گوگل آن لائن طبی سہولیات کی پاکستانی کمپنی ’مرہم‘کو معاونت فراہم کرے گا

گوگل اورمرہم کے درمیان پارٹنر شپ کا معاہدہ ستمبر میں چین کے شہر شنگھائی میں ہوگا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء)انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی گرو کمپنی ’گوگل‘ آن لائن طبی سہولیات اور سروسز فراہم کرنیوالی نئی پاکستانی کمپنی ’مرہم‘ کو معاونت فراہم کریگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گوگل پاکستانی کمپنی سمیت ایشیا کے 10 ممالک کی نئی کمپنیوں کو بھی معاونت فراہم کرے گی تاکہ یہ کمپنیاں اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں گی۔
گوگل انہیں نہ صرف مالی معاونت فراہم کرے گی بلکہ انہیں تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔گوگل ان کمپنیوں کو اپنے پرانے منصوبے ’گوگل انٹرپرینر پارٹنرز‘ کے تحت معاونت فراہم کرے گی۔ان کمپنیوں سے قبل بھی گوگل دنیا بھر کی متعدد نئی اسٹارٹ ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ایسی معاونت فراہم کر رہا ہے۔گوگل کے مطابق پارٹنر شپ معاونت کے لیے ایشیا بھر کے ممالک کی ایسی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کی گئیں تھیں جو نئی نئی بنی ہوں۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مطابق گوگل کو ایشیا بھر سے 305 انٹرٹینمنٹ، فوڈ، ہیلتھ، ٹیکنالوجی اور ذراعت سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنیوالی نئی آن لائن کمپنیوں کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے صرف 10 کو شارٹ لسٹڈ کیا گیا۔پاکستان سے صرف ایک ہی کمپنی ‘مرہم’ کو شارٹ لسٹ کیا گیاجو ملک بھر میں آن لائن طبی سہولیات فراہم کرتی ہے۔پاکستانی کمپنی کے علاوہ گوگل نے بھارت، جاپان، چین، جنوبی کوریا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، سنگاپور، آسٹریلیا اور ہانگ کانگ سے بھی ایک ایک کمپنی کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔
آن لائن طبی سہولیات فراہم کرنیوالی لاہور کی کمپنی‘مرہم‘ صارفین کو مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز کی گھر بیٹھے سروس فراہم کرتی ہے۔یہ کمپنی لاہور، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں صارفین کو گھر بیٹھے متعدد امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی سروس فراہم کرتی ہے۔گوگل اور مرہم کے درمیان پارٹنر شپ کا باقاعدہ معاہدہ آئندہ ماہ ستمبر میں چین کے شہر شنگھائی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران ہوگا۔
تاریخ اشاعت: 2018-08-16

More Technology Articles