Review of PTCL CharJi 4G LTE

Review Of PTCL CharJi 4G LTE

پی ٹی سی ایل کے تیز ترین وائرلیس انٹرنیٹ ’’چار جی‘‘ کا تفصیلی جائزہ (Review)

پی ٹی سی ایل نے ملک میں تیز ترین وائرلیس انٹرنیٹ ’’ ایو چار جی‘‘ لانچ کر دیا ہے ، جو سابقہ ’’ایو‘‘ نیٹ ورک کو ہی استعمال کرتا ہے، اور اسی طرح مختلف اقسام کی ڈیوائسس میں دستیاب ہے، جس میں یو ایس بی ڈیوائسس اور’’ وائی فائی کلاؤڈز‘‘ شامل ہیں۔
پی ٹی سی ایل کے مطابق یہ نئی ٹیکنالوجی 36MBPsکی تیز ترین رفتار سے صارفین کو انٹرنیٹ کی سپیڈ فراہم کرے گی۔

اور آپ کی ڈاؤنلوڈنگ اور ویڈیو گیمنگ میں حیرت انگیز تبدیلیاں لائے گی۔ ہم نے اس’’چار جی‘‘ ڈیوائس کا تفصیلی جائزہ لیا،جو آپ کے سامنے ہے۔

یہ ڈیوائسس فلحال لاہور، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں پی ٹی سی ایل کی ون سٹاپ شاپس پر با آسانی دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

خریدار سے صرف اسکے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی لی جاتی ہے، جسکے بعد صارف کو اسے بذریعہ فون ایکٹیویٹ کروانا پڑتا ہے۔

چار جی میں تین طرح کی ڈیوائسس متعارف کروائی گئی ہیں۔ جس میں یو ایس بی ڈیوائس، وائی فائی کلاؤڈ Rev.Aاور وائی فائی کلاؤڈ Rev B. شامل ہیں۔ Rev Aکی ڈیوائس ZTEچائنہ کی بنائی گئی ہے، اور Rev B.کی ڈیوائس BandLuxe تائیوان نے بنائی ہے۔
دونوں میں فرق سپیڈ کا ہے، اگر آپ ’’چار جی‘‘ سگنل والے علاقے میں نہیں ہیں تو Rev A ڈیوائس آپ کو ایو 3.1ایم بی نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کرے گی، اور Rev Bڈیوائس آپ کو 9.3ایم بی نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کرے گی۔ ہم آپ کو ’’چار جی‘‘ کی Rev Bڈیوائس کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

یہ ڈیوائس سائز میں بہت چھوٹی ہے، اور آپ کی جیب میں با آسانی سما سکتی ہے۔

اسکا بیٹری ٹائم 5گھنٹے لگاتار استعمال ہے، جو کافی مناسب ہے۔ اسکے علاوہ اسکا میٹریل پلاسٹک ہے، لیکن یہ کافی مضبوط پلاسٹک کی بنائی گئی ہے۔ یہ سلائیڈنگ ڈیزائن کی حامل ہے، یعنی اگر اس ڈیوائس کو چلانے کیلئے آ پ کو ڈیوائس کو اوپر کی طرف سلائیڈ کرنا ہوگا، جس سے یہ چل جائے گی، اور اس پر موجود ایل ای ڈی لائیٹس چلنا شروع ہو جائیں گی۔
جبکہ سلائیڈ نیچے کرنے سے یہ بند ہو جائے گی۔ سلائیڈنگ ڈیزائن کافی متاثر کن ہے، لیکن ماضی میں بہت سارے موبائل فونز کے ماڈل صرف سلائیڈنگ میں خرابی کی بدولت مارکیٹ میں فلاپ ہو چکے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ’’چار جی ‘ ‘ کی یہ ڈیوائس زیادہ دیر تک چل سکے گی یا نہیں!۔

یہ ڈیوائس بذریعہ ’’ سم کارڈ‘‘ چلتی ہے، اور سم کارڈ اسکے ساتھ فراہم کیا جاتا ہے، یہ سم بالکل موبائل سم کی طرح ہے، اور اس ڈیوائس کے اندر لگ جاتاہے۔

اسکی پیکنگ باقی ’’ایو ‘‘ ڈیوائسس کی طرح ہی کی گئی ہے، اور ڈبے میں یو ایس بی کیبل، چارجر، بیٹری، چار جی ڈیوائس، اسکو استعمال کرنے کا مینوئل اور سم کارڈ شامل ہیں۔

پی ٹی سی ایل چار جی

ایکٹیویشن کے بعد یہ ڈیوائس بغیر کسی مسئلے کے نیٹ ورک پر خودکار طریقے سے منسلک ہو جاتی ہے۔ صارفین کو کسی قسم کی تبدیلی کرنے کی ضرورت نہیں۔ اسکا وائی فائی نام CharJi پہلے سے منتخب کیا گیا ہے، اور اسکا پاسورڈ اسکے ڈبے پر لکھا گیا ہے۔

آپ وائی فائی کا نام، اور پاسورڈ با آسانی کنٹرول پینل سے تبدیل کر سکتے ہیں، اسکا طریقہ مینوئل میں تحریر کیا گیا ہے۔ یہ ڈیوائس ایک وقت میں 10 وائی فائی کنیکشن چلا سکتی ہے، جبکہ اس سے قبل پی ٹی سی ایل کی تمام ڈیوائسس پر صرف 5ڈیوائسس چلانے کی حد مقرر کی گئی تھی۔

اس ڈیوائس پر انتہائی خوبصورت ایل ای ڈی لائیٹس موجو د ہیں، جو آپ کو کنیکشن کا سٹیٹس ، بیٹری کی معیاد، وائی فائی کے آن ہونے کے بارے میں، چارجنگ کے بارے میں ، سگنل کی طاقت ، اور کسی پیغام کے آنے کے بارے میں آگاہ کرتی ہیں۔

 اسکے علاوہ دائیں جانب چارجر لگانے کی پورٹ ہے، اور بیرونی اینٹینا لگانے کی پورٹ۔ جبکہ بائیں جانب وائی فائی WPSکا بٹن، اور LTEکا اینٹینا لگانے کی پورٹ ہے۔

اس ڈیوائس کی وائی فائی کی رینج کافی دور تک جاتی ہے، لیکن اگر آپ ڈیوائس سے دور ہیں تو آپ کوپریشانی کا سامنا کر سکتا ہے، ڈیوائس کے وائی فائی سگنل تو آئیں گے، لیکن انٹرنیٹ کی سپیڈ بالکل نہیں آئے گی۔

آپ اسے ایک یا دو کمروں کے فاصلے پر ہی بہتر استعمال کر سکتے ہیں۔یعنی اگر آپ کو 40فیصد سگنل مل رہے ہیں تو پھر بھی آپ کا انٹرنیٹ نہیں چلے گا۔ تقریباََ 50فیصد سگنل ہونے پر ہی آپ انٹرنیٹ استعمال کر سکتے ہیں۔بعض صارفین کو دیگر ’’ایو‘‘ ڈیوائسس کے گرم ہونے سے کافی پریشانی لاحق تھی، دیگر ’’ ایو‘‘ ڈیوائسس کی طرح یہ ڈیوائس بھی چلتے چلتے بہت گرم ہو جاتی ہے۔
اسلئے اسکا بھی جیب میں یا کسی بیگ کے اندر رکھنا مناسب نہیں ہوگا۔

اس ڈیوائس کا ڈیزائن تو کافی متاثر کن ہے، لیکن اب ہم اس دعویٰ کی طرف آتے ہیں جو کہ پی ٹی سی ایل نے کیا ہے، یعنی 36MBPsسپیڈ کا۔ ہم نے لاہور کے مختلف علاقوں میں اس ڈیوائس کو استعمال کیا، اور دیکھا کہ اسکی سپیڈ کیسی ہے۔

فلحال ہمیں زیادہ سے زیادہ سپیڈ 10.28ایم بی فی سیکنڈ کی ملی ۔ ہمیں اُمید تھی کہ اگر پی ٹی سی ایل نے 36ایم بی کا دعویٰ کیا ہے تو کم از کم 25یا 20ایم بی سپیڈ تو آئے گی، لیکن ہمیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا!۔ سپیڈ ٹیسٹ کے رزلٹ علاقے کے حساب سے نیچے دئیے گئے ہیں۔

گلبرگ (تیز ترین)

 
ڈیفنس:

 
جوہر ٹاؤن:

 
مال روڈ:

 
ٹھوکر نیاز بیگ:

 
اس ڈیوائس کے ماہانہ اخراجا ت 2000روپے 25جی بی کی لمٹ کے ساتھ، اور 3500روپے ماہانہ 50جی بی کی لمٹ کے ساتھ ہیں۔

’’چار جی ‘‘کی یہ سروس کافی متاثر کن ہے اگر اسی طرح سے چلے جس طرح اسکے بارے میں اشتہارات دئیے جا رہے ہیں۔ فلحال اسکی سپیڈ اتنی اچھی نہیں جتنا دعویٰ کیا جا رہا ہے، عین ممکن ہے کہ اگلے چند ہفتوں یا مہینوں تک اسکی سپیڈ مزید بہتر ہو جائے ۔اگر آپ اپنے ڈی ایس ایل کینیکشن یا وائی میکس سے تنگ ہیں تو ’’ چار جی‘‘ پر منتقل ہونے میں حرج نہیں، لیکن اگر آپ پہلے ہی ’’ایو‘‘ یا ’’ ایو نائیٹرو‘‘ وغیرہ استعمال کر رہے ہیں تو شائید ’’چار جی‘‘ پر منتقل ہونے کا فیصلہ فلحال درست ثابت نہ ہو!.

تاریخ اشاعت: 2014-08-03

More Technology Articles