ماہرین نے پتا چلا ہی لیا کہ مایا تہذیب کیسے ختم ہوئی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 6 اگست 2018 23:51

800 سے 900 عیسوی کا مایا سلطنت کا شہر تیکال
مایا تہذیب کے خاتمے کے بارے میں کئی  نظریات پیش کیے جاتے رہے ہیں لیکن ان نظریات کی سچائی کے لیے جو ثبوت پیش کیے جاتے رہے ہیں، وہ غیر تسلی بخش  ہیں۔
مایا سلطنت موجودہ دور کے گوئٹے مالا میں واقع تھی۔ زراعت، ظروف سازی، تحریر اور ریاضی میں انہیں کمال حاصل تھا۔ چھٹی صدی عیسوی میں یہ سلطنت عروج پر تھی لیکن 900 عیسوی میں اس کے کئی بڑے شہرویران ہو چکے تھے۔


کئی صدیوں تک محقق اس بات کی کھوج میں لگے رہے کہ آخر اتنی تیزی سے اتنی عظیم تہذیب کا خاتمہ کیسے ہوا۔
ایک جریدے ”سائنس“ میں شائع ہونے والی نئی رپورٹ کے مطابق قابل تعین ثبوتوں سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ مایا تہذیب کا خاتمہ خشک سالی سے ہوا۔
اس نتیجے پر پہنچنے کے لیے ماہرین نے جزیرہ نما یوکاتان کی جھیل چیچانکاناب کا تجزیہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے جھیل کی تہہ میں موجود تلچھٹ کے آکسیجن اور ہائیڈروجن آئسوٹوپ کا تجزیہ کیا۔ یہ جھیل مایا سلطنت کے وسط میں تھی، اس لیے یہاں سے آب و ہوا کا درست نمونہ ملا ہے۔ تجزیے سے پتا چلا ہے کہ جس علاقے میں جھیل ہے، وہاں تقریباً چار سو سالوں تک سالانہ بارشوں میں 41 سے 54 فیصد کمی رہی ہے۔ یہ بھی پتا چلا ہے کہ اس علاقے میں ہوا میں نمی کا تناسب 2 سے 7 فیصد تک گر گیا تھا۔

کم بارشوں اور ہوا میں کم ہوتے نمی کے تناسب نے مایا تہذیب کی زراعت کا تباہ کر دیا۔ چونکہ یہ سلسلہ کئی سو سالوں تک چلتا رہا ہے اس لیے مایا تہذیب کے ہنر مند بھی اپنے کے لیے خوراک کے ذخیروں کا بندوبست نہیں کر سکے۔ یہی چیز بتدریج ان کے خاتمے کا سبب بنی۔
اس سے پہلے ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ جنگلات کی کٹائی سے موسم خشک ہوا، ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوا اور زمین کی زرخیزی ختم ہوگئی، جس سے مایا سلطنت کا خاتمہ ہوا۔
800 سے 900 عیسوی کا مایا سلطنت کا شہر تیکال
تباہ حال مایا مندر

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu