وقت پر کھانا پہنچانے میں ناکامی پر، ڈیلیوری بوائے نے برے تبصرے کے ڈر سے خاتون کو لہولہان کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 11 اکتوبر 2017 23:16

وقت پر کھانا پہنچانے میں ناکامی پر، ڈیلیوری بوائے نے برے   تبصرے  کے  ڈر سے خاتون کو لہولہان  کر دیا
ہینان، چین کی ایک عورت کے لیے ہفتے کا دن کافی خراب رہا۔ ایک تو اُنہوں نے کھانے کا جو آرڈر دیا تھا، وہ 2 گھنٹے بعد بھی نہیں آیا ور پھر  ڈیلیوری بوائے نے انہیں مار مار کر لہولہان کر دیا، جس کے بعد انہیں  ہسپتال بھی جانا پڑا۔
شیاؤ ہی نامی ایک  خاتون نے ہفتے  کی شام کو ایک مقبول ریسٹورنٹ  کے پلیٹ فارم سے کھانے کا آرڈر دیا۔ ہائیکو شہر میں یہ ریستوران ان کے فلیٹ سے صرف دس منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔

انہیں  امید تھی کہ کھانا آنے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی لیکن  حال ہی میں یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے والی خاتون کو کھانے کے لیے کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔ انہوں نے کئی بار ڈیلیوری بوائے کو کھانے کے لیے فون کیا، مگر ہر بار ڈیلیوری بوائے نے انہیں بدتمیزی سے جواب دیا۔

(جاری ہے)

دوگھنٹے بعد  شیاؤ ہی خود ریسٹورنٹ چلی گئی۔ ڈیلیوری بوائے  اسے ریسٹورنٹ کے باہر  مل گیا۔

اس نے ڈیلیوری بوائے سے اس کا نام پوچھا تو ڈیلیوری بوائے کو لگا کہ وہ اس کے بارے میں برا ریویو  لکھے گی۔ یہی سوچ کر ڈیلیوری بوائے نے اپنے موٹر سائیکل کا لاک نکالا اور اس سے شیاؤ ہی کو مارنا شروع کردیا۔ خوش قسمتی سے  ریسٹورنٹ کا مالک  فوراً ہی آ گیا،جس نے شیاؤ ہی کو ڈیلیوری بوائے  سے بچایا۔ شیاؤ ہی کو اچھے خاصے زخم لگے تھے۔ انہیں ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں علاج پر ان کے 2000 یوان خرچ ہوگئے۔ریسٹورنٹ نے ڈیلیوری بوائے کو فوراً ہی ملازمت سے نکال دیا تھا۔ پولیس اب اس کی تلاش کر رہی ہے۔
چین میں پچھلے ماہ ایک خاتون کے ریسٹورنٹ کے بارے میں برا تبصرہ لکھنے پر ، ریسٹورنٹ نے  اپنے بدمعاشوں سے خاتون کے شوہر کو بری طرح زخمی کرا دیا تھا۔ خاتون کا شوہر مرتے مرتے بچا تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu