صرف 55 ڈالر کی فیس ادا نہ کرنے پر عورت کو کئی ہفتے جیل میں گزارنے پڑے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 9 نومبر 2017 23:49

صرف 55 ڈالر کی فیس ادا نہ کرنے پر عورت کو کئی ہفتے جیل میں گزارنے پڑے

کولوراڈو سے تعلق رکھنے والی ایک عورت کے قبضے سے میتھامفیتامین  کی انتہائی معمولی مقدار برآمد ہونے پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔کولوراڈو کی امریکن سول لبرٹیز یونین کے مطابق اس عورت کو کئی ہفتوں تک صرف اس وجہ سے جیل میں رہنا پڑا کہ  اس کے پاس کاؤنٹی کی پری ٹرائیل سروس فیس کی ادائیگی کے لیے 55 ڈالر نہیں تھے۔
اس مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اگرچہ جج لوگوں کو ذاتی ضمانت پر چھوڑ دیتے ہیں لیکن  الپاسو کاؤنٹی کی فیس غیر منصفانہ طور پر لوگوں کو جیل میں رکھنے کی وجہ ہے۔

  کاؤنٹی کے ریکارڈ سے پتا چلا ہے کہ اس خزاں میں 50 افراد کو فیس نہ ہونے کی وجہ سے جیلوں میں رکھا گیا ۔
اٹارنی کا کہنا ہے کہ 26سالہ جیسمین   کو جج نے   کورٹ میں حاضر ہونے کی یقین دہانی کے بعد ذاتی ضمانت پر چھوڑ دیا تھا لیکن اسے فیس  کی عدم ادائیگی کے باعث اسے 27 دنوں تک جیل میں رہنا پڑا۔

(جاری ہے)

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ضمانت کے کاغذات میں کسی قسم کی معاشی پابندی یا فیس  کی ادائیگی کا ذکر نہیں ہے۔


جیسمین کے وکیل نے بتایاکہ جیسمین کو جنوری میں  میتھامفیتامین  کے  ایک گرام کا تقریباً تیسرا حصہ رکھنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔جب وہ جیل میں تھی تو اس کے بچے کیئرہوم میں تھے ۔کاؤنٹی کے حکام نے جج کو بتایا کہ 55ڈالر کی فیس  کاؤنٹی کے  ضمانت کے کمشنر کے علاوہ کوئی معاف نہیں کرسکتا۔جیسمین کے وکیل کا کہنا ہے کہ فیس نہ ہونے کی وجہ جب اس کی موکلہ کو جیل میں زیادہ دن ہوگئے تو اس نے اعتراف جرم کرلیا تاکہ وہ جلد جیل سے باہر آکر اپنے بچوں کو تحویل کا مقدمہ تو لڑ سکے۔


وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جو لوگ کاؤنٹی کی فیس ادا نہیں کر سکتے وہ جیل میں اوسطاً 10.6 دن گزارتے ہیں۔ کچھ لوگ تو جیل میں ایک ماہ سے زیادہ رہے ہیں جبکہ ایک شخص کو اسی وجہ سے جیل میں 100 دن سے بھی  زیادہ گزارنے پڑے۔
ال پاسو کاؤنٹی کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ اس مقدمے کاجائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کاؤنٹی کی 55 ڈالر فیس ختم کرنے کی درخواست کریں گے۔
کاؤنٹی کا کہنا ہے کہ مقدمے سے پہلے پری ٹرائیل فیس سے لوگوں کو مقدمات کی تاریخ یاد کرانے والے اوردیگر سٹاف کے اخراجات پورے ہوتے ہیں، اسی رقم سے  شراب نوشی چھڑانے کےپروگرام کیےجاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu