انٹر میڈیٹ پارٹ فرسٹ کاامتحان 22مئی سے شروع ہوگا

ہفتہ 12 مئی 2018 23:25

ڈی جی خان۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء)ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام انٹر میڈیٹ پارٹ فسٹ(گیارہویںکلاس) کا امتحان 22مئی سے شروع ہو رہا ہے جو 6جون تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے بتایاکہ ریگولر طلبائوطالبات کی رولنمبر سلپس ان کے ادارہ جات جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی رولنمبر سلپس ان کے داخلہ فارم پر درج پتہ جات پر ارسال کر دی گئی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ریگولر امیدواروں کی رولنمبر سلپس کی پچھلی طرف ادارہ کے سربراہ کے دستخط اور مہر ثبت ہونا لازمی ہے۔ انہوںنے کہاکہ رولنمبر سلپ کے بغیر یا فوٹو کاپی پرامتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ رولنمبرسلپ نہ ملنے یا گم ہونے کی صورت میں ڈوپلیکیٹ سلپ بنوائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کنٹرولر نے بتایاکہ امیدواروں کا تمام امتحانی ڈیٹا ویب سائیٹwww.bisedgkhan.edu.pk پر اپ لوڈکر دیاگیاہے علاوہ ازیں امیدوار 800295پر ایس ایم ایس کر کے بھی اپنا امتحانی ڈیٹا معلوم کر سکتے ہیں۔

شیخ امجد حسین نے بتایا کہ امتحان انٹر میڈیٹ پارٹ فسٹ میں کل 47720 امیدوارشرکت کررہے ہیں امتحان کیلئے 144سنٹرز بنائے گئے ہیں جن میں 78طلباء ، 59طالبات جبکہ سات مشترکہ سنٹرز شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازیخان میں 31، مظفرگڑھ میں 59، لیہ میں 34اور راجن پور میں 20سنٹرز بنائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کنٹرولرامتحانات شیخ امجد حسین نے بتایاکہ امتحان کیلئے نگران عملہ اور انسپکٹرز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

انہوںنے بتایا کہ جو امیدوارنمبر بہتر کرنے کی غرض سے امتحان دے رہے ہیں وہ پہلے سے پاس شدہ سکیم آف سٹڈیز کے مطابق امتحان دینے کے پابند ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2018کے پریکٹیکلز 8جون سے 13جولائی تک ہوں گے۔ اگر کوئی امیدوار پریکٹیکل امتحان میںشریک نہیں ہو گا تو وہ غیر حاضر تصور ہو گا۔مزید معلومات کیلئے دفتر بورڈ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

Browse Latest Weather News in Urdu