پی آئی ٹی بی پلان نائن کے تحت سٹارٹ اپ ”سکرین اِٹ“ کا جرمن کمپنی کے ساتھ اڑھائی لاکھ ڈالر سرمایہ کاری معاہدہ

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جنوری2020ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منصوبے پلان نائن کے تحت سٹارٹ اپ ”سکرین اِٹ“ کے جرمن کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز ارفع ٹاور میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور‘ ڈی جی ساجد لطیف‘جرمن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو احسن نعیم اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
معاہدے کے تحت جرمن کمپنی سکرین اِٹ کو اڑھائی لاکھ ڈالر کی فنڈنگ مہیا کرے گی جس کے تحت یہ سٹارٹ اپ شہر میں ٹیکسیوں کی پچھلی سکرینوں پر ڈیجیٹل اشتہارات چلانے کے منصوبے پر عمل درآمد کرے گا۔

اس منصوبے سے کمپنیاں اپنے برانڈز کی ڈیجیٹل انداز‘انتہائی کم وقت اور لاگت میں تشہیر کر سکیں گی اور ٹیکسی ڈرائیورز بھی بیس ہزار روپے تک اضافی آمدن کما سکیں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور کا کہنا تھا کہ پلان نائن کے تحت سٹارٹ اپ کی اتنی بڑی سرمایہ کاری کا حصول غیرمعمولی کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا پلان نائن سے اب تک ایک سو اسی سٹارٹ اپ کمپنیاں نکل کر دنیا بھر میں پھیل چکی ہیں۔یہاں چھ ماہ تک سٹارٹ اپس کو کام کرنے کی جگہ‘انٹرنیٹ‘ماہانہ مشاہرہ‘ تکنیکی  اور قانونی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
تاریخ اشاعت: 2020-01-03

More Technology Articles