چھیڑنے پر سعودی خاتون نے ایک شخص کو تین فلائنگ ککس جڑ دیں

Ameen Akbar امین اکبر پیر 19 مارچ 2018 02:38

چھیڑنے پر سعودی خاتون نے ایک شخص کو تین فلائنگ ککس جڑ دیں

حال ہی میں سعودی ٹویٹر پر ایک ویڈیو عربی ہیش ٹیگ #فتاۃ_تضرب_شاب_بجدۃ (یعنی جدہ میں لڑکی نے لڑکے کو پیٹ دیا) کے ساتھ بہت زیادہ وائرل ہو رہی ہے۔ سعودی صارفین نے اس ویڈیو پر سخت ردعمل دیا ہے۔
پچھلے ماہ کے آخر میں سامنے آنے والی  ویڈیو ایک سعودی ریسٹورنٹ کے سی سی ٹی وی کیمرہ سے لی گئی ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص ریسٹورنٹ میں داخل ہونے کے بعد ایک خاتون کو کچھ کہتا ہے ، جس پر وہ اسے کوئی چیز غالباَ موبائل یا والٹ پھینک کر مارتی ہے۔

اس کے بعد اس شخص کو دو فلائنگ ککس لگاتی ہے۔ تیسری بار وہ اسے مکا مارنے کی کوشش کرتی ہے لیکن وہ شخص خود کو بچاتے ہوئے اس کی کمر پر ہلکی سی  ضرب لگانے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔ اور پھر ریسٹورنٹ میں موجود ایک شخص مداخلت کرتے ہوئے اس آدمی کو پکڑ کر ایک سائیڈ پر لے جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پہلی نظر دیکھتے ہی یہ ایک غیر معمولی واقعہ نظر آتا ہے کیونکہ عموماً خواتین کی طرف سے اس طرح کی لڑائی  کے مناظر صرف فلموں میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔

لیکن اس ویڈیو کی وجہ سے حقیقت اس کے برعکس ثابت ہوئی ہے۔ ایسا پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے کہ ایک عام خاتون اس طرح ہوا میں اچھل کر ایک شخص پر وار کر رہی ہے۔ ابھی تک یہ علم نہیں ہوسکا کہ اس واقعہ کی اصل وجہ کیا تھی جس کی بنا پر اس خاتون کو مجبور ہوکر آدمی کو فلائنگ ککس لگانا پڑیں۔
مذکورہ ویڈیو پر سعودی صارفین کا ملاجلا ردّعمل سامنے آیا ہے۔

کچھ افراد کے نزدیک یقیناً اس خاتون کو ہراساں کیا گیا ہوگا۔زیادہ تر لوگوں نے خاتون کے حوصلے کی داد دی ہے۔جبکہ کچھ کے نزدیک ایسا ردعمل صنف نازک کو زیب نہیں دیتا۔ کچھ لوگ اس خاتون کو 'سعودی بروس لی' کا نام دے رہے ہیں۔ بہرحال مرد حضرات اس ویڈیو کو دیکھ کر پریشان بھی ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق ڈرائیونگ اور کھیلوں میں حصہ لینے کے بعد خواتین اب اتنی مضبوط بھی ہوگئی ہیں کہ اب سرعام کسی مرد کی پٹائی بھی کر سکتی ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu