برطانوی حکومت نے وزیر”تنہائی“ بھی مقرر کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 19 جنوری 2018 16:33

برطانوی حکومت نے وزیر”تنہائی“ بھی مقرر کر دیا

ایک سال سے زائد عرصہ گزرا جب برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔یورپی لوگوں نے اس بات کا بہت تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے  برطانوی ایک بالکل الگ تھلگ تنہا جزیرے پر بسنے والی قوم بن کر رہ جائیں گے۔لیکن ایک تحقیق کے مطابق برطانیہ میں تنہائی اس وقت کافی گمبھیر مسئلہ بن چکی ہے۔ 2017 میں Jo Cox Commission on Loneliness کی طرف سے شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق  برطانیہ میں 9 ملین سے زائدافراد اکثر یا ہمیشہ خود کو تنہا محسوس کرتے ہیں۔


اس مسئلہ کے بڑھنے کی وجہ سے وزیراعظم تھریسا مئے نے بدھ کے روز ایک وزیر تنہائی مقرر کر دیا ہے۔ حکومت نے سیاست دان، انڈرسیکرٹری فار سپورٹس  اینڈ سول سوسائٹی، ٹریسی کروچ کو وزیر تنہائی مقرر کیا ہے۔ مس تھریسا نے ایک بیان میں کہا، "جدید طرز زندگی میں بہت سے لوگوں کے لیے تنہائی ایک افسردہ حقیقت ہے۔

(جاری ہے)

میں چاہتی ہوں کہ ہمارے معاشرے کو درپیش اس چیلنج کا سامنا کیا جائے اور ہم سب سن رسیدہ لوگوں،  دیکھ بھال کرنے والوں اور جن لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے،ایسے لوگوں سے بات چیت کرکے ان کی  تنہائی کو دور کریں جن کے ساتھ بات کرنے والا کوئی نہیں ہے یا وہ جو اپنے خیالات اور تجربات کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرتے۔

"
برطانیہ میں بڑھتی ہوئی تنہائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گورنمنٹ کی طرف سے کی گئی ریسرچ کے مطابق برطانیہ میں تقریباً 2 لاکھ سے زیادہ افراد نے ایک ماہ یا اس سے زیادہ عرصے سے اپنے دوستوں یا رشتے داروں سے بات نہیں کی۔

Browse Latest Weird News in Urdu