اسلام آبادسمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم دلفریب ہو گیا

جمعرات 19 فروری 2015 12:27

اسلام آباد / راولپنڈی / لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروی 2015ء) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم دلفریب ہو گیا ، آسمان سے گرتی بوندوں اور ٹھنڈی ہواوٴں نے جاتی ہوئی سردیوں کا راستہ روک لیا،محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی جبکہ پہاڑوں پر برف باری کاامکان ہے۔

آسمان سے گرتی بوندوں اور ٹھنڈی ہواوٴں نے جاتی ہوئی سردیوں کا راستہ روک لیا۔ اسلام آباد اور روالپنڈی میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ بارش سے شہر اقتدار کا موسم حسین ہو گیا۔پتہ پتہ ڈالی ڈالی نکھر گئی۔ ٹھنڈی ہوا نے دلفریب موسم کا لطف دوبالا کر دیا۔ لاہور میں رات گئے بوندا بوندا سے خنکی بڑھ گئی ، آسمان کو بادلوں نے گھیرے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

دن کے اوقات میں سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، کہیں کہیں ہلکی بارش بھی ہوئی۔ پشاور میں بھی گزشتہ شب ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ شہر کی فضاوٴں پر بادلوں کا راج رہا۔محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ۔ ملتان میں بھی آسمان پر کالے بادل چھا گئے۔ شام کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشوں کا حالیہ سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔

Browse Latest Weather News in Urdu