Google Photos High quality vs Original

Google Photos High Quality Vs Original

گوگل فوٹوز میں تصاویر ہائی کوالٹی میں محفوظ کرنی چاہیے یا اوریجنل کوالٹی میں؟

گوگل فوٹوز نے صارفین کی زندگی کو بہت آسان بنا دیا ہے۔ اس ایپلی کیشن کی مدد سے کم سٹوریج کے حامل سمارٹ فونز رکھنے والے صارفین بھی تصاویر کو آن لائن محفوظ کر کے موبائل کی سٹوریج بچا سکتے ہیں۔ گوگل فوٹو تصاویر کو محفوظ کرنے کےلیے دو تجاویز دیتا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اگر صارف تصاویر کو ہائی کوالٹی میں محفوظ کریں گے تو انہیں آن لائن سٹوریج کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔

صارفین لامحدود سٹوریج کو استعمال کرتے ہوئے اپنی تصاویر ہائی کوالٹی میں محفوظ کرسکتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر صارفین اوریجنل کوالٹی میں تصاویر کو محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پھر اپنی آن لائن سٹوریج کی حد میں رہنا ہوگا۔ عام طور پر گوگل اپنے صارفین کو 15 جی بی آن لائن سٹوریج فراہم کرتا ہے، جس میں وہ ڈاکیومنٹس، ای میل اور تصاویر محفوظ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

15 جی بی سے زیاادہ سٹوریج حاصل کرنے کے لیے صارفین کو گوگل کو ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گوگل کی بیان کی ہوئی ہائی کوالٹی کتنی زیادہ ہائی ہوتی ہے؟ اس کے علاوہ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ دونوں سٹوریج آپشنز میں سے کونسا آپشن استعمال کرنا ہمارے لیے بہتر ہے۔
گوگل اپنی ہائی کوالٹی سٹوریج کا تعارف کراتے ہوئے بتاتا ہےکہ
• اس آپشن سے صارفین لامحدود سٹوریج مفت میں استعمال کر سکتے ہیں۔

• تصاویر کو جگہ بچانے کے لیے کمپریس کیا جاتا ہے۔ اگر تصاویر 16 میگا پکسل سے بڑی ہوں تو انہیں 16 میگا پکسل تک ری سائز کر لیا جاتا ہے۔
• ایسی ویڈیوز جو 1080p ریزولوشن سے زیادہ ہونگی، انہیں 1080p تک ری سائز کر لیا جائے گا۔1080p یا اس سے کم کی ویڈیو اصل کے قریب تر ہی رہیں گی۔

اوریجنل کوالٹی کے آپشن کے بارے میں گوگل بتاتا ہے کہ
• اس میں صارفین کو محدود سٹوریج فراہم کی جائے گی (15 جی بی )
• تمام تصاویر اور ویڈیوز اسی ریزولوشن میں محفوظ کی جائیں گی، جن میں انہیں بنایا گیا تھا۔

• یہ آپشن 16 میگا پکسل سے بڑی تصاویر یا 1080p سے بڑی ویڈیوز کے لیے بہتر ہے۔

اگر ہم ہائی کوالٹی آپشن میں سام سنگ گلیکسی ایس 8 سے بنائی ہوئی 12 میگا پکسل فوٹو کو گوگل فوٹو میں اپ لوڈ کریں تو گوگل فوٹو 4032 x 3024 = 12.19 MP; 16.7 MB کی اصل تصویر کو 4032 x 3024 = 12.19 MP; 1.05 MB میں بدل دے گا۔ یہاں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ گوگل نے تصویر کو تو ری سائز نہیں کیا لیکن سائز میں زبردست کمی ہوئی ہے۔
گوگل نے 16.7 ایم بی کی تصویر کو 1.05 ایم بی تک کمپریس کر دیا ہے، جو گوگل کے زبردست کمپریشن الگورتھم کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ گوگل 12 میگا پکسل کی تصویر کو نہ صرف کمپریس کرتا ہے بلکہ اسے ری سائز بھی کر دیتا ہے۔ گلیکسی ایس 8 سے بنائی ہوئی ایک دوسری 3024 x 4032 = 12.19 MP; 7 MB تصویر کو جب گوگل فوٹوز پر اپ لوڈ کیا گیا تو گوگل نے اسے 2268 x 3024 = 6.86 MP; 2.68 MB میں بدل دیا۔
یہاں نہ صرف گوگل نے تصویر کا سائز کم کیا بلکہ اسے کمپریس بھی کردیا تاہم کمپریشن ریشو اتنا زیادہ نہیں جتنا پہلی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے تھا۔تصویر کو ری سائز کرنے کے باوجود اس کے رزلٹ پر کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بہت سی جدید ڈیوائس سے بنائی تصاویر جو 16 میگا پکسل سے کم ہی ہوتی ہیں ، کو گوگل فوٹوز پر ہائی کوالٹی میں اپ لوڈ کرنے سے صرف تصویر کا سائز کم ہوتا ہے اور اس کا رزلٹ بھی خراب نہیں ہوتا۔

ڈیجیٹل کیمروں اور چند جدید ترین سمارٹ فونز سے بنائی گئی تصاویر کو ہائی کوالٹی اپ لوڈ کیا جائے تو گوگل اسے 16 میگا پکسل تک ری سائز کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ گوگل فوٹوز پر جب ہواوے پی 10 کے 20 میگا پکسل کیمرے سے بنائی گئی 3840 x 5120 = 19.66 MP; 8 MB تصویر اپ لوڈ کی گئی تو گوگل فوٹوز نے اسے 3464 x 4618 = 16 MP; 3.95 MB میں بدل دیا۔
یہاں گوگل نے تصویر 16 میگا پکسل تک ہی کم کیا ہے، جس سے تصویر 50 فیصد تک کمپریس اور بہت تھوڑی سی سی سائز ہوئی ہے، جس کا رزلٹ پر کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔

گوگل فوٹوز پر ہائی کوالٹی سیٹنگ میں RAW امیجیز کو اپ لوڈ کرنا کافی نقصان دہ ثابت ہوتاہے۔ RAW امیجیز اگرچہ 16 میگا پکسل سے کم بھی ہو تو بھی گوگل اُنہیں ریگولر JPEGsمیں کنورٹ کر دیتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ تصاویر کا سنسر ڈیٹا ختم ہو جاتا ہے۔اگر آپ کی تصاویر RAW فارمیٹ میں ہے تو آپ کو انہیں اوریجنل سیٹنگ کے ساتھ ہی اپ لوڈ کرنا چاہیے۔تجربے کے لیے ہواوے پی 10 سے لی ہوئی 23 ایم بی DNGفائل کو گوگل فوٹوز پر ہائی کوالٹی سیٹنگ کے ساتھ اپ لوڈ کیا گیا تو گوگل فوٹو نے اسے 820 کلو بائٹس کی ریگولرJPEG میں بدل دیا۔
اس سے نہ صرف تصویر کی شارپ نیس متاثر ہوئی بلکہ رنگ بھی پھیکے پڑ گئے۔
آج کل کے سارے جدید ترین سمارٹ فونز 12 یا 16 میگا پکسل کیمرہ کے ساتھ آتے ہیں۔ ان سب کے لیے گوگل فوٹوز کی ہائی کوالٹی سیٹنگ استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ، ہاں سونی کے چند ایک سمارٹ فونز یا ڈیڈیکیٹڈ کیمروں کی RAW فائلیں محفوظ کرنے کےلیے اوریجنل کا آپشن استعمال کرنا بہترہے۔

تاریخ اشاعت: 2017-05-14

More Technology Articles