کراچی میں موسم سرما کی سرد ترین رات، درجہ حرارت مزید گر گیا

بلوچستان کی یخ بستہ ہوائوں کے باعث کراچی میں موجودہ سردی لہر 9 جنوری تک برقرار رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

منگل 7 جنوری 2025 15:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2025ء)کراچی میں رواں موسمِ سرما کی سرد ترین رات اورمنگل کی صبح رہی جس کے سبب کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیامحکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ سردی لہر 9 جنوری تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کوشہر میں یخ بستہ ہوائوں کے باعث سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 تا 4 درجے زیادہ محسوس کی گئی۔

کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی ہوائوں کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جن میں نمی کا تناسب 27 فیصد تھا۔جناح ٹرمینل اور اطراف کے علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا، جناح ٹرمینل پر جنوری کا اوسط درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جناح ٹرمینل پر رات کا کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ گلستان جوہر میں 7.5، شارعِ فیصل پر 11.5، ماڑی پور میں 10 اور بن قاسم میں درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 جبکہ کم سے کم 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔بلوچستان کی یخ بستہ ہواں کے باعث کراچی میں سردی کی لہر برقرار ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ دن بھر 5 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال، شمال مشرقی اور شمال مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق 28 دسمبر کو کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Browse Latest Weather News in Urdu