آئندہ 2 روز میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات

بدھ 7 اگست 2024 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2024ء) آئندہ 2 روز میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔ مری، راولپنڈی، اٹک، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خوشاب، فیصل آباد ، سر گو دھا، نورپورتھل اور دیگر اضلاع میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی 43 ملی میٹر سیالکوٹ 21، چکوال 17، گجرات 16، مری 13 اور خانپور میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 7 سے 13 اگست تک دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔ شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ رواں سال مون سون سیزن میں 55 شہری جاں بحق اور 145 زخمی ہوئے۔ اموات آسمانی بجلی اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق جانبحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جا رہی ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قیمتی جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ کمزور و بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں۔ ایمرجنسی کی صوتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائین 1129 پر رابطہ کریں۔

Browse Latest Weather News in Urdu