22ہزارافراد مفت وائی فائی کے لیے ٹائلٹ صاف کرنے پر بھی رضامند

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 19 جولائی 2017 23:53

22ہزارافراد مفت وائی فائی کے لیے ٹائلٹ صاف کرنے پر بھی رضامند
سافٹ وئیر انسٹال کرتے ہوئے  شرائط و ضوابط پڑھے بغیر آنکھیں بند کر کے  نیکسٹ نیکسٹ  کرنے والے صرف پاکستانی ہی نہیں  بلکہ دنیا  بھر میں صارفین کی اکثریت ایسا ہی کرتی ہے۔ حال ہی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مفت وائی فائی کے بدلے  شرائط و ضوابط پڑھے بغیر پبلک ٹوائلٹ صاف کرنے،  آوارہ بلیوں کو گلے لگانے اور گلیوں سے چیونگم صاف کرنے کا معاہدہ کیا۔


ایک عوامی تجربے کے لیے عوامی مقامات پر  وائی فائی فراہم کرنے والی کمپنی ، پرپل، نے   شرائط و ضوابط میں چند لائنوں کا اضافہ کیا۔ اس اضافے کو کمیونٹی سروس کلاز کا نام دیا گیا۔ مفت وائی فائی تک رسائی کےلیے صارفین کو اس مختصر سے معاہدے کو قبول کرنا تھا۔
شرائط و ضوابط میں صارفین سے کہا گیا تھا کہ وہ ایک ہزار گھنٹوں تک کمیونٹی سروس کریں گے۔

(جاری ہے)

مفت وائی فائی حاصل کرنے کی شرائط و ضوابط کے تحت صارفین سے کہا گیا تھا کہ وہ آوارہ کتوں اور بلیوں کو گلے لگائیں گے، مقامی پارکوں سے جانوروں کا فضلہ صاف کریں گے۔ مقامی تقریبات اور تہواروں کے دوران استعمال ہونے والی لیٹرینیں صاف کریں گے۔اپنے ہاتھ سے بلاک سیوریج کو کھولیں گے۔گھونگے کو پینٹ کریں گے اور گلیوں سے چیونگم  صاف کریں گے۔


2 ہفتوں کے تجربے کے دوران 22 ہزار سے زیادہ افراد نے ان شرائط و ضوابط کو قبول کیا۔کمپنی نے ایسے افراد کے لیے نقد انعام کا بھی اعلان کیا تھا جو شرائط و ضوابط میں شامل کی جانے والی ان اضافی شقوں کی نشاندہی کرے گا۔ تاہم صرف ایک شخص ایسا نکلا ، جس نے شرائط و ضوابط میں کیےجانے والے اضافے کی نشاندہی کی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ صارفین سے ایسے کام کرنے کے بارے میں بالکل نہیں کہے گی، اس کا مقصد تو شرائط و ضوابط نہ پڑھنے کے نقصان بتاناتھا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu