڈین کھلاڑیوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی رہی۔ ای سی بی ۔ بی سی سی آئی اور آئی سی سی: ای سی بی نے ابتدائی طور پر اپنے بیان میں کہا کہ مہمان میچ "ضائع کر دیں گے" جسکے لیئے ادارے نے" فار فیٹ" کی اصطلاح استعمال کی ۔ بعد ازاں ادارے نے نظر ثانی شدہ بیان میں ان الفاظ کو ہٹا دیا۔جسکی وجہ بی سی سی آئی اور ای سی بی کے بہترین تعلقات ہیں اور اس بنا پر اُمید کی گئی کہ سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کو کسی اور وقت ضرور کھیلنے کا شیڈول جاری کیا جائے گاتاکہ آئی سی سی کی ٹیسٹ چیمپئین شپ کو بغیر کسی اختلاف کے آگے بڑھایا جائے۔

اس سلسلے میں ایک خبر ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر سابق کرکٹر سورو گنگولی 22ِسمبر21ء کو انگلینڈ جارہے ہیں۔ لیکن ابھی آئی سی سی چیمپئین شپ کے اصولوں کے تحت تحقیق کر کے فیصلہ کرنے کا مجاز ہے کہ کیا واقعی اِنڈین ٹیم و انتظامیہ میں کویڈ۔19کی تشخیص کی وجہ سے مانچسٹر میں کھیلا جا نے والا سیریز کا آخری ٹیسٹ منسوخ ہوا اور کیا سیریز 2۔ 1سے اِنڈیا کے حق میں رہی ہے یا2۔

2 سے برابر کا کر دی جائے؟کیونکہ انگلینڈ سے اِنڈیا کے بہت سے کھلاڑی 19ِ ستمبرکو شروع ہونے والے آئی پی ایل 2021 کے دوسرے نصف حصے میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ کر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں تاکہ ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکیں۔دوسری طرف ٹیسٹ میچ منسوخ ہونے کے بعد متعدد انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

جن میں وکٹ کیپر بلے باز جونی بیرسٹو، آل راوٴنڈر کرس ووکس اور نمبر ون ٹی 20 بلے باز ڈیوڈ ملان شامل ہیں۔ پاکستان اور اِنڈیا کے مقابلے: آئی سی سی ورلڈ کرکٹ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے دوسرے ایڈیشن 21ء تا23 ء میں بھی افتتاحی ایڈیش کی طرح پاکستان اور اِنڈیا کے درمیان کو ئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا جائے گا ۔جبکہ پاکستان اس چیمپئین شپ میں3 غیرملک میں جاکر ویسٹ انڈیز،بنگلہ دیش اورسری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کھیلے گا اور آسٹریلیا،انگلینڈ اور نیوزی لینڈ پاکستان کی مہمان بنیں گی۔

پاکستان اس چیمپئین شپ میں کُل13 ٹیسٹ میچ کھیلے گا۔جبکہ اِنڈیا کی مہمان ہو نگی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا ۔اِنڈیا کی مہمان نوازی انگلینڈ،بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کر ے گا۔اِنڈیا کُل19 ٹیسٹ میچ کھیلے گا۔لہذا پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز مکمل کر چکا ہے اوراِنڈیا کا انگلینڈ کے خلاف کورونا کی وجہ سے ایک ٹیسٹ میچ باقی رہ گیا ہے جسکو فی الوقت منسوخ کیا جا چکا ہے۔ "آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "۔

مزید مضامین :