کھڑکی سے لٹکتے بچے کو بچانے کے لیے آدمی پانچ منزلیں اوپر چڑھ گیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 13 جون 2018 23:58

کھڑکی سے لٹکتے بچے کو بچانے کے لیے آدمی پانچ منزلیں اوپر چڑھ گیا

کھڑکی سے لٹکتے بچے کو بچانے کے لیے آدمی پانچ منزلیں اوپر چڑھ گیا
سپائیڈر مین چین کے اس بہادر شخص کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا جس نے ایک عمارت کی پانچ منزلیں بغیر کسی حفاظتی اقدام کے اوپر چڑھ کر کھڑکی سے لٹکتے بچے کی جان بچا لی۔ سوشل میڈیا پر اس ہیرو کی ویڈیو گردش کرنے لگی جس نے بہت سے لوگوں کے دل جیت لیے۔
جنوبی چین کی ژیجیانگ کاؤنٹی میں 6 جون کو ایک دو سالہ بچہ عمارت کی پانچویں منزل کی کھڑکی سے باہر لٹک رہا تھا۔

لڑکے کا سر کھڑکی میں پھنسا تھا جس کی وجہ سے وہ فوری طور پر نیچے گرنے سے محفوظ تھا۔
اس بچے کی مدد کے لیے آگے بڑھنے والے شخص نے بغیر کسی حفاظتی گیئر کے عمارت پر اس کی کھڑکیوں کے ذریعے چڑھنا شروع کیا۔ اس بہادر شخص کا نام ژانگ چن بتایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس نے بچے کو واپس کھڑکی سے اندر کی طرف دھکیلا اور اس طرح اس کی جان بچا لی۔
مذکورہ لڑکے کو اس کی دادی نے گھر پر اکیلا چھوڑ دیا تھا جس پر پولیس نے بعد میں اسے سخت وارننگ جاری کی۔


اایک ٹوئٹر صارف نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے بے غرضی کا اعلیٰ نمونہ قرار دیا جبکہ ایک دوسرے صارف کا کہنا تھا کہ چینی حکومت کی طرف سے اس شخص کو بہادری پر میڈل ملنا چاہیے۔
دو ہفتے قبل اسی طرح کا ایک واقعہ پیرس میں بھی پیش آیا جب مالی کے ایک مہاجر مامودو گاساما نے ایک عمارت پر چڑھ کر بالکنی سے لٹکتے چار سالہ بچے کی جان بچائی۔ اس موقع کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مسٹر گاساما کو سوشل میڈیا پر ہیرو کا خطاب دیا گیا تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu