ای بے پر 6 سال پرانا میکڈونلڈ کا برگر برائے فروخت ۔ بولی بڑھنے لگی

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 7 جولائی 2018 23:36

ای بے پر 6 سال پرانا میکڈونلڈ کا برگر برائے فروخت ۔ بولی بڑھنے لگی

اونٹاریو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ای بے پر کچھ حیرت انگیز چیز یں فروخت کے لیے پیش کی ہیں۔ یہ چیزیں چھ سال پرانا میکڈونلڈ کا برگر اور فرائز ہیں، جسے اس شخص نے چھ سال سے شیلف میں رکھا ہوا تھا۔
ویب سائٹ کے اندراج کے مطابق ڈیو الیگزینڈر نے  تفصیل میں لکھا ہے کہ انہیں نہ ہی کھایا گیا اور نہ ہی ریفریجریٹر میں رکھا گیا ہے۔
ڈیو نے سی بی سی ریڈیو کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ فرائز کو دیکھیں تو ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے صبح خریدی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈیو نے بتایا کہ برگر کا رنگ تھوڑا گہرا ہوگیا ہے لیکن اس کا بن اتنا سخت ہو گیا ہے جیسے ہاکی ہوتی ہے جبکہ دیکھنے میں برگر بھی نیا ہی لگتا ہے۔
ڈیو کا کہنا ہے کہ یہ برگر 6 جون 2012 کو خرید کر شیلف میں رکھا گیا تھا۔ اس کا مقصد اس افواہ کی تصدیق کرنا تھا کہ میکڈونلڈ کے کھانے گلتے سڑتے نہیں۔
ڈیو نے بتایا کہ پانچ سال پہلے اس نے گھر کا بنا ہوا برگر اور فرائز بھی میکڈونلڈ کے برگر کے ساتھ ہی رکھے تھے لیکن یہ توقع کے مطابق خراب ہوگئے۔ ڈیو کا کہنا ہے کہ گھر کے برگر اور فرائز کو اب دیکھیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے تارکول ہو۔
ڈیو نے ای بے پر برگر کی قیمت 22.91 ڈالر رکھی تھی۔ اس کی بولی اب 62.65 ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ نیلامی ختم ہونے میں 6 دن باقی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu