شادی کارڈ وائرل،بیوی کا انوکھا نام شادی سے پہلے ہی دلہا کے لیے مصیبت بن گیا۔ لوگوں کی فون کالز کا تانتا بندھ گیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 17 مئی 2018 23:23

شادی کارڈ وائرل،بیوی کا انوکھا نام  شادی سے پہلے ہی دلہا کے لیے مصیبت بن گیا۔ لوگوں  کی فون کالز کا  تانتا بندھ گیا
کیرالہ میں کوزی کوڈ کا رہائشی ویبھیش  اپنی شادی کا کارڈ وائرل ہونے کے بعد بے تحاشا فون کالز آنے پر تنگ آ گیا ہے۔نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ  ویبھیش اب پولیس میں شکایت درج کرانے لگا ہے۔ لوگوں  کے فون کالز  کی  وجہ ویبھیش کی بیوی کا غیر معمولی نام ہے۔لوگ ویبھیش سے اس کی بیوی کے غیر معمولی نام کا مطلب اور تلفظ جاننا چاہتے ہیں۔
ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ پریشان کن صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ویبھیش کی شادی کے کارڈ والی تصویر واٹس ایپ پر گردش کرنے لگی۔

جس کے نتیجے میں فون کالز کی بھرمار ہو گئی اور ہر شخص یہی جاننا چاہتا تھا کہ اس کی بیوی کے نام 'Dhynoorhanagithy' کا مطلب اور تلفظ کیا ہے۔
ویبھیش کے شادی کارڈ کی تصویر  پہلے  اُن کے خاندان کے  وٹس ایپ گروپ میں شیئر ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد یہ بڑی تیزی سے وائرل ہونے لگی۔ انڈین ایکسپریس کا کہنا ہے کہ کسی نے  شادی کارڈ پر بڑے واضح لفظوں میں لکھا تھا کہ جو شخص بھی اس کی بیوی کے نام  کا تلفظ صحیح طور سے ادا کرے گا صرف وہی اس شادی پر مدعو ہوگا۔


شادی کارڈ کی تصویر جب ہر طرف گردش کرنے لگی تو لوگوں نے ویبھیش اور اس کے والد ویلادھن کو فون کرنا شروع کر دیا کیونکہ کارڈ پر انہی دونوں کے فون نمبر درج تھے۔
فون کالز  کے اسی سلسلے میں چند افراد نے ویبھیش کو گالیاں دینا اور برا بھلا کہنا شروع کیا تو ویبھیش نے سائبر سیل میں شکایت درج کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ویبھیش نے ٖ بتایا کہ "گزشتہ تین دن سے میرا فون بجنا بند نہیں ہوا ہے۔

سب لوگ میری بیوی کے نام کا مطلب جاننا چاہتے ہیں۔ پہلے تو کوزی کوڈ سے کسی نے فون کیا پھر کانور سے کال آئی۔ اب مجھے مختلف علاقوں سے بہت سے لوگ مسلسل فون کر رہے ہیں۔ اب معاملہ برداشت سے باہر ہو چکا ہے۔"
دھیانورہاناگیتھی (دلہن کا نام) کا کہنا ہے کہ میرے والد ادبی ذوق کے حامل شخص ہیں اور وہ میرا نام بہت منفرد قسم کا رکھنا چاہتے تھے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu