بھارت میں ہونے والے داخلے کے امتحانات میں عملے کے لڑکیوں سے شرمناک مطالبے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 10 مئی 2017 23:48

بھارت میں ہونے والے داخلے کے امتحانات میں عملے  کے لڑکیوں سے شرمناک مطالبے

بھارت میں ہونے والے  National Eligibility and Entrance Test یا  NEET امتحانات میں نقل کو روکنے کے لیے عملہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ۔ امتحان میں شریک طلباء اور طالبات کو چیکنگ کے لیے میٹل ڈیٹیکٹر مشین سے گزرنے کا کہا گیا ۔ طلباء کے پاس موجود دھات کی تمام اشیاء نکلوا لی گئیں۔ حد تو یہ ہے کہ عملہ طالبات کو اوپری زیر جامہ میں دھات کا ہُک ہونے پر زیرجامہ اتارنے پر مجبور کرتا رہا ۔


اسی طرح کے ایک واقعے میں کیرالہ  کی 18 سالہ طالبہ کو  زیر جامہ اتارنے کا حکم دے دیا گیا۔ اس لڑکی کی ماں ، جو خود بھی ٹیچر ہےاورامتحانی مرکز کے باہر موجود تھی،  اس وقت حیران رہ گئی، جب اس کی بیٹی نے امتحانی مرکز میں جانے کے تھوڑی دیر بعد واپس آ کر اسے اپنے  دھات کے ہُک والے  اوپری زیر جامہ پکڑا دئیے۔

(جاری ہے)


یہ ایک واقعہ نہیں اس کے درجنوں واقعات مختلف امتحانی مراکز پر ہوئے۔

اسی طرح کے ایک شرمناک واقعے میں عملے نے لڑکی کو مجبور کیا کہ وہ اپنی جینز پر دھات کے بٹن اور اس کی جیب اتارے۔امتحان دلوانے کے لیے اس لڑکی کے باپ کو اپنی بیٹی کے لیے تین کلومیٹر دور جا کر نئے کپڑے لانے پڑے۔
آندھرا پردیش کے بہت سے  لڑکوں کو مکمل آستینوں والی شرٹ میں امتحان دینے کی اجازت نہیں د ی گئی ، جس کے باعث انہیں  موقع پر ہی  قینچی سے اپنی آدھی آستینیں کاٹنی پڑیں۔

اس امتحانی مرکز میں طلبا کو صرف ٹی شرٹ میں آنے کی اجازت تھی۔ایک  امتحانی مرکز کے قریب رہنے والی ایک  مسلمان فیملی نے طلبا کو 6 ٹی شرٹس  بھی تحفے میں دیں۔ بنگلورو کے ایک سکول نے  مکمل آستینوں والی شرٹ پہن کر آنے والوں کےلیے 2 درجن ٹی شرٹس کا بندوبست خود سے ہی کیا ہوا تھا۔
جوتوں کے حوالے سے بھی طلباء پر پابندی تھی کہ وہ سلیپر پہن کر آئیں یا ننگے پاؤں بیٹھ کر امتحان دیں۔

آندھرا پردیش میں لڑکیوں کو مجبور کیا گیا کہ وہ میٹل ڈیٹیکٹر مشین سے گزرنے کےلیے اپنے بالوں میں لگی دھات کی پن بھی اتار دیں۔ لڑکیوں پر کانوں میں بالیاں اور ناک میں پن  ڈالنے کی پابندی بھی تھی۔ اس کے علاوہ طلبا گہرے رنگ کے کپڑے بھی نہیں پہن سکتے تھے۔
امتحان لینے والے ادارے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری  ایگزامینشن کی ہدایات کے مطابق امتحان میں شریک طلباء پر بڑے بٹن، بروچ ، اونچی ہیل ، کرتا اور پاجامہ کی بھی پابندی تھی۔

موبائل فونز اور دوسری ڈیوائسز جیسے بلوٹوتھ بھی ساتھ رکھنے کی پابندی تھی۔ طلباء کو کہا گیا تھا کہ وہ ایڈمٹ کارڈ اور مطلوبہ کاغذات  کے ساتھ وقت مقررہ پر امتحانی مرکز  پہنچ جائیں۔
یہ امتحان ملک کے پبلک اور پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے تھا۔ 104 شہروں میں ہونے والے امتحان میں 11 لاکھ سے زیادہ طلباء نے شرکت کی۔

بھارت میں ہونے والے داخلے کے امتحانات میں عملے  کے لڑکیوں سے شرمناک ..

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu