جینز پہننے کی اجازت نہ دینے پر بیوی نے بیٹیوں کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرا دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 29 جون 2018 23:42

جینز پہننے کی اجازت نہ دینے پر بیوی نے بیٹیوں  کے ساتھ مل  کر شوہر  کو قتل کرا دیا
ایک بھارتی عورت اور اس کی چار بیٹیوں نے  جینز پہننے کی اجازت نہ دینے پر  اپنے شوہر/باپ کو قتل کرنے کے لیے قاتل کی خدمات حاصل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
پولیس  سب انسپکٹر  مہربان علی کا بے جان جسم شاہ جہان پور، اتر پردیش میں اس کے گھر سے 250 میٹر کے فاصلے پر واقعے سیوریج کے نالے سے ملا تھا۔ جب قتل کی تحقیقات ہوئیں تو پولیس کو جلد ہی اندازہ ہو گیا کہ اس قتل میں گھر والے ملوث ہو سکتے ہیں۔

علاقے میں لگے نگرانی کے کیمروں اور گھر کے تمام افراد کے فون کالز کی تحقیق کرنے سے ہی یہ کیس حل ہوگیا۔ اس کے بعد مہربان علی کی بیوی اور بیٹیوں نےاعتراف جرم  بھی کر لیا۔
صدر بازار پولیس سٹیشن کے انسپکٹر دیا چند شرما  نے بتایا کہ مہربان علی کی  لاش گھر کے قریب سے ملنے پر ہی انہیں گھر والوں پر شک ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

انسپکٹر دیا چند نے جب مہربان علی کی بیوی زاہدہ کا نمبر چیک کیا تو معلوم ہوا کہ وہ ہر روز  باقاعدگی سے ایک نمبر پر فون کرتی ہے۔

پولیس نے کیمروں کو دیکھا  تو پتا چلا مہربان علی پولیس سٹیشن سے  صبح 10 بجے نکلا اور پونے گیارہ بجے گھر پہنچ گیا۔ اس کے فوراً بعد تحسین اور احسان نامی قاتلوں کو گھر کے اندر داخل ہوتے دیکھا گیا۔اسی شام پانچ عورتوں نے مہربان علی کی لاش موٹر سائیکل پر لوڈ کرنے میں دونوں  قاتلوں کی مدد کی۔ اس کے بعد قاتل لاش کو قریبی   نالے  میں پھینک آئے۔


واضح ثبوتوں کی بنا پر زاہدہ  اور اس کی بیٹیوں کو اعتراف جرم کرنا ہی پڑا۔  ان پانچوں عورتوں نے تحسین اور احسان کو قتل کے بدلے ایک لاکھ بھارتی روپے  دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اس میں سے  آدھی رقم قتل سے پہلے اور آدھی بعد میں دی جانی تھی۔
انسپکٹر دیا چند  کے مطابق مہربان علی کی بیوی اور بیٹیوں نے بتایا کہ وہ اُن پر سختی کرتا تھا، اُن پر سخت پابندیاں لگاتا تھا، ایک پابندی جینز پہننے پر بھی تھی۔

زاہدہ  اور اس  کی بیٹیوں نے سوچا مہربان علی کی موت کے بعد وہ زیادہ آزاد ہو جائیں گی۔ زاہدہ کو مہربان علی کی آدھی تنخواہ پنشن کے طور پر ملے گی، اس کے بعد   مرنے والے پولیس آفیسر کو ملنے والا فنڈ بھی ملے گا اور اس کی ایک بیٹی کو پولیس میں نوکری بھی مل جائے گی۔
52 سالہ زاہدہ، اس کی بیٹیوں 26 سالہ صبا، 22 سالہ زینت، 19 سالہ ارم اور 18سالہ عالیہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دونوں قاتل مفرور ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu