ملک بھر میں آئندہ چند روز تک موسم سرد وخشک رہنے کا امکان

منگل 7 جنوری 2025 15:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں آئندہ چند روز تک موسم سرد وخشک رہنے اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے ۔اس صورتحال سے درجہ حرارت جنوری میں ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ جائے گا۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ۔منگل کو اانٹرویو میں متنبہ کیا کہ ملک میں ٹھنڈی ہوا کی نئی لہر اوردرجہ حرارت سنگل ڈیجٹ کی کم ترین سطح تک گرنے کا امکان ہے اور سردی کا یہ طویل سلسلہ کم از کم ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں موسم سرما میں ملک میں پہلے ہی ریکارڈ توڑ سردی پڑ چکی ہے اور اس سال جنوری اور دسمبر میں درجہ حرارت 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہا ہے۔

(جاری ہے)

درجہ حرارت میں اس غیر معمولی کمی نے شدید سرد موسم کی صورتحال پیدا کردی ہے اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔سردار سرفراز نے کہا کہ 9 سے 10 دنوں میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سرد ہوا کی ایک نئی لہر آنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا گلگت بلتستان میں 2 سے 3 روز تک بارش متوقع ہے تاہم جلد ہی یہ علاقہ خشک اور سرد موسم کی طرف لوٹ جائے گا۔مزید برآں، پی ایم ڈی نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سخت موسم سے خود کو بچانے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں شدید برفباری یا انتہائی کم درجہ حرارت کا امکان ہے، رواں موسم سرما کے دوران پاکستان میں اوسط سے کم برفباری اور بارشیں متوقع ہیں جو گزشتہ سالوں میں ہونے والی بارشوں کے پیٹرن سے نمایاں فرق ہے۔

Browse Latest Weather News in Urdu