نشے کے عادی شخص نے نشہ چھوڑنے کے بعد چوری کی ہوئی رقمیں لوٹانی شروع کر دیں

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 15 جولائی 2017 23:55

نشے کے عادی شخص نے نشہ چھوڑنے کے بعد چوری کی ہوئی رقمیں لوٹانی شروع کر دیں

نشے کے ایک عادی شخص نے نشے کی لت سے چھٹکارا پانے کے بعد اُس عورت کی تلاش کی جس کے پیسے چرا کر اس نے منشیات خریدیں تھیں۔
ایمی کرسٹائن نے فیس بک پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے۔ تصویر میں ایک خط اور 140 ڈالر کے نوٹ دکھائے گئے ہیں۔ پوسٹ کی تفصیل میں ایمی نے بتایا کہ کس طرح کئی سال پہلے اس کے گھر سے  اس کا پرس چوری ہوگیا تھا، جو تلاش کے باوجود نہیں ملا۔

ایمی نے بتایا کہ آج رات کسی نے اُن کے لیے  اُن کی میزبان کو ایک لفافہ دیا۔ایمی کا کہنا ہے کہ اسے یہ سب دیکھ کر یقین ہی نہیں آیا کہ کوئی اُنہیں تلاش کرنے کے لیے اتنی کوشش کر سکتا ہے۔ایمی نے اس شخص کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ اجنبی میں خوش ہوں کہ  اب آپ ٹھیک ہیں۔ آپ کا شکریہ۔ میری آنکھوں میں آنسو آ گئے ہیں۔
خط سے پتا چلتا ہے کہ چور نے پانچ سال پہلے اپنی زندگی بدلنے کافیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

چور نے خط میں بتایا کہ تقریباً ساڑھے پانچ سال پہلے میں نے آپ کا پرس چوری کیا تھا۔میں نشے کا عادی تھا اور نشہ پورا کرنے کے لیے جہاں سے ملے رقم چاہتا تھا۔ میں آپ کو نہیں جانتا ۔ میں نے رقم چرائی اور آپ کا  بیسٹ بائی کارڈ اپنے پاس رکھا اور پرس  سٹور کے ساتھ ڈسٹ بن میں ڈال دیا۔ کچھ عرصہ بعد میرا علاج شروع ہوا اور میں ٹھیک ہوگیا۔چار سال بعد مجھے اپنے پرانے کاغذوں میں  آپ کا بیسٹ بائی کارڈ نظر آیا، میں نے اس پر سے آپ کا نام پڑھا اور معلوم کیا کہ آپ کہاں کام کرتی ہیں، اس کے بعد اب میں یہاں ہوں۔

خط میں  سابق چور نے معافی بھی مانگی اور کہا کہ جو کچھ اس نے کیا ہے ، اس کے لیے یہ چھوٹی سی رقم قبول کی جائے۔خط کے آخر میں سابق چور نے دوبارہ چوری نہ کرنے اور ایماندارانہ زندگی گزارنے کا عہد کرنے کے ساتھ ساتھ ایمی کو ڈھیروں دعائیں دی۔

Browse Latest Weird News in Urdu