پاکستان کی فلم انڈسٹری کے دو سینئر فنکاروں فلم اسٹار شاہد اور مصطفی قریشی نے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے حکومت کو تعاون کی پیش کش کردی

وزیراعظم چاہیں تو انہیں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے تجاویز دے سکتے ہیں، اداکار شاہد، مصطفی قریشی کراچی والوں نے مجھے ہمیشہ بہت پیار دیا ہے۔ ایسا پیار مجھے لاہور میں بھی نہیں ملتا، اداکار شاہد کا تقریب سے خطاب فلم انڈسٹری میں سنتوش کمار کے بعد شاہد مکمل مردانہ وجاہت رکھنے والے ہیرو رہے ہیں۔ بہت سی فلمی ہیروئنز شاہد کی دیوانی رہی ہیں، مصطفی قریشی

اتوار 5 دسمبر 2021 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) پاکستان کی فلم انڈسٹری کے دو سینئر فنکاروں فلم اسٹار شاہد اور مصطفی قریشی نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے حکومت کو تعاون کی پیش کش کردی، وزیراعظم چاہیں تو انہیں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے تجاویز دے سکتے ہیں۔ کراچی پریس کلب میں کلچرل کمیٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے فلم اسٹار شاہد نے کہاکہ ضیاء الحق کے دور میں فلم انڈسٹری کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا گیا جبکہ بھٹو صاحب کے دور میں فلم انڈسٹری کو ترقی ملی تھی اور فنکاروں کی پذیرائی کی جاتی تھی۔

بھٹو صاحب فنکاروں کے قدردان تھے۔ اس موقع پر سینئر فلم اسٹار مصطفی قریشی، اداکار عدنان جیلانی، اسلم شیخ آرٹس فائونڈیشن کے فیصل ندیم، بابر عباسی، نواب کیفی، مرزا افتخار بیگ، راجہ کامران، آفتاب خان اور سلیم آفریدی کے علاوہ اطہر جاوید صوفی، رشید میمن اور پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کے سیکریٹری عبدالوسیع قریشی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پریس کلب کی جانب سے فلم اسٹار شاہد اور مصطفی قریشی کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

اداکار شاہد نے مزید کہا کہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے حسن طارق سمیت دیگر باکمال ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ کراچی والوں نے مجھے ہمیشہ بہت پیار دیا ہے۔ ایسا پیار مجھے لاہور میں بھی نہیں ملتا۔ فلم اسٹار مصطفی قریشی نے کہاکہ فلم انڈسٹری میں سنتوش کمار کے بعد شاہد مکمل مردانہ وجاہت رکھنے والے ہیرو رہے ہیں۔ بہت سی فلمی ہیروئنز شاہد کی دیوانی رہی ہیں اور ان کی یہ وجاہت آج بھی برقرار ہے۔

مصطفی قریشی نے مزید کہا کہ شاہد ایک ور اسٹائل فنکار ہیں اور رومانوی کرداروں کے علاوہ انہوں نے فلموں میں ایکشن کردار بھی بخوبی نبھائے ہیں۔ مصطفی قریشی نے کراچی پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کے ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں کراچی پریس کلب میں سب سے زیادہ ثقافتی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔ اسلم شیخ نے کہا کہ شاہد صاحب آنے والے فنکاروں کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اداکار عدنان جیلانی نے کہا کہ اداکاری کے میدان میں آج بھی شاہد صاحب کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ بابر عباسی نے کہاکہ شاہد صاحب نے فلم انڈسٹری میں یادگار دور گزارا ہے۔ فیصل ندیم نے کہا کہ شاہد اور مصطفی قریشی صاحب کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔ تقریب میں صحافیوں کے علاوہ شاہد کے پرستاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ کلچرل کمیٹی کے سیکریٹری عبدالوسیع قریشی نے اعلان کیا کہ فلم انڈسٹری میں شاہد صاحب کے 50 سال مکمل ہونے پر جلد ہی ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں لاہور سے بھی فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا۔

Browse Latest Weather News in Urdu