لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ،نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا

شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک سست روی کا شکار ،لیسکو کے 130 فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوںبجلی غائب رہی

لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2020ء)لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، با رش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 130 فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوںبجلی غائب رہی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلار دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے ۔

پنجاب میں لاہور،فیصل آباد، قصور، چکوال، ننکانہ صاحب، شکر گڑھ، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ہارون آباد، رحیم یار خان، خان پور، اوچ شریف سمیت کئی مقامات پر بارش ہوئی ۔کراچی میں بھی بوندا باندی سے سردی بڑھ گئی، جیکب آباد، سکھر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے چاغی سمیت مختلف مقامات پر بارش سے ندی نالے بپھر گئے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے، کوئٹہ میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم یخ بستہ ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخواہ ، بلوچستان اور سندھ میں بارش کی جھڑی آج منگل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی جبکہ پہاڑوں پر مزید برف باری کا بھی امکان ہے۔ بارش کی وجہ سے لاہور میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس سے شہریو ں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف شاہراہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔موسلادھار بارش کے بعد لیسکو کا ترسیلی نظام بھی متاثر اور130فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہو گئی ۔

Your Thoughts and Comments