سعودی عرب کے فیشن شو میں ماڈلز کی جگہ ڈرونز نے لے لی

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 9 جون 2018 23:46

سعودی عرب کے فیشن شو میں ماڈلز کی جگہ ڈرونز نے لے لی

سعودی عرب کے ایک لگژری ہوٹل میں منعقدہ  فیشن شو میں انسانی ماڈلز کے بجائے ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔ یہ ڈرون ماڈلنگ رن وے پر کپڑوں  اور دیگر چیزوں کی نمائش کرتے رہے۔
سعودی عرب میں ریڈ سی آر سی کمپنی نے فیشن شو میں ماڈلز کے بجائے ڈرونز کا انتخاب کیا۔ کمپنی کے لیڈر محمد الجیفری نے اتوار کے روز ہونے والی اس تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں جن میں ڈرونز کپڑوں اور دیگر اشیاء کی نمائش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔


ماہ رمضان میں  جدہ شہر میں ہونے والے اس سالانہ فیشن شو کے بارے میں ایک ترجمان نے سی این این کو بتایا کہ انہوں نے اس سال خواتین ماڈلز کے بجائے ڈرونز کا استعمال کرکے تھوڑی تبدیلی لانے کی کوشش کی ہے۔
اس انوکھے فیشن شو کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر عام ہو گئی ہیں جن میں ہوا میں لہراتے لباس دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے بھوت کپڑوں سمیت ماڈلنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)


متحدہ عرب امارات میں اسلامک فیشن اینڈ ڈیزائن کونسل کی چیئرپرسن عالیہ خان نے کہا کہ ڈرونز پر کپڑے لٹکانے کی وجہ سے لباس کی شکل و خوبصورتی پر فرق پڑا۔
عالیہ کا کہنا تھا کہ روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا بہت اچھی بات ہے۔ فیشن ایک تخلیقی شعبہ ہے اور وہ کچھ الگ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم مذکورہ تقریب میں ڈرونز کے ذریعے کپڑوں کی نمائش کی حوصلہ افزائی کرنا یا اسے دوبارہ دیکھنا وہ پسند نہیں کریں گی۔ ان کے نزدیک اس طرح ڈرونز پر لٹکنے کی وجہ سے لباس اپنی بناوٹ اور خوبصورتی کھو بیٹھتے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu