مصر،خوفو کے ہرم میں بڑے خلا کی موجودگی کا انکشاف

جاپانی اور فرانسیسی سائنس دانوں نے اہرام پر دو سال تحقیق کر کے اس خلا کا سراغ لگایا

جمعہ 3 نومبر 2017 12:00

مصر،خوفو کے ہرم میں بڑے خلا کی موجودگی کا انکشاف
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2017ء) وقت گزرنے کے ساتھ اہرامِ مصر کے بھیدوں میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ تازہ ترین تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ خوفو کے ہرم میں ایک بہت بڑا خلا موجود ہے۔فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس خلا کا مقصد کیا ہے اور آیا اس کے اندر کوئی چیز بھی موجود ہے یا نہیں کیوں کہ اس تک رسائی کا راستہ نہیں ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق جاپانی اور فرانسیسی سائنس دانوں نے اہرام پر دو سال تحقیق کر کے اس خلا کا سراغ لگایا ہے۔انھوں نے اس مقصد کے لیے میوگرافی کی تکنیک استعمال کی جس کی مدد سے چٹانوں کی اندرونی ساخت کا پتہ چلایا جاتا ہے۔خوفو کے ہرم میں تین چیمبر اور کئی راستے بنے ہوئے ہیں۔ ان میں سے سب سے بڑا چیمبر گرینڈ گیلری کہلاتا ہے اور یہ 154 فٹ چوڑا اور 26 فٹ اونچا ہے۔

(جاری ہے)

پیرس میں واقع ایچ آئی پی انسٹی ٹیوٹ کے مہدی تیوبی نے کہاکہ ہمیں معلوم نہیں کہ یہ خلا افقی ہے یا ترچھا بنا ہوا ہے، یا آیا یہ ایک ہی کمرہ ہے یا کمروں کا سلسلہ ہے۔ لیکن جو ہم جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہرم کے اندر اتنا بڑا خلا موجود ہے۔ یہ بہت متاثر کن ہے، اور اب تک (اہرام کی تعمیر کے سلسلے میں) پیش کیے جانے والے کسی نظریے کے اندر اس کی توقع نہیں تھی۔

معروف امریکی ماہرِ آثارِ قدیمہ مارک لیہنر نے سکین پِرامڈ کے کام کا جائزہ لیا اوربتایاکہ ہو سکتا ہے یہ اس قسم کا خلا ہو جسے مستریوں نے گرینڈ گیلری کی چھت پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے کے لیے چھوڑ دیا ہو۔تاہم سائنس دانوں کی ٹیم کے سربراہ ہینی ہلال کا خیال ہے کہ یہ خلا اتنا بڑا ہے کہ اس کا صرف بوجھ کم کرنے کے لیے استعمال قرینِ قیاس نہیں ہے۔ 'ہم اہرام کی اندرونی ساخت کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ماہرینِ مصر اور ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے پاس چند نظریات موجود ہیں۔ ہم انھیں ڈیٹا فراہم کر رہے ہیں۔ وہ ہمیں بتائیں گے کہ اس خلا کا مقصد کیا ہے۔'

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu