بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا شدید کم دباوٴ سمندری طوفان میں تبدیل ،سندھ کے ماہی گیروں کو کل سے جمعرات کے دوران، بلوچستان کے ماہی گیروں کو بدھ سے جمعہ کے دوران کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت

پیر 8 جون 2015 12:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جون۔2015ء) بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا شدید کم دباوٴ سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا، سمندری طوفان کراچی کے جنوب میں850 کلومیٹر کے فاصلے پرموجود ہے،سندھ کے ماہی گیروں کو منگل (شام) سے جمعرات کے دوران جبکہ بلوچستان کے ماہی گیروں کو بدھ سے جمعہ کے دوران کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کردی گئی ۔

پیر کو محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا شدید کم دباوٴ سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شام سے بدھ کے دوران کراچی سمیت سندھ کے زیریں علاقوں جبکہ کل منگل سے جمعرات کے دوران بلوچستان کے ساحلی اور جنوبی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔

(جاری ہے)

تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ، قلات، مکران، میرپور خاص، حیدرآباد، راولپنڈی ڈویڑن، اسلام آباد گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرتیز/گرد آلود ہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم ہزارہ ڈویڑن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش پٹن میں 22 ملی میٹر جبکہ بالاکوٹ،راولا کوٹ 08، مظفر آباد 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈکیے گئے گرم ترین مقامات: سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو،نورپورتھل، سبی، موہنجوداڑو، لاڑکانہ، رحیم یار خان میں 46 جبکہ سکھر، روہڑی، جیکب آباد، تربت، بھکر، کوٹ ادو 45، شہید بینظیر آباد، مٹھی، چھور، ڈی آئی خان، بہاولپور 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

Browse Latest Weather News in Urdu