اوپن یونیورسٹی اکتوبر میں اے اے او یو کی سالانہ کانفرنس کی میزبان ہوگی

جمعرات 8 اگست 2024 17:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز(اے اے او یو)کی 37ویں تین روزہ سالانہ عالمی کانفرنس 15 تا 17 اکتوبر منعقد کی جائے گی ۔ کانفرنس میں ایشیائی ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے 100 سے زائد وائس چانسلرز، ریکٹرز، پروفیسرز اور قومی سطح کے کم و بیش 250 ماہرین تعلیم و محققین مقالے پیش کریں گے اور اے اے او یو کی ایگزیکٹو باڈی اور جنرل باڈی کے ممبران بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید کو کانفرنس کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق یونیورسٹی نے اے اے او یو کی پہلی کانفرنس 1988 میں اور دوسری 2013میں منعقد کی تھی، یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر انٹرنیشنل کانفرنس کے انعقاد کے لئے وائس چانسلر نے ذمہ داری سونپی تھی، اس لئے ہم نے کوششیں تیز کرکے یونیورسٹی میں اے اے او یو کی ایک اور کانفرنس منعقد کرانے کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق اس کانفرنس میں بین الاقوامی اور قومی محققین اپنے مقالے پیش کریں گے جنہیں یونیورسٹی کے تحقیقی مجلوں میں شائع کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ کانفرنس میں پوسٹر پریزنٹیشنز اور پینل مباحثوں کے علاوہ دوران کانفرنس اے اے او یو کی یگزیکٹو باڈی اور جنرل باڈی کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔

Browse Latest Weather News in Urdu