بیوی نے ریسٹورنٹ کے لیے آن لائن منفی تبصرہ کیاتو بدمعاشوں نےا س کے شوہر کو مارمار کرموت کے قریب پہنچادیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 19 ستمبر 2017 23:49

بیوی نے ریسٹورنٹ کے لیے آن لائن منفی تبصرہ کیاتو بدمعاشوں نےا س کے شوہر کو مارمار کرموت کے قریب پہنچادیا

کسی آن لائن سٹور یا شاپ یا ریسٹورنٹ کے لیے منفی تبصرہ کرنا کتنا نقصان دہ ہو سکتا ہے ، اس کا اندازہ چانگشا، چین سے تعلق رکھنے والے جوڑے کو ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یو نامی ایک عورت نے  ہونان کے دارالحکومت میں واقع اپنے پارلر میں موجود دوستوں کے لیے آن لائن باربی کیو کا آرڈر کیا لیکن یو اور اس کی دوستوں کو یہ کھانا پسند نہ آیا۔ مقامی چینل کی رپورٹ کے مطابق  یو کو کھانا بھی پسند نہیں اور اسے وہ تازہ بھی نہیں لگ رہا تھا۔

اگلے دن اس نے اپنے فوڈ ڈیلیوری کے پلیٹ فارم  پر ریسٹورنٹ کےکھانے کے بارے میں انتہائی منفی تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اُس نے اس سے برا باربی کیو پہلے کبھی نہیں کھایا۔ تبصرہ لکھنے کے کچھ دیر بعد ہی یو کو ایک فون کال آئی۔ کال کرنے والے نے صرف اتنا پوچھا کہ کیا یہ تبصرہ اس نے ہی لکھا ہے، جس کے جواب میں یو نےہاں کہا۔

(جاری ہے)

کال کرنے والے نے اس سے تبصرہ ڈیلیٹ کرنے کا بھی مطالبہ نہیں کیا اور فون بند کر دیا۔


اسی شام  8 بجے سات یا آٹھ افراد اس کے پارلر میں گھس آئے۔ یہ سب ہاکیوں اور ڈنڈوں سے مسلح تھے۔ انہوں نے یو کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ شور سن کر یو کا شوہر باہر آیا ، جس کے بعد بات بڑھ گئی۔بدمعاشوں نے یو کے شوہر کے سر پر ڈنڈوں کے وار کیےاور اسے بری طرح زخمی کر دیا۔ پولیس کے آنے سے پہلے یہ بدمعاش فرار ہوگئے۔یو کے شوہر کوہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس کے دماغ پر اچھی خاصی چوٹیں لگی تھیں لیکن اب اس کی جان خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے جب آن لائن ریسٹورنٹ سے رابطہ کیا تو اس کے مالک نے یو کے گھر آدمی بھیجنے کا اعتراف کرلیا۔ مالک کا کہنا تھا کہ اس کے کاروبار کو دوسرے ریسٹورنٹ سے کافی مقابلہ کرنا پڑتا ہے، ایسے میں منفی تبصرے اس کے کاروبار کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ اس تبصرے کو ہٹانے کے لیے ہی اس نے آدمی بھیجے تھے۔ پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔
پچھلے سال چین میں چینگڈو کے ایک ریسٹورنٹ نے بھی منفی تبصرے پر ردعمل دیتے ہوئے غیر مطمئن  صارف کے گھر کے دروازے کو توڑ دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu