ملک کے اکثر علاقوں میں شدید سردی ، فروری کے پہلے ہفتے بارشوں کی پیشگوئی

جمعہ 30 جنوری 2015 10:52

لاہور/کراچی/مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری2015ء)محکمہ موسمیات نے فروری کے پہلے ہفتے میں ملک کے بالائی علاقوں اور بلوچستان میں مزید بارشوں کی نوید سنا دی ، ملک کے اکثر بالائی علاقے اب بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، مری ، گلیات ، پارا چنار ، مالاکنڈ ڈویژن اور کشمیر میں پیر اور منگل کو شدید برف باری کی توقع ہے۔ موسم کا حال بتانے والے پنڈتوں نے فروری کے پہلے ہفتے سے ملک کے بالائی علاقوں اور بلوچستان میں مزید بارشوں اور برفباری کی نوید سنائی ہے۔

مغرب سے آنے والی ہوائیں اتوار کے روز بلوچستان میں داخل ہوں گی ۔ اتوار سے منگل کے دوران اسلام آباد، بالائی وسطی پنجاب ،خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جبکہ شمالی بلوچستان ، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں اتوار اور پیر کے روز چند مقاما ت پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

سیاحوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ پیر اور منگل کو مری میں ایک بار پھر شدید برف باری ہوگی ۔ گزشتہ رات گلگت بلتستان ، کشمیر اور شمالی بلوچستان سمیت ملک کے اکثربالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہے ۔ اسلام اور راولپنڈی میں چمکیلی دھوپ اور دن نکھرا نکھرا ہے ۔ شہر اقتدار میں کل بھی درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ باغوں کے شہر لاہور میں بھی دن روشن اور ہوائیں سرد ہیں ۔ ملتان شہر اور گردو نواح میں سردی کی لہر برقرار ہے ۔ سب سے زیادہ سردی پارا چنار میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Browse Latest Weather News in Urdu