کراچی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ

درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، سمندری ہوائیں بھی بند ہیں، کراچی میں ہیٹ ویو مزید دو دن جاری رہے گی،محکمہ موسمیات

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2021ء) شہر قائد میں اپریل میں ہی سورج آگ برسانے لگا ہے۔ ہفتہ کا دن شہر قائد میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارلحکومت کراچی ہفتے کو بھی گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں رہا اور درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ سمندری ہوائیں بھی بند ہیں۔

کراچی میں ہیٹ ویو مزید دو دن جاری رہے گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 5 فیصد ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل محکمہ موسمیات نے سندھ میں ہیٹ ویو اور ملک کے دیگر علاقوں میں گرمی کی پہلی لہر کی پیشن گوئی کی تھی۔ سندھ میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبے کے ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو مراسلے بھیج دیے گئے تھے۔

جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ہیٹ ویو کے خدشات ہفتے تک رہیں گے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں اور سڑکوں پر پانی کی سبیلیں و ہیٹ ویو کے حوالے سے کیمپ لگائے جائیں۔

Your Thoughts and Comments