پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دو روز کے دوران مون سون بارشوں کا امکان ، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

بدھ 7 اگست 2024 22:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2024ء) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 2 روز کے دوران مون سون بارشوں کا امکان اور 13 اگست تک دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطا بق منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خوشاب، فیصل آباد ، سر گو دھا اور نورپورتھل سمیت دیگر اضلاع میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ترجمان کیمطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیالکوٹ میں 21 ملی میٹر، گجرات 16 اور خانپور میں11 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث دریائوں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے،7 سے 13 اگست تک دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ،دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل اوروزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اور تما م متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مون سون سیزن میں 55 شہری جا ں بحق اور 145 زخمی ہوئے، زیادہ تر موات آسمانی بجلی اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جا رہی ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قیمتی جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے، شہری کمزور و بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں جبکہ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائین 1129 پر رابطہ کریں۔

Browse Latest Weather News in Urdu