بلاتفریق رنگ ونسل انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، سعید احمدبیگ

پیر 12 اپریل 2021 17:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2021ء) پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے کہاہے کہ بلاتفریق رنگ ونسل انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، دکھی انسانیت کی خدمت آخرت سنوارنے کا ذریعہ ہے، جو اللہ کے دیئے ہوئے مال میں سے اللہ کی مخلوق کے لئے خرچ کرتے ہیں اللہ ان کے مال میں مزیداضافہ کردیتاہے،صاحب حیثیت لوگ خلق خداکی ضروریات پوری کرنے میں فلاحی اداروں کا ہاتھ بٹائیں۔

یہ باتیں انہوں نے ضرورتمند خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم کے موقع پر کہیں، اس موقع پر معروف سماجی شخصیت فقیر ملک محمدشکیل قاسمی، ماں سہاراویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری رحمت علی عباسی ودیگر بھی موجودتھے۔دریں اثناء پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ سے ملاقات کے لئے آئے ہوئے وفد نے ان کی فلاحی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تحائف پیش کئے۔

(جاری ہے)

سعید احمدبیگ نے مزید کہاکہ یہ اللہ تعالیٰ کی کرم نوازی ہے کہ اس نے ہمیں اپنے بندوں کی خدمت کے لئے منتخب کیاہے، یہ ہمارے لئے ایک بڑی سعادت ہے ،جب تک اللہ تعالیٰ نے توفیق دی اس کی رضااور خوشنودی کے لئے فلاحی کام سرانجام دیتے رہیں گے۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاکہ انسانیت کی خدمت ایک عظیم کام ہے اس سلسلے میں پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ کی خدمات لائق صدتحسین ہیں ،ان کا جذبہ دیکھ کر رشک آتا ہے، بلاامتیاز انسانیت کی بنیادپر امدادی سلسلہ لائق تقلید اور قابل عمل ہے،دیگر صاحب حیثیت شخصیات کوبھی ان کا ساتھ دیناچاہئے تاکہ غریب اور مستحقین افرادکی معاونت کا یہ سلسلہ تادیر جاری رہے۔

ہماری دعاء ہے کہ اللہ ان پر اپنافضل وکرم جاری رکھے اور یہ اسی طرح مخلوق خداکی خدمت میں مصروف رہیں۔

Browse Latest Weather News in Urdu