”ڈبلیو ڈبلیو ای ،ان فارگیون مقابلوں کیلئے رنگ سج گیا“

Wwe Unforgiven

شان مائیکل اپنے 21سالہ کیر ئیر کا آخری مقابلہ جیتنے کیلئے پرعزم ٹرپل ایچ اور سی ایم پنک کو اپنا اعزاز برقرار رکھنے کیلئے سخت حریفوں کا سامنا

اتوار 7 ستمبر 2008

Wwe Unforgiven
اعجاز وسیم باکھری : ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیوای ) کے سالانہ مین ایونٹ ”ان فار گیون“کیلئے رنگ سج گیا ہے اور شائقین ایونٹ کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔امریکی ریاست اوہیو میں ہونے والے عالمی مقابلے میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے تینوں ذیلی ادارے ”را“اسمیک ڈاؤن اور ای سی ڈبلیو کے سپر سٹار ریسلر شرکت کررہے ہیں اور ان فار گیون مقابلوں کی تاریخ میں پہلی بارورلڈہیوی ویٹ چیمپئن، ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن اور ای سی ڈبلیو ورلڈچیمپئن شپ کی بیلٹس کے مقابلے ہونگے۔

ان فار گیون مقابلوں میں نئے قوانین کے مطابق تینوں بیلٹس کی کشتیوں کافیصلہ صرف 20منٹ میں ہوگا۔تینوں ٹائٹلزکے مقابلوں میں ہرچیمپئن کا مقابلہ ایک ساتھ چار چار ریسلر زسے ہوگااور ابتدائی طور پر دو پہلوان رنگ میں کھڑے ہونگے جبکہ ہرپانچ منٹ بعد ایک پہلوان رنگ میں آئے گااور آخر میں بچ جانیوالے ریسلر فاتح قرار پائے گا۔

(جاری ہے)

ان فار گیون مقابلوں سب سے بڑی فائٹ ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ کے مقابلے کیلئے لڑی جائیگی جس میں عالمی چیمپئن سی ایم پنک ایک ساتھ چار پہلوانوں جن میں بیٹسٹا، کین، رے میسٹریو اور جے بی ایل کے خلاف اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔

ماہرین اس مقابلے کیلئے سابق عالمی چیمپئن بیٹسٹاکو فیورٹ قرار دے رہے ہیں جو کہ گزشتہ کئی ماہ سے کوئی خاطر خواہ کارکردگی پیش کرنے میں ناکام چلے آرہے ہیں مگر اس بار بیٹسٹا بھر پورتیاری کے ساتھ ان فار گیون مقابلوں میں شرکت کررہے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ بیٹسٹا اپنے کیرئیر میں چوتھی بارعالمی چیمپئن بننے میں سرخروہوجائیں گے۔ان فار گیون مقابلوں میں دوسرا بڑا مقابلہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کا ہے۔

جہاں موجودہ چیمپئن ٹرپل ایچ ایک ساتھ شلٹن بنجمن، برائن کنڈریک،مونٹل پورٹراور جیف ہارڈی کے خلاف اپنے اعزاز کے دفاع کے حصول کیلئے رنگ میں اتریں گے۔توقع کی جارہی ہے کہ ”دی گیم“اس مقابلے میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ان فار گیون 2008ء مقابلوں کاسب سے بڑا جوڑ شان مائیکل اور کرس جریکو کے مابین ہوگا۔ کرس جریکوکے خلا ف شا ن مائیکل کے 21سالہ کیرئیر کی یہ آخری فائٹ بھی ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ شان مائیکل ان دنوں انجری کا شکار ہیں اور ڈاکٹروں نے اسے ریٹائرمنٹ کا مشورہ دیا ہے جس پر شان مائیکل نے عمل کرنے کافیصلہ کیا لیکن کرس جریکوکی جانب سے سخت الفاظ میں چیلنج کرنے پر 43سالہ شان مائیکل نے چیلنج قبول کرتے ہوئے ان فار گیون مقابلوں میں رنگ میں دوبارہ اترنے کافیصلہ کیا اور دونوں حریفوں نے گزشتہ روز ”را“ مقابلوں میں باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے ،معاہدے پر دستخط کرنے کے موقع پر بھی دونوں میں لڑائی ہوگئی اور شان مائیکل کرس جریکو پر چڑھ دوڑے۔

دونوں میں ان دونوں رقابت عروج پر ہے۔کرس جریکو نے شان مائیکل کو چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ ”شان تم انجری کی بدولت ریٹائرمنٹ لے رہے ہو مگر میں چاہتا ہوں کہ تم اپنے آخری مقابلے میں میرے خلاف شکست کھاؤ اور تاریخ میں یہ لکھاجائے کہ شان مائیکل اپنے آخری میچ میں کرس جریکو کے خلاف شکست کھانے کے بعد ریسلنگ سے الگ ہوا، تاکہ میں یہ کہہ سکوں کو شان مائیکل مجھ سے شکست کھا کر ریسلنگ سے دور چلا گیا۔

کرس جریکوکے ان سخت الفاظ نے شان مائیکل کو دوبارہ رنگ میں آنے پر مجبور کیا کیونکہ 21برس تک حریف ریسلرز کیلئے ایک چیلنج بن کر راج کرنے والے شان مائیکل کیلئے جریکوکے چیلنج کو قبول نہ کرنا یقیناً اس کے پرستاروں کیلئے دکھ کا باعث ہوتا یہی وجہ ہے کہ مائیکل نے جریکوکا چیلنج قبول کیا اور رنگ میں اترنے کافیصلہ کیا۔ دوسری جانب2005اور 2006ء کے اوائل میں رنگ میں راج کرنے والے بیٹسٹا اور جان سیناسے ان کے پرستارکافی مایوس ہوچکے ہیں اور رینڈی اورٹن بھی گزشہ کئی ماہ سے آف کلرنظر آرہا ہے ۔

جان سینا جو کہ ڈبلیو ڈبلیو کی تاریخ میں سب سے صاف ستھری گشتی لڑنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے گزشتہ دوسال سے کوئی بڑا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ،سینا نے اس عرصے میں اپنا اعزاز حاصل کرنے کیلئے کئی بار کوشش کی لیکن ٹرپل ایچ جو کہ گزشتہ ایک سال سے چیمپئن چلے آرہے ہیں نے کسی کو اپنی جگہ لینے کا موقع ہی نہیں فراہم کیا۔گزشتہ دنوں سمرسلام مقابلوں میں بیٹسٹااور جان سیناجو کہ مشترکہ ٹیگ ٹیم چیمپئن تھے آپس میں چیلنج کشتی میں مدمقابل آئے جہاں سخت مقابلے کے بعد بٹیسٹا فاتح ٹھہرے ،بعدازاں اگلے ہفتے دونوں ٹیگ ٹیم چیمپئن کے ٹائٹل سے محروم ہوگئے۔

بٹیسٹا ان دنوں ایک بار پھر متحرک نظر آرہا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ سی ایم پنک سے اپنا سابقہ اعزاز چھیننے میں کامیاب ہوجائیگا جبکہ ٹرپل ایچ اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ای میں چھائے ہوئے ہیں حالانکہ دوسال قبل جان سینا اور بیٹسٹانے ٹرپل ایچ کو قریب زوال کردیا تھا لیکن دی گیم نے شاندار گیم کا مظاہرہ کیا اور ایک بار پھر رنگ میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔

انڈر ٹیکر بھی طویل عرصہ رنگ سے باہررہے مگر سمر سلام مقابلوں ایج کے خلاف ہل اینڈ سیل مقابلے تاریخی کامیابی حاصل کرکے خود کو ایک بار پھر ڈیڈ مین قرار دلوایا۔بہرحال …ان فار گیون مقابلوں میں شائقین کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے جن کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ اس بار نئے عالمی چیمپئن سامنے آئیں گے کیونکہ گزشتہ دو مین ایونٹس میں کوئی بھی بیلٹ تبدیل نہیں ہوئی ۔

مزید مضامین :