apple will provide urdu Nastaleeq support

Apple Will Provide Urdu Nastaleeq Support

ایپل کے سی ای او نے اردو کے حوالے سے ایک بڑا مطالبہ مان لیا۔

تحریر:کاشف علی

ایک وقت تھا کہ کمپیوٹر اور موبائل پر اردو لکھنے کے لئے بڑے پاپڑ بیلنے پڑتے تھے۔ آج کل بھی ایسے لوگ جو کوئی خاص تکنیکی مہارت نہیں رکھتے ان کے لئے موبائل پر اردو لکھنا جان جوکھوں کا کام ہے۔ ہم آپ کو ملواتے ہیں ایک ایسے پاکستانی سے جو اردو کے چاہنے والے کروڑوں دوسرے لوگوں کی طرح چاہتا ہے کہ اسمارٹ پر بہتر اور خوبصورت اردو کو لکھنا آسان بنایا جاسکے۔


سیلی کان ویلی کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں ایپل اور اینڈروئیڈ کی مالک گوگل نے اسمارٹ فونز میں استعمال کے لئے اردو کی بورڈ لے آوٹ متعارف کروا رکھے ہیں جن کی مدد سے آئی او ایس اور اینڈروئیڈ ڈیوائسز پر اردو لکھی جاسکتی ہے۔ تاہم بدقسمتی سے ان آپریٹنگ سسٹمز میں نسخ فونٹ استعمال کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اردو دان طبقہ چونکہ حسن پرست واقع ہوا ہے، اس لئے نسخ فونٹ کو پڑھنا طبعیت پر گراں گزرتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اردو لکھنے اور پڑھنے کے لئے نستعلیق رسم الخط استعمال کیا جاتا ہے۔
اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے امریکی نژاد پاکستانی مدثر عظیمی نے ایپل کے سی ای او ٹم کک کو خط لکھا تھا اور مختلف فونٹ اور اردو کے لئے بہتر نستعلیق فونٹ کو آئی فون پر فراہم کرنے کے حوالے سے زور دیا تھا ۔ مدثر عظیمی جو کہ امریکہ کے ایک بڑے بینک میں یوزر انٹریکشن مینجر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، کے مطابق ایپل کے سی ای او ٹم کک کے آفس سے انہیں ایک فون کال موصول ہوئی جس میں انکے ای میل پیغامات، خطوط اور سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کے مطالبے کو مانتے ہوئے آئی فون میں پر نستعلیق فونٹ کی سپورٹ فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا۔
یہ وعدہ رسمی طور پرiOS 9 کے آزمائشی ورژن میں پورا کیا گیا لیکن حتمی ورژن میں نستعلیق فونٹ کو پھر شامل نہیں کیا گیا۔
مدثر عظیمی جنہوں نے ایپل کے ایپ سٹور آئی ٹیونز پر پہلا اردو کی بورڈ رائٹر "اردو رائٹر" اور بچوں کو اردو سکھانے والا ایپ "الف ب پ" متعارف کروایا تھا اس صورتحال سے تھوڑے مایوس ہیں، لیکن اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انکی حالیہ کاوش اینڈروئیڈ پلیٹ فارم میں نستعلیق فونٹ متعارف کروانے اور اردو کی سپورٹ شامل کرنے پر مرکوز ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے گوگل کے سی ای او سندر پچا ئی اور چیرمین لیری پیج کے نام ایک کھلا خط بھی لکھا ہے۔
مدثر عظیمی کے مطابق پاکستان اور بھارت میں چھپنے والی تمام اردو کتب بشمول درسی کتب نستعلیق رسم الخط میں ہی چھپتی ہیں۔
اخبارات و جرائد بھی نستعلیق رسم الخط ہی استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس میں اردو بہتر اور خوبصورت انداز میں لکھی جاتی ہے جبکہ نسخ رسم الخط جو بنیادی طور پر عربی اور فارسی میں رائج ہے، میں اردو پڑھنا کوئی زیادہ خوشگوار تجربہ نہیں ہوتا۔
اس ضمن میں سوشل میڈیا پر ایک مہم بھی جاری ہے۔ جس میں آپ بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ اپنی ٹوئیٹ یا فیس بک سٹیٹس میں ہیش ٹیگ
#NastaleeqItApple
#NastaleeqItGoogle
استعمال کریں اور اس مہم میں حصہ لیں۔

(کاشف علی صحافی ہیں۔ ٹیکنالوجی، جدید ٹرینڈز اور انٹرپرنورشپ میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ انکا ٹوئیٹر ہینڈل @ChKashifAli ہے۔)

apple will provide urdu Nastaleeq support
تاریخ اشاعت: 2016-09-09

More Technology Articles