گریٹ کھالی کوشکست ، بٹیسٹاپھر ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن بن گئے

Wwe Unforgiven Muqable

”ڈبلیو ڈبلیو ای ان فار گیون مقابلے “ بٹیسٹا… رنگ میں حریف ریسلر کیلئے خوف کے علامت ،عام زندگی میں نرم دل انسان

جمعرات 27 ستمبر 2007

Wwe Unforgiven Muqable
اعجاز وسیم باکھری: ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر سٹار بیٹسٹا نے ٹرپل تھریٹ میچ میں گریٹ کھالی اور رے میسٹریو کو ایک ساتھ مات دیکرکیرئیر میں تیسری مرتبہ ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔بٹیسٹا نے یہ اعزاز ان فار گیون مقابلوں میں جیتا ۔ان فار گیون کے دیگر مقابلوں میں طویل عرصے بعد رنگ میں واپس لوٹنے والے انڈر ٹیکر نے مارک ہنری کو شکست سے دوچار کردیا جبکہ جان سینا اور رینڈی اورٹن کے مابین لڑا جانا والا ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کے مقابلے کے فیصلہ نہ ہوسکا اور اب یہ مقابلہ 7اکتوبر کو نو مرسی مقابلوں میں دوبارہ لڑا جائیگا۔

ان فار گیون مقابلو ں میں ٹرپل ایچ نے کارلیٹو کو شکست سے دوچار کرکے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔ ان فار گیون ڈبلیو ڈبلیو ای کا سالانہ ایونٹ ہے جو ہرسال ستمبر کے آخرمیں منعقد ہوتاہے ماضی کی طرح اس بار بھی شائقین کو ان فار گیون مقابلوں میں زبردست اور خونریز مقابلے دیکھنے کو ملے انیمل کے نک سے مشہور بٹیسٹانے 7فٹ قدو قامت کے مالک گریٹ کھالی اور رے میسٹریو کو ایک ساتھ شکست سے دوچار کرکے کیرئیر میں تیسری بار ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجالیا۔

(جاری ہے)

گریٹ کھالی نے چند ہفتے قبل ایج کی جانب سے دستبرداری کے بعد 20پہلوانوں کا بیٹل رائل مقابلہ جیت کر برصغیرکے پہلے اور ایشیا کے دوسرے ورلڈچیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن وہ اس اعزاز کو برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور ٹرپل تھریٹ معرکے میں مات کھا گئے۔ریسل مینیا 23میں انڈرٹیکر سے ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ کی بیلٹ ہارنے کے بعد بٹیسٹا نے دوبارہ عالمی چیمپئن بننے کیلئے بھرپور کوشش کی لیکن وہ انڈر ٹیکر اور بعدازاں ایج کے عالمی چیمپئن بننے کے بعد اسے بھی ہرانے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔

انجری کے باعث ایج نے بیلٹ واپس کی تو بٹیسٹا نے عالمی چیمپئن بننے کی مہم تیزکردی لیکن انڈین ریسلر گریٹ کھالی نے بٹیسٹاسے قبل میدان مارلیا اور حیران کن طور ورلڈچیمپئن بن گئے ان فار گیون مقابلوں سے قبل بٹیسٹا اور کھالی ایک دوسرے کے مدمقابل آئے تاہم کھالی اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں سرخرو رہے دوسری جانب رے میسٹریو نے اہم میچ میں بٹیسٹا کو مات دیکر ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ کی بیلٹ کا مقابلہ لڑنے کا اعزاز حاصل کیا اور انتظامیہ نے ان فارگیون مقابلوں میں ٹرپل تھریٹ میچ کا اعلان کردیا جہاں بٹیسٹا نے ایک بارپھر طاقت کے بل بوتے رے میسٹریو اور کھالی کو مات دیکر عالمی چیمپئن بننے سنہری کارنامہ سرانجام دیا۔

بٹیسٹا کا شمار ڈبلیو ڈبلیو ای کے طاقتور ترین ریسلر میں ہوتا ہے جو حریف کو خوفناک داؤپیچ اور مہارت سے چند ہی منٹوں میں زیر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔بٹیسٹا کی کامیابیوں میں طاقت کے ساتھ ساتھ اس کے چار مخصوص داؤکا بھی بہت بڑا عمل دخل ہے جو مخالف پہلوان کو بے بس کردیتے ہیں جن میں ”بٹیسٹا بم“اسپین بلیسٹر“اسپیئر“پاور سلم اور فرنٹ پاور سلم یہ ایسے داؤہیں جب ایک بار ان کا استعمال کیا جاتا ہے تو حریف ریسلر کے پاس ان سے بچ نکلنا ناممکن ہوتا ہے۔

6فٹ چھ انچ قد اور 132کلوگرام وزن کے حامل بٹیسٹا نے جب 2000ء کے اوائل میں اپنے کیریئر کا آغاز کیاتواس وقت ہر طرف ٹرپل ایچ کا راج تھا، ٹرپل ایچ کی سربراہی میں ”ایولوشن“ گروپ ڈبلیو ڈبلیو ای کا سب سے بڑا اور مضبوط ترین گروپ تھا۔ بٹیسٹا کی ڈبلیو ڈبلیو ای میں کامیابیوں اور طاقت کو رک فلیئر کی مردم شناس آنکھوں نے پہلی ہی نظر میں جانچ لیا اور اسے اپنے گروپ ”ایولوشن“ میں شامل کر کے ٹرپل ایچ کے عالمی چیمپئن اعزاز کو برقرار رکھنے کیلئے اس کی طاقت کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

ایک وقت ایسا آیاجب بٹیسٹا اور ٹرپل ایچ ریسل مینیا 21کی رنگ میں ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑے تھے جہاں بٹیسٹا نے ٹرپل ایچ کو شکست دیکر تاریخ کا دھارا بدل دیا۔اس کے بعد بھی ٹرپل ایچ اور بٹیسٹا کئی بار آنے سامنے آئے لیکن ہر بار کامیابی بٹیسٹا کا مقدر ٹھہری ۔2006کے اوائل میں بٹیسٹا مارک ہنری کے حملے کی وجہ سے شدید زخمی ہوگئے جس سے انہیں اپنے اعزاز سے دستبردار ہونا پڑا چند ماہ زیر علاج رہنے کے بعد وہ ایک بار پھر حریفوں کیلئے چیلنج کی حیثیت اختیار کرگئے ۔

ایج کو شکست دیک دوسری بارورلڈچیمپئن بننے کے بعد بٹیسٹا کو انڈر ٹیکر کے ہاتھوں ریسل مینیا 23میں بیلٹ سے ہاتھوں دھونا پڑا تاہم اب ایک بار پھر وہ گریٹ کھالی سے بیلٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ رنگ میں حریف پہلوان کیلئے دہشت علامت سمجھے جانے والے بٹیسٹا عام زندگی میں انتہائی شفیق نرم دل انسان ہیں۔بٹیسٹا کا بچپن انتہائی غربت اور مفلسی میں گزرا،بٹیسٹا اپنی زندگی کے ابتدائی ایام کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ”میں نے فٹ پاتھ پر بھی راتیں گزاریں ہیں “ماں باپ کی آپس میں علیحدگی ہوجانے سے بٹیسٹا کی تعلیم و تربیت خاصی متاثر ہوئی اور وہ بچپن ہی سے محرومیوں کا شکار رہے۔

غربت کی وجہ سے وہ جم میں ملازمت کرتے رہے اور یہیں ان کے دل میں ریسلر بننے کی امنگ پیدا ہوئی۔گزشتہ برس انگلینڈ آمد کے موقع پر ”دی سن “اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں بیٹسٹانے پہلی بار اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا۔ بیٹسٹا کئی بارڈبلیوڈبلیو کی پالیسوں پر تنقید بھی کرچکے ہیں جن میں بچوں کے سامنے خونریز مقابلے نہ کرانے کی سفارش کی گئی اور اس کے علاوہ بٹیسٹا رنگ میں کھڑے ہوکر ڈئیلاگ بولنے کے بھی شدید مخالف ہیں ۔

18جنوری 1969کو پیدا ہونے والے بٹیسٹا کے والدین کا تعلق یونان اور فلپائن سے ہے ۔بٹیسٹا نے اپنی زندگی میں اب تک دو شادیاں کیں ہیں انہوں نے 1998میں امریکی نژاد جاپانی لڑکی سے شادی کی جس سے ان کی بیٹیاں ہیں۔پہلی بیوی اینجی کینسر کے وجہ سے انتقال کرچکی ہیں جبکہ دوسری شادی ایک امریکی لڑکی سے کی جس سے اب علیحدگی ہوچکی ہے۔بٹیسٹا ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق سپر سٹار راک کی طرح اپنے جسم پر نقش و نگار بنانے میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں اس بارے میں بٹیسٹا کا کہنا ہے کہ جسم پر بنے ٹیٹومیری زندگی میں پیش آنے والے واقعات سے وابستہ ہیں مثلاً کمر اور سیدھے ہاتھ پر بنے ہوئے نقش و نگار کے حوالے سے بیٹسٹاکہتے ہیں کہ یہ میری پہلی بیوی کے دستخط کو مختلف اشکال میں تبدیل کرکے بنائے گئے ہیں۔

اس طرح پیٹ پر بنے ہوئے کرنیں بکھیرتے ہوئے سورج کے نشان کے بارے میں بٹیسٹا کہتے ہیں کہ یہ کامیابی اور کامرانی کیلئے نیک شگون نشان ہے۔حالیہ دنوں میں بائیں بازو پربنائے گئے فلپائن اور یونان کے جھنڈوں کے رنگ سے مزین ٹیٹوکو بٹیسٹا اپنے والدین سے محبت اور ان کے آبائی ملکوں سے وابستگی کی علامت قرار دیتے ہیں۔

مزید مضامین :