ایڈمنسٹریٹر کراچی کا ضلع وسطی کاتفصیلی دورہ، خصوصی صفائی مہم کا معائنہ کیا

صفائی ستھرائی مہم کو مزید جاری رکھا جائے گا،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اچھا کام کر رہا ہے شہریوں کو بہتری نظر آئے گی،مرتضی وہاب

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 15:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) ایڈمنسٹریٹربلدیہ اعظمی کراچی مرتضی وہاب نے ضلع وسطی میں جاری خصوصی صفائی مہم کا معائنہ کرنے کے لئے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیاتفصیلات کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ڈی ایم سی وسطی کے تعاون سے ضلع وسطی میں تمام چھوٹے بڑے کچرے کے ڈھیر صاف کئے جا رہے ہیں دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر عادل ہاشمی، راشد رف اور دیگر افسران موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے یاسین آبادبرج، کچرا کنڈی عائشہ منزل، شہید ملت کالج روڈ، الکرم فلائی اووربرج، لیاقت آباد زون، ڈاکخانہ،سرسید چورنگی ناظم آباد زون،الطاف علی بریلوی روڈ، خاموش کالونی اسٹاپ کا دورہ کیا۔ سالڈ ویسٹ کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک600 سے زائد چھوٹے بڑے کچرے کے ڈھیر صاف کئے جا چکے ہیں مزید کام جاری ہے جس میں ٹریکٹر ٹرالی، شاول، ڈمپراوردیگر مشینری استعمال کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سالڈ ویسٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے افسران،ایم ڈی زبیراحمد چنہ کی سربراہی میں اچھا کام کررہا ہے جلد ہی شہریوں کو بہتری نظر آئے گی، انہوں نے کہا کہ صفائی مہم ابھی جاری رہے گی اور تمام پوائنٹس کلئیر کئے جائیں گے جبکہ یورپین اسپینش کمپنی کے ساتھ بھی فولواپ میٹنگ جاری ہیں اسپینش کمپنی کے ساتھ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے لئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جلد ہی کمپنی ضلع وسطی میں صفاء کا انتظام سنبھال لے گی۔

Browse Latest Weather News in Urdu