بلاکس ووکس سے پُرشور مقام پر بھی اپنی فون کال کو پرائیویٹ رکھیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 25 مئی 2018 23:48

بلاکس ووکس سے پُرشور مقام پر بھی اپنی فون کال کو پرائیویٹ رکھیں

ہم میں سے اکثر لوگ پرہجوم جگہوں (چاہے دفتر ہو یا کوئی عوامی مقام) پر فون کال پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کتراتے ہیں کہ باقی افراد کے کانوں تک ہماری باتیں نہ پہنچ جائیں ۔ اسی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے بلاکس ووکس نامی ایک خصوصی ماسک بنایا گیا ہے۔ اس ماسک  کو لگانے کے بعد آپ فون کال پر جتنا اونچا بولنا چاہیں بول سکتے ہیں، آپ کی گفتگو صرف فون ریسیو  کرنے والے کے کانوں تک ہی پہنچ پائے گی۔


بلاکس ووکس دراصل تجارتی ٹیکنالوجی کے ماہر گریگ امہوئفر کی ایجاد ہے جو گزشتہ چند سالوں سے دفتری ماحول میں فون کال کی پرائیویسی کے مسئلہ کو حل کرنے میں مصروف تھے۔ اس مسئلہ سے جب وہ خود دوچار ہوئے تو انہیں احساس ہوا کہ اس کا حل بھی ہونا چاہیے۔ دفتری اوقات میں جب بھی فون کال آتی، انہیں اپنی ڈیسک سے اٹھنا پڑتا، کوئی تنہا گوشہ ڈھونڈ پڑتا اور اپنا لیپ ٹاپ بند کرنے و دیگر اشیاء کو سنبھال کر رکھنا پڑتا۔

(جاری ہے)

اس لیے انہوں نے اس مسئلہ کا عملی حل تلاش کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔
اپنی غیر معمولی ایجاد کے بارے میں بتاتے ہوئے امہوئیفر نے بتایا کہ 75 پروٹو  ٹائپس اور بےشمار گھنٹے ٹیسٹنگ اور ڈیزائننگ میں گزارنے کے بعد وہ دفاتر میں پیش آنے والے اس عام مسئلہ کے حل تک پہنچ ہی گئے۔
بلاکس ووکس آواز کو اردگرد کے لوگوں سے خفیہ رکھنے کا ایک ماسک ہے۔

منہ پر یہ ماسک لگانے کے بعد اپنی ہینڈز فری یا ہیڈ فون اس ڈیوائس میں لگا لیں اور پھر دل کھول کر جتنی اونچی آواز میں گفتگو کرنا چاہیں کر لیجیے کیونکہ آپ کی آواز صرف فون کال پر دوسری طرف موجود شخص ہی واضح طور پر سن پائے گا۔ آپ کے اردگرد موجود افراد کے کانوں تک آپ کی گفتگو کا ایک لفظ بھی پہنچنا ناممکن ہے۔
گریگ امہوئفر نے کک سٹار نامی ویب سائٹ پر اس ڈیوائس کی پروڈکشن کے لیے فنڈز جمع کرنے شروع کر دئیے ہیں۔

انہیں اس کی پروڈکشن کے لیے 25 ہزار ڈالردرکار ہیں۔ 21 جولائی تک جاری رہنے والے اس مہم میں اب تک 3,526 ڈالر ہی جمع ہوئے ہیں۔ کک سٹارٹر پر  آرڈر بک کرانے والے کو یہ ماسک 50 ڈالر میں دیا جائے گا اس کے بعد اس کی قیمت 100 ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
بلاکس ووکس آواز کو خود تک محدود رکھنے والا پہلا ماسک نہیں ۔  اس سے قبل ہشمی نامی کمپنی نے بھی اسی طرح کا ماسک بنایا تھا ۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu