آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

منگل 6 اگست 2024 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2024ء) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں رحیم یار خان 17 اور جوہرآباد میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ،مون سون بارشوں کے باعث دریائوں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہے۔

دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے جبکہ تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دریں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ رواں سال مون سون سیزن میں 54 شہری جاں بحق اور 141 زخمی ہوئے جبکہ زیادہ تر اموات آسمانی بجلی اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جا رہی ہے ۔ڈی جی عرفان کاٹھیا نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قیمتی جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے ،کمزور اور بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں اور کسی بھی ہنگامی صوتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائین 1129 پر رابطہ کریں۔

Browse Latest Weather News in Urdu