نابینا شخص نے سکیٹنگ کر کے ثابت کر دیا کہ دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 27 اپریل 2018 22:39

نابینا شخص نے سکیٹنگ کر کے ثابت کر دیا کہ دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا
کہا جاتا ہے کہ نابینا افراد بھی نارمل افراد کی طرح زندگی گزار سکتے ہیں اور وہ سب کام کر سکتےہیں جو عام  صحت مند افراد کر سکتے ہیں لیکن سکیٹنگ کرنا نابینا افراد کے بس کی بات نہیں۔ 20سالہ نابینا شخص نے ثابت کیا ہے کہ لوگ غلط کہتے ہیں، نابینا افراد بھی سکیٹنگ کر سکتے ہیں۔
دی بلائنڈ رائیڈر کے نام سے مشہور مارسیلو لوسارڈی کی   بصارت دو سال قبل  Leber hereditary optic neuropathy یا LHON نامی جنیاتی بیماری کی وجہ سے  مکمل طور پر ختم ہو گئی تھی۔

اس بیماری کا ابھی تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوا ۔
ارجنٹائن میں پیدا ہونے والے مارسیلو اس وقت   سانتیاگو دے کومپوستیلا ، سپین میں رہتے ہیں۔ مارسیلو کی نظر اتنی تیزی سے کم ہوتے ہوئے ختم ہوئی کہ وہ  اس کے مطابق خود کو ڈھال نہیں سکے۔

(جاری ہے)

وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے ۔ وہ  آنکھوں کے بغیر جینے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔خوش قسمتی سے اُن کے دوست کے والد آگے آئے اور انہیں ڈپریشن سے نکلنے میں مدد دی۔

انہوں نے ہی  مارسیلو میں حالات کا مقابلہ کرنے کی ہمت پیدا کی۔بتدریج مارسیلو نے واپس سکیٹ پارک جانا شروع کر دیا۔ وہاں پر موجود ان کے دوستوں نے  انہیں  احساس تک نہ ہونے دیا کہ وہ ان سے الگ  ہیں۔مارسیلو نے نابینا ہوتے ہوئے دوبارہ سے  سکیٹنگ  کی مشق شروع کر دی۔ اس بار سکیٹنگ کرنا اُن کے لیے بالکل مختلف تھا۔ اس سے پہلے تو وہ صرف اپنا توازن برقرار رکھتے تھے اور سکیٹنگ شروع کر دیتے  تھے لیکن بصارت ختم ہونے کے بعد  انہیں  اپنے اردگرد کے ماحول کو پہلے اچھی طرح یاد کرنا پڑتا ہے۔

مارسیلو کا کہنا ہے کہ سکیٹنگ کرتے ہوئے اس کے ساتھ موجود لوگ ان کی ہمت بندھاتے ہیں، انہیں ماحول کی معلومات دیتے ہیں اور کبھی کبھی وہ اپنی سفید چھڑی کا استعمال بھی کرتے ہیں۔
اپنے دوستوں کی مدد سے مارسیلو اب نہ صرف دوبارہ سے سکیٹنگ کر سکتے ہیں بلکہ اب تو ایسے کرتب بھی کر سکتے ہیں جو بہت سے عام لوگ نہیں کر سکتے۔
مارسیلو کو امید ہے کہ ایک دن کوئی نہ کوئی اس بیماری کا علاج ڈھونڈے گا جس کے بعد وہ پھر سے دیکھ سکیں گے۔ تب تک وہ اپنے ساتھ موجود لوگوں کو اپنی مہارت سے متاثر کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu