غلیظ ترین برطانوی گھر کا اعزاز 19 سالہ طالبہ کےنام

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 27 اپریل 2017 23:55

غلیظ ترین برطانوی گھر کا اعزاز 19 سالہ طالبہ کےنام
اکثر  طلباء کے ہاسٹل کے کمروں اور رہائش گاہوں میں  صفائی کی صورت حال زیادہ بہتر نہیں ہوتی۔ دوسروں کے تمام معاملات پر نظر رکھنے والے طلباء اپنی ہی رہنے کی جگہوں پر  صفائی کی صورتحال کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ برطانیہ میں تو طلباء کی اس عادت کے پیش نظر ہر سال غلیظ ترین رہائش گاہ کا مقابلہ ہوتا ہے۔
برطانیہ میں غلیظ ترین رہائش گاہ کا مقابلہ اس سال 19 سالہ بریٹنی کوپر نے جیتا ہے۔

بریٹنی کے باپ نے بریٹی کومذاق کے طور پر اس مقابلے کا لنک بھیجا مگر  برسٹل میں رہنے والی بریٹنی نے حقیقت میں اپنے گھر کی تصاویر مقابلے میں بھیج دی۔ مقابلے میں بہت سی غلیظ رہائش گاہوں کی تصاویر آئیں تھیں مگر ججز نے ایوارڈ بریٹنی کو دیا۔
بریٹنی کے گھر کی تصاویر میں فرش پر بکھرے پیزا باکسز، ڈسٹ بن میں پڑے کوڑے کے ڈھیر، غلیظ برتن اور کچن کی غلیظ حالت واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)


گلوسٹرشائر سے تعلق رکھنے والی بریٹنی کا کہنا ہے کہ اُن کے والد  نے مقابلے کے بارے میں پڑھا تو انہوں نے مذاق کے طور پر اسے بھی لنک بھیج دیا، کیونکہ وہ اس کے گھر اور اس کے ساتھ رہنے والی پانچ دیگر دوستوں کی عادات سے واقف تھے۔بریٹنی نے لنک ملنے کے بعد مقابلے میں شمولیت کا فیصلہ کیا اور جیت گئی۔بریٹنی کا کہنا ہے کہ وہ مقابلہ جیت کر بہت خوش ہے۔ بریٹنی کی خوشی کی وجہ 500 پاؤنڈ کا انعام بھی ہے جو اسے غلیظ ترین گھر کے اعزاز کے ساتھ دیا جائے گا۔ بریٹنی کا کہنا ہے کہ اس انعامی رقم سے  وہ اپنے نئے گھر کو سجائے گی اور نئے گھر کو صاف ستھرا بھی رکھے گی۔

Browse Latest Weird News in Urdu