فیصل آبا د کو سی پیک کے تحت تعمیر ہونیوالی لاہور، ملتان کراچی موٹروے سے ملانے کیلئے فوری ذیل گجراں اڈا ستیانہ کے مقام پر انٹر چینج تعمیر کیا جائے،رانا سکندر اعظم کا وزیراعظم سے مطالبہ

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آبا د کو سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والی لاہور، ملتان کراچی موٹروے سے ملانے کیلئے فوری طور پر ذیل گجراں اڈا ستیانہ کے مقام پر انٹر چینج تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد آبادی کے لحاظ سے ملک کا تیسرا بڑا شہر ہے جبکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات کی وجہ سے اس کا زیادہ سے زیادہ شاہراہوں سے براہ راست منسلک ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری محاصل کی ادائیگی کے حوالے سے بھی فیصل آباد کراچی کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے۔ اسی طرح اردگر د کے اضلاع سے لوگوں کی بڑی تعداد روزگار کے حصول کیلئے بھی فیصل آباد منتقل ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کثیر سرمایے سے لاہورملتان، کراچی موٹروے کو مکمل کیا گیا ہے۔ مگر رابطہ سڑکوں سے پوری طرح منسلک نہ ہونے سے اسے اپنی استعداد کے مطابق اس پر سفر کرنے والوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر فیصل آباد کی ٹریفک کو آسان اور مختصر ترین راستہ سے اس موٹر وے سے ملا دیاجائے تو اس سے نہ صرف برآمدات کی تیز رفتار نقل و حمل میں مدد ملے گی بلکہ اس موٹر وے پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ اس لئے تاندلیانوالہ روڈ اڈا ستیانہ کے نزدیک چک نمبر اڈہ 426ذیل گجراں کے مقام پر انٹر چینج فوری طور پر تعمیر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس لنک روڈ کی تعمیر و مرمت اور کشادگی کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ فیصل آباد سے کراچی جانے والے برآمدی کنٹینروں کو مختصر راستہ مہیا کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس انٹر چینج کی وجہ سے سڑک کے ذریعے فیصل آباد سے لاہور ، ملتان یا کراچی جانے والوں کو بھی ایک مختصر راستہ مل سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس انٹر چینج کی وجہ سے فیصل آباد سے لاہور کا سفر جو اس وقت دو گھنٹے میں طے ہوتا ہے وہ سواگھنٹے میں طے ہو سکے گا۔

رانا محمد سکندر اعظم خاں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے رکن میاں فرخ حبیب ،رضا نصراللہ گھمن، صوبائی اسمبلی کے ارکان لطیف نذر، میاں وارث عزیز، عادل پرویز گجر اور عمر فاروق بھی اس سلسلہ میں وفاقی حکام سے ملاقات کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس جائز مطالبہ کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ اس سلسلہ میں وفاقی وزارت مواصلات کو بھی خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس مسئلے پر فوری توجہ دیں اور ذیل گجراں انٹر چینج کی تعمیر کا باضابطہ اعلان کریں۔

Browse Latest Weather News in Urdu